خطبہ نکاح

خطبہ نکاح

فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 17 جنوری2016ء بروز اتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاح کا اعلان فرمایا۔

خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا۔

اس وقت مَیں ایک نکاح کا اعلان کروں گاجو عزیزہ افشاں محمودبنت مکرم خالد محمود صاحب لندن کا ہےجو عزیزم محمدمظہرصاحب کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈحق مہرپر طے پایا ہےجو مربیٔ سلسلہ ہیں۔ کل ہی جامعہ کی جو کانوکیشن ہوئی ہے اس تقریب میں ان کومربیٔ سلسلہ کی سند دی گئی ہے،پاس ہوئے ہیں۔

مربیٔ سلسلہ کی سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہےکہ اپنے نمونے قائم کرے۔اور نکاح اور شادی کا موقعہ بھی ایساہےجس میں گھر سے ہی نمونے قائم کر نے ہوتے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نےفرمایاکہ مرد کی سب سے بڑی گواہ عورت ہوتی ہے، اس کی بیوی ہوتی ہے۔پس جہاں مربیان نےتلقین کرنی ہے۔ ماحول میں، معاشرےمیں، امن اورمحبت کی فضا پیدا کرنی ہے تو ان کو سب سے پہلےاپنے گھر سے اس کی ابتدا کرنی چاہئے- اسی طرح جولڑکی مربیٔ سلسلہ کے گھر میں آرہی ہے، اس کی بیوی بننے والی ہے اس کو بھی یاد رکھناچاہئےکہ مربیٔ سلسلہ نے ایک عہد کیاہے کہ مَیں دوسرو ں کی نسبت زیادہ اس بات کو اہمیت دوں گا کہ دین کو دنیا پر مقدم رکھنا ہے اور میری پہلی ترجیح دین کی خدمت ہے اور اس کے لئے ہر قربانی کے لئےتیار ہوناہے۔ اس لئے مربی کی بیوی کو بھی یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئےکہ بعض دفعہ گھر کے ماحول میں بعض بدمزگیاں اس لئے پیدا ہو جاتی ہیں کہ فلاں بات نہیں ہماری مانی گئی یا فلاں کام نہیں کیا گیا۔گوکہ کام کرنا،بات ماننا،ایک دوسرے سے تعلق رکھنا ان آیات میں بھی یہی ذکر ہے۔رشتوں کا احترام کرنا، اعتماد حاصل کرناضروری ہے۔لیکن مربی کی جو ذمہ داریاں ہیں اس میں اس کی بیوی کو بھی اپناکردار ادا کرنےکی کوشش کرنی چاہئےاور جب یہ ہو گاتو انشاءاللہ تعالیٰ گھر جو ہےپیار اور محبت کی فضا پیدا کرنے والاگھر ہو گا۔ اس میں پیار اور محبت کی فضا قائم ہو گی۔

اللہ کرے کہ آج یہ قائم ہونے والا رشتہ ہر لحاظ سے بابرکت ہواور ان کی آئندہ نسلیں بھی نیکیوں پر چلنے والی ہوں اور جماعت اور خلافت سے پختہ تعلق رکھنی والی ہوں۔ ان الفاظ کے بعد اب مَیں اعلان نکاح کرتاہوں۔

حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا۔

رشتے کےبابرکت ہونے کے لئے دعا کرلیں۔

(مرتبہ۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)

٭…٭…٭ؕ

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button