جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سپین کے 30 ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

(محمد انس احمد۔ مربی سلسلہ سپین)

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
سپینش ،عربی اور اردو زبان میں علمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر۔سرکاری نمائندوں،ممبران پارلیمنٹ ،جرنلسٹس ، پروفیسرز
اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے غیراز جماعت مہمانان کی شرکت
جماعتی لٹریچرا ور قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم اور جماعت سپین کی تاریخی تصاویر کی دیدہ زیب نمائش۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سپین کو اپنا 30 واں جلسہ سالانہ مورخہ 13و14 اکتوبر 2017ء کو مسجد بشارت پیدروآباد میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔جلسہ سے قبل وقارعمل کے ذریعہ مشن ہاؤس کی صفائی ،لنگرخانہ ،رہائش ،زنانہ جلسہ گاہ اور نمائش کے لئے مارکی کے ساتھ دیگر کام کئے گئے۔
مکرم حمید نذیر صاحب نائب امیر سپین نے افسر جلسہ سالانہ کے فرائض انجام دیئے ۔اس سال جلسہ میں شمولیت کے دعوت نامے اخبار میں چھپوائے گئے اور اسی طرح مقامی ریڈیو چینل پر بھی جلسہ میںشمولیت کی دعوت دی گئی۔ اسی طرح دارالحکومت اور ملک کی مختلف اہم شخصیات سے رابطے کیے اور انہیں جلسے میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

مہمانوں کی آمد جلسہ سالانہ سے ایک دن قبل جمعرات سے ہی شروع ہوگئی تھی۔جلسہ سالانہ میں مکرم عصام الخمسی صاحب صدرجماعت مراکش بھی تشریف لائے۔اسی طرح اس جلسہ میں یُوکے اور جماعتی سنٹر سے ملحق علاقوں میں بسنے والے احمدی و غیر احمدی افراد کے علاوہ جماعتی انتظام و ذاتی انتظام کے تحت سپین کی پانچ مختلف جماعتوں سے احباب جماعت و غیراز جماعت احباب طویل سفر اختیار کرکے جلسہ میں شامل ہوئے۔

جلسہ کا پہلا دن

جلسہ گاہ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لندن سے خطبہ جمعہ براہ راست ایم ٹی اے پرسنا۔اس کے ساتھ ہی خطبہ کے لائیوسپینش ترجمہ کا انتظام بھی تھا جس سے غیرازجماعت احباب بھی مستفیض ہوئے۔حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کے بعد مقامی طورپر خطبہ دیا گیا۔

نماز جمہ کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی ۔مکرم عبدالرزاق صاحب امیرجماعت سپین نے جماعتی پرچم لہرایا اور مکرم حمید نذیر صاحب صدر انصاراللہ نے سپین کا قومی جھنڈا لہرایا۔

پہلے سیشن کا آغاز تقریبا پانچ بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔تلاوت قرآن کریم و ترجمہ و نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے جلسہ سالانہ سپین کے موقعہ پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا موصول شدہ پیغام احباب جماعت کو پڑھ کر سنایا۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام


پیارے احبابِ جماعت احمدیہ سپین

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ جماعت احمدیہ سپین کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی سعادت مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو خیروبرکت کا باعث بنائے اور اس کی علمی و روحانی برکات سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ میں نے انصار اللہ یُوکے کے اجتماع کے موقع پر ان کو ایک اہم اور بنیادی چیز کی طرف توجہ دلائی تھی جو اسلام کا بنیادی رکن ہےاور ہر مومن مسلمان پر فرض ہے۔ یہ بنیادی چیز نماز ہے۔ قرآن کریم نے بار بار اس کی تاکید کی ہے۔ آپ کے اس جلسہ سالانہ پر بھی میرا آپ کو یہی پیغام ہے کہ جماعت کا ہر ممبر نمازباجماعت قائم کرنے والا بن جائے۔ اللہ تعالیٰ کا حقیقی عبد بننے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی عبادت کا حق اد ا کیا جائے اور نماز عبادت کی ایک بہترین شکل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا اعلیٰ ذریعہ ہےاور مومن کی روحانی زندگی کی حفاظت کے لئے ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ کی عباد ت ہی وہ طاقت ہے جس کے بل بوتے پر احمدیت نے دنیا میں اسلام کو غالب کرنا ہے۔یہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعہ احمدیت کی گاڑی رواں دواں رہے گی ۔

