یورپ (رپورٹس)

مختصر عالمی جماعتی خبریں

(فرخ راحیل۔مربی سلسلہ، الفضل انٹرنیشنل،لندن)

﴿یوکے﴾

جامعہ احمدیہ یُوکے کی سالانہ کھیلوں کا کامیاب انعقاد

(رپورٹ مرسلہ :حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب۔ استادجامعہ احمدیہ یوکے)

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طلباء جامعہ احمدیہ کو یہ ہدایت ہے کہ روزانہ ایک گھنٹہ کھیل/ورزش میںصرف کریں۔ انہیں ارشادات کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ یُوکے میں روزانہ کھیل کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اور ہر سال جامعہ احمدیہ میں سالانہ کھیلوں کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ یُو کے کو اپنی تیرھویں سالانہ کھیلیں جامعہ احمدیہ یُوکے کے دیدہ زیب احاطہ میں منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔

سال کے آغاز میں تیار ہونے والے اِیونٹ کیلنڈر میں ان سالانہ کھیلوں کی تاریخوں کو معین کر دیا گیا تھا۔
امسال کھیلوں کے ابتدائی مقابلہ جات مارچ 2018ء سے شروع ہو گئے تھے۔جبکہ موسم بہار کی تعطیلات کے بعد سالانہ کھیلوں کے انعقاد کے لئے اساتذہ جامعہ احمدیہ کی نگرانی میں باقاعدہ مختلف شعبہ جات تشکیل دے کر مختلف انتظامی امور سر انجام دیئے گئے اور طلباء کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔

کھیلوں کا باقاعدہ آغاز 26 ؍اپریل 2018ء کو صبح ساڑھے نو بجے افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد تقریب کے مہمان خصوصی مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن نے حدیث نبویﷺ اَلْمُؤْمِنُ الْقَوِيُّ خَيْرٌ وَأَحَبُّ إِلَى اللّهِ مِنَ الْمُؤْمِنِ الضَّعِيفِکی روشنی میں طلباء کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کی طرف توجہ دلائی تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں نیز حقوق اللہ اور حقوق العباد کو احسن طور پر بجا لاسکیں۔آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے کھیلوں اور ورزش کے بارہ میں خدام اور مربیان کے لئے مختلف ارشادات کے حوالہ سے طلباء کو نصیحت کی کہ انہیں اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنی صحت اور ورزش کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے۔

اس افتتاحی تقریب کے معاً بعد کھیلوں کا آغاز ہوا ۔ یہ سالانہ کھیلیں سہ روزہ تھیں جن میں فٹبال، باسکٹ بال، والی بال، رسہ کشی،ٹیبل ٹینس ،بیڈ منٹن اور اتھلیٹکس کے اجتماعی اور انفرادی مقابلہ جات کروائے گئے۔ بیڈمنٹن کے مقابلہ جات کے لئے جامعہ احمدیہ کے قریب ایک سپورٹس سینٹرمیں تین گھنٹے کے لئے دو کورٹس بُک کروائی گئی تھیں جن میں بیڈمنٹن کے سنگل اور ڈبل مقابلے کروائے گئے۔

اجتماعی اور انفرادی کھیلوں کے تمام مقابلہ جات جامعہ میں قائم طلباء کے پانچ گروپوں امانت، دیانت، رفاقت،شجاعت اور صداقت کے مابین ہوئے۔نیز اجتماعی مقابلہ جات لِیگ سسٹم کی بنیاد پرکروائے گئے۔
جامعہ احمدیہ کی روایتی،دلچسپ اور پرکشش کھیل روک دوڑ نیز Strong Man Competition کہ نمائشی مقابلہ جات اختتامی تقریب سے پہلے پیش کئے گئے۔28؍اپریل کو منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یُوکے نے طلباء سے خطاب کیا اور انعامات تقسیم کئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button