حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 28؍اپریل 2017ء بروز جمعۃ المبارک نمازعصرسے قبل حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم چوہدری ناصر احمد صاحب (آف جلنگھم۔یوکے)کی نمازجنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

مکرم چوہدری ناصر احمد صاحب( آف جلنگھم۔یوکے)

21 اپریل 2017ءکو84سال کی عمرمیں و فات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو غانا اور سیرالیون میں بطور مبلغ سلسلہ طویل عرصہ خدمت کی توفیق ملی ۔مرحوم بہت نیک ، مخلص اور باوفا انسان تھے ۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

نماز جناز غائب:

1۔مکرم کنج احمد ماسٹر صاحب (آف پنگاری کیرلہ۔انڈیا )

15 مارچ 2017کو80سال کی عمرمیں و فات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نے 1962ء میں بیعت کی ۔شدید مخالفت کے باجود ثابت قدم رہے اورایمان میں ترقی کرتے ہوئے مختلف رنگ میں قربانیاں پیش کیں۔بطورزونل امیر،صوبائی زعیم اورمقامی جماعت میں بطورامام الصلوٰۃ کے علاوہ مختلف دیگر حیثیتوں میں پچاس سال تک جماعتی خدمت کی توفیق پائی ۔ملیالم ترجمہ قرآن اوردیگرجماعتی تراجم کے کاموں میں بھی خدمت کا موقعہ ملا۔مرحوم نمازوں کے پابند ، قرآن کریم کے عاشق ، فعال داعی الی اللہ اوربڑے مخلص احمدی تھے ۔ 1989ء میں ضلع کالی کٹ میں غیراحمدیوں کے ساتھ جومباہلہ ہواتھا اس میں اپنی اہلیہ اور بڑے بیٹے کے ساتھ شامل ہوئے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دوبیٹے یادگارچھوڑے ہیں ۔آپ کے ایک بیٹے مکرم مصدق احمد صاحب بطورامیر جماعت بنگلورخدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

2۔مکرم چوہدری غلام محمد صاحب (آف لاہور)

23فروری 2017ءکو وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم صوم و صلوٰ ۃ کے پابند، تہجد گزار اورپرہیزگارانسان تھے۔خلافت سے بہت عقیدت رکھتے تھے۔یہاں ہرسال جلسہ سالانہ پرآتے اور حضورانورسے ملاقات کا شرف حاصل کرتے ۔اولادکو بھی خلافت سے وابستگی سکھائی۔اپنی جماعت میں شعبہ مال میں خدمت کی توفیق پائی ۔بڑے شفیق باپ اوراولادکے لئے دعاؤں کرتے رہتے ۔آڈٹ آفیسرکے عہدے سے ریٹائر ہوئے ۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں چاربیٹے اور تین بیٹیاں یادگارچھوڑی ہیں۔

3۔مکرم عبدالحئی فاروقی صاحب (ابن مکرم عبداللطیف فاروقی صاحب۔کینیڈا)

بقضائے الٰہی کینیڈامیں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم حضرت حکیم محمد حسین صاحب المعروف مرہم عیسیٰ کی نسل سے تھے۔پنجگانہ نمازوں کے پابند،دعاگوانسان تھے۔خلافت کے شیدائی اور خلیفۂ وقت سے محبت اور اطاعت گذاری کا تعلق رکھتے تھے ۔مالی قربانی میں بھی بہت اچھے تھے۔ نہایت شریف النفس، ملنسار،غریب پروراورجماعتی عہدیداران کی اطاعت میں مثالی تھے ۔ آپ خداکے فضل سے موصی تھے ۔

4۔مکرم خالد ہدایت بھٹی صاحب (آف کینیڈا)

28مارچ 2017ءکو87 سال کی عمرمیں کیلگری میں و فات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم صوم و صلوٰ ۃ کے پابند، تہجدگزار، خلافت کے فدائی اور بڑے محنتی انسان تھے۔ لاہور اورپشاورمیں مختلف جماعتی خدمات بجالاتے رہے ۔ الفضل میں آپ کی نظمیں بھی چھپتی رہی ہیں ۔ مرحوم مکرم شیخ عبدالقادر صاحب سابق سوداگرمل کے داماد تھے ۔آپ خداکے فضل سے موصی تھے۔

5۔مکرم نعیم الرحمن صاحب (ابن مکرم حکیم عطاء الرحمن صاحب مرحوم معلم وقف جدید۔ربوہ)

19 فروری 2017 ءکو 59 سال کی عمر میں وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے ایف اے تک تعلیم حاصل کی۔ وقف جدید کے معلم رہے ۔ وکالت علیاء میں بھی ایک سال تک بطور محرر کام کیا۔ نیز طاہر آباد ربوہ کے پلاٹوں کی فروخت اور ریکارڈ وغیرہ کا کام کرتے رہے ۔ مرحوم بہت خیال رکھنے والے ، غرباء کے ہمدرد ، بہت نیک اور مخلص انسان تھے ۔آپ مکرم ضیاء الرحمان صاحب (کارکن وقف جدید) اور مکرم حافظ حفیظ الرحمان صاحب (مربی سلسلہ۔نائب ناظر بیت المال خرچ) کے بھائی تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button