آپ جو اس جلسہ کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں یہ عہد کریں کہ نماز اپنے وقت پر ادا کریں اور سوائے ان ضروریات کے جن میں اللہ تعالیٰ اجازت دیتا ہے نمازیں جمع نہ کریں۔میں نے پہلے بھی اس طرف کئی دفعہ توجہ دلائی ہے کہ کوشش کریں کہ مسجد جا کر باجماعت نماز ادا کی جائے۔ اگر مسجد نہیں ہے تو نماز سنٹر بنائیں اور وہاں احمدی اکٹھی نماز ادا کریں۔ گھروں میں اپنے بیوی بچوں کے ساتھ نماز باجماعت کا اہتمام کریں ۔ اپنے گھروں کو اس طرح سجائیں کہ وہ عبادت اور ذکر الٰہی سے معمور ہو جائیں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے قرآن کریم کی روشنی میں نماز کا جو نقشہ کھینچا ہے وہ یہ ہے کہ نماز ایسی چیز ہے جو اگر زور لگا کر اور توجہ کے ساتھ کھڑی نہ کی جائے تو گر پڑے گی۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ قرآن کریم میں جو بار بار کہا گیا ہے نماز کو کھڑا کرو اور بڑی کثرت کے ساتھ مختلف طریق پر بیان کیا گیا ہے اس سے اس طرف توجہ دلانی مقصود ہے کہ نماز از خود کھڑی نہیں ہوا کرتی۔ جب بھی آپ اس سے غافل ہو گئے یہ گر پڑے گی۔اس لئے خصوصیت کے ساتھ ہر احمدی کو اپنی نمازوں کی حفاظت کرنی ہے ۔ سارے نظام کو نماز با جماعت کو اولیت دینی ہے ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔

’’نماز ایسی شئے ہے کہ اس کے ذریعہ سے آسمان انسان پر جھک پڑتا ہے۔ نماز کا حق اد کرنے والا یہ خیال کرتا ہے کہ میں مر گیا اور اس کی روح گداز ہو کر خدا کے آستانہ پر گر پڑی ہے…جس گھر میں نماز ہو گی وہ گھر تباہ نہ ہو گا…اس کا حکم ہر روز پانچ دفعہ ادا کرنے کا ہے۔ اس لئے جب تک پوری پوری نماز نہ ہو گی تو وہ برکات بھی نہ ہوں گی جو اس سے حاصل ہوتی ہیں اور نہ اس بیعت کا فائدہ ہو گا۔‘‘

( ملفوظات جلد سوم صفحہ 627۔ ایڈیشن2003ء مطبوعہ ربوہ)

دوسر ی اہم چیز حقوق العباد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حقوق کے ساتھ اس کے بندوں کے حقوق بھی ادا کریں اور وہ آپ اس طرح بھی ادا کر سکتے ہیں کہ آپ ان کو تبلیغ کریں، اسلام کے پُر امن پیغام سےآگاہ کریں اور اپنا عملی نمونہ ان کے سامنے پیش کریں۔ اسلام کی حسین تعلیمات سے ان کو آگاہ کریں۔ دوسرے مسلمانوں نے اپنی حرکات سے جو اسلام کو نقصان پہنچایا ہے آپ اپنے نمونہ سے اس کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ آپ پر اللہ تعالیٰ کا بہت احسان ہے کہ آپ کو خلافت کی نعمت سے نوازا ہے جو دائمی ہے اور قیامت تک جاری رہے گی۔ یہ خلافت جو ہر دم آپ کی راہنمائی کرتی ہے اور اسلام کا دفاع کر رہی ہے اس کی اطاعت اور راہنمائی میں آپ بھی اپنے قدم آگے بڑھائیں اور اسلام احمدیت کی حسین تعلیمات کو سپین میں پھیلائیں اور ان کو احمدیت میں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق دے۔اللہ آپ کو ایمان اور ایقان میں بڑ ھا ئے ۔ اللہ آپ پر اپنے بے شمار فضل نازل فرمائےآمین۔

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

اس کے ساتھ ہی مکرم عبدالسلام چارلس صاحب نائب امیر سپین نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا سپینش زبان میں ترجمہ پڑھ کرسنایا۔

پہلے سیشن میں تین مختلف زبانوں اردو،سپینش اور عربی میں تقاریر ہوئیں۔پہلی تقریراردو زبان میں مکرم عبدالصبور نعمان صاحب مبلغ انچارج نے بعنوان ’’ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بطور داعی اللہ‘‘ کی۔دوسری تقریر سپینش زبان میں مکرم فضل الٰہی قمر صاحب سیکرٹری تبلیغ و امورخارجہ سپین نے بعنوان ” خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں“ کی۔پہلے دن کے سیشن کی آخری تقریر مراکش سے تشریف لائے ہوئے صدرجماعت مکرم عصام الخمسی نے عربی زبان میں بعنوان ”عربوں میں تبلیغ “ کی۔ نیز مشنری انچارج صاحب کی زیر صدارت پہلے سیشن کے اختتام پر مجلس سوال و جواب بھی منعقد ہوئی ۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

جلسہ کے دوسرے دن پہلےسیشن میں مختلف تربیتی موضوعات پر مشتمل تقاریر ہوئیں۔ دوسرے دن کے پہلے سیشن کی صدارت مکرم عبدالسلام چارلس صاحب نائب امیر سپین نے کی۔ پہلی تقریرسپینش زبان میں مکرم عطاءالمنعم طارق صاحب نے بعنوان ”اسلام میں آزادی اور تکمیل ذات “ کی۔اگلی تقریر اردو زبان میں مکرم کلیم احمد صاحب مربی سلسلہ نے بعنوان ”حضرت مسیح موعود ؑ کی عائلی زندگی“ کی۔اس سیشن کی آخری تقریر مکرم عبدالسلام چارلس صاحب نائب امیر سپین نے سپینش زبان میں بعنوان ”یورپین معاشرے کی برائیاں اورنوجوانوں کی اصلاح“ کی۔

سول گورنر کی تشریف آوری

آج صبح اجلاس سے قبل قرطبہ کے نائب سول گورنر جن کا نام juan jose primo jurado ہےاور ان کے ہمراہ عورتوں کے شعبہ کی سیکرٹری Maria بھی تشریف لائیں۔ مکرم عبدالرزاق امیر جماعت سپین ،نائب امیر عبدالسلام چارلس صاحب ،مکرم محمد انس احمدمربی سلسلہ وصدرخدام الاحمدیہ سپین ،مکرم فضل الٰہی قمرصاحب سیکرٹری امورخارجہ اورمکرم ڈاکٹر اعجازاللہ خان صاحب جنرل سیکرٹری سپین نے مسجد کے گیٹ پر انہیں خوش آمدید کیا۔ مکرم امیر صاحب نے گورنر صاحب کو مسجد کی تاریخ اور جماعت کا تعارف کروایا۔ مکرم فضل الٰہی قمر صاحب نے مسجد کے اوپر لکھے ہوئے کلمہ کے بارہ میں بتایا۔ گورنر نے مسجد کے احاطہ میں کھڑے ہو کر کافی سوال پوچھے ۔مکرمہ Maria صاحبہ زنانہ جلسہ گاہ بھی تشریف لے گئیں اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ جلسہ سالانہ کی غرض سے لگائی گئی قرآن کریم کے تراجم خلفائے احمدیت اور سپین کی تاریخ پر مشتمل نمائش بھی دکھائی گئی ۔گورنر صاحب نے قرآن مجید کو کھول کر دیکھا ،چند سوال پوچھے اور بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد گورنر صاحب کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔وہاں پر مکرم امیر صاحب کے ساتھ 45 منٹ تک وقت گزارا۔آخر پر مکرم امیر صاحب نےانہیں قرآن مجیدسپینش ترجمہ اور مختلف جماعتی کتب تحفہ میں دیں۔اس کے ساتھ ہی دو مختلف مقامی ٹی وی چینلز کے ساتھ انٹرویو بھی ہوئے ۔

سپینش سیشن

پروگرام کے مطابق جلسہ کے دوسرے دن دوپہر کے سیشن میں مقامی افراد کے لیے سپینش زبان میں سیشن رکھا گیا تھا۔ آج پروگرام سے قبل ہی لوگ مسجد پہنچنا شروع ہو گئے۔ جہاں انہوں نے قرآن مجید کی نمائش کے ساتھ نمائش میں لگی ہوئی دیگر تاریخی تصاویر اور مختلف جماعتی پروگرامز کی تصاویر دیکھیں۔ مہمانوں کو گروپس کی شکل میں مسجد کا وِزٹ کروایا گیا ۔ ایک بجے مکرم امیر صاحب کی صدارت میں پروگرام شروع ہوا۔ تلاوت کے بعد سینیٹر اور میئر صاحب نے تقریرکی۔انہوں نے امن کے حوالہ سے کئی گئی جماعتی کوششوں کو سراہا ۔

اندلس پارلیمنٹ کے ممبر نے بھی ایڈریس کیا اور جماعت کےبارے میں اچھے خیالات کا اظہار کیا۔یہ جماعت کے اچھے دوست ہیں اورہمارے پروگراموں میں شامل ہو تے رہتے ہیں۔

مہمانوںکےایڈریسز کے بعد مکرم ڈاکٹر عطاالٰہی منصور صاحب نے جماعت کاتعارف پیش کیا۔ امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دنیا بھر میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔ بعد میں مہمانوں کے سوالات کا جواب دیئےگئے۔آخرپر مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ دعا کےساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

مستورات کا سیشن

دوسرے دن لجنہ اماء اللہ نے اپنا الگ اجلاس کیا۔

جلسہ سالانہ کا اختتامی سیشن

نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد مکرم امیرصاحب جماعت سپین کی صدارت میں جلسہ سالانہ کا آخری سیشن شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد پہلی تقریر سپینش زبان میں مکرم حمید احمد نذیر صاحب صدر انصاراللہ سپین نے ”جہاد کا حقیقی تصور“ کے موضوع پر تقریر کی۔ دوسری تقریر اردو زبان میںخاکسار محمد انس احمد مربی سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ سپین نے” انفاق فی سبیل اللہ“ کے موضوع پر کی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ سپین نے اختتامی تقریر کی۔ آپ نے اطاعت کے حوالہ سے حضور ایدہ اللہ کے ارشادات پیش کیے ۔حضور ایدہ اللہ کے پیغام کے حوالہ سے آپ نے تبلیغ اور قیام نماز کے متعلق توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے دونوں دن تہجد باجماعت کا اہتمام کیا گیا۔نیز درس القرآن اور درس الحدیث کا بھی انتظام تھا۔

جلسہ سالانہ کو میڈیا نے کوریج دی۔لوکل ریڈیو سٹیشن نے بھی جلسہ کا چرچا کیا۔الحمدللہ

جلسہ سالانہ کی کل حاضری 276 رہی۔ 76 غیرازجمات مہمان شامل ہوئے۔

ارئین سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ سپین کی مساعی میں برکت دے اور ان کے شیریں ثمرات سے نوازے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button