جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ برطانیہ کے 52ویں جلسہ سالانہ کا انعقاد (1)

حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاجلسہ کے انتظامات کا معائنہ
معائنہ انتظامات اور خطبہ جمعہ کے موقع پر میزبانوں اور مہمانوں کو زرّیں ہدایات۔

جلسہ کے مبارک ایام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے چار زندگی بخش ،روح پروراور بصیرت افروزخطابات۔ عالمی بیعت کی بابرکت تقریب۔ گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں دنیا بھر میں 129 ممالک سے 300؍اقوام سے تعلق رکھنے والے چھ لاکھ سینتالیس ہزار (647,000)سے زاید افراد کی احمدیت یعنی حقیقی اسلام میں شمولیت۔

115ممالک سے مختلف رنگ ونسل اور قومیّتوں سے تعلق رکھنے والے 38ہزار 510 عُشّاقانِ خلافت کی جلسہ میں شمولیت

دعاؤں ،ذکر الٰہی، شکرِ خداوندی اور اسلامی اخوّت ومحبت کے ایمان افروز نظاروں پرمشتمل عظیم الشان، دلکش اور انتہائی متأثر کن روحانی ماحول۔ مختلف دینی، علمی و تربیتی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی انگریزی اور اردومیں پُر مغز تقاریر

گزشتہ ایک سال کے دوران جماعت احمدیہ کا دونئے ممالک ایسٹ ٹیمور (East Timor) اور جورجیا (Georgia) میں نفوذ۔ اس طرح اب تک دنیا کے 212ممالک میں احمدیت کا نفوذ ہوچکا ہے۔

899نئی جماعتوں کا قیام،1773 نئے مقامات پر احمدیت کا نفوذ، 411 مساجد کا اضافہ،

مختلف ممالک سے آئے ہوئے وزراء، ممبرانِ پارلیمنٹ، سفارتکاروں، سول سروس سے تعلق رکھنے والے افسران، میئرز، کونسلرز، اخباری نمائندگان اور دیگرممتاز سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات کی جلسہ میں شمولیت۔ معزز مہمانوں کی طرف سے جماعت احمدیہ مسلمہ کی خدمت انسانیت، ملکی تعمیر وترقی میں بھرپور شرکت اور فلاحی و رفاہی کاموں کے ساتھ ساتھ اسلام کی حقیقی اور پُرامن تعلیم کے فروغ پر خراج تحسین۔

ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعہ اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی اور افریقہ کی بعض لوکل زبانوں کے علاوہ کئی زبانوں میں تراجم کے ساتھ تمام دنیا میں جلسہ سالانہ کے اجلاسات و دیگر پروگراموںکی براہِ راست تشہیر

جماعت احمدیہ برطانیہ کے 52ویں جلسہ سالانہ کا اپنی تمام تر عظیم الشان اسلامی روایات کے ساتھ 3، 4، اور 5 اگست 2018ء کو حدیقۃ المہدی(آلٹن) میں نہایت شاندار،کامیاب اوربابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ انگلستان کو اپنا 52واں جلسہ سالانہ نہایت کامیابی کے ساتھ مورخہ 3 تا 5؍ اگست 2018ء (بروز جمعۃ المبارک ، ہفتہ اور اتوار) اپنی تمام تر عظیم اسلامی روایات کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ کی بنیادبانیٔ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعودو مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اِذن الٰہی سے 1891ء میں رکھی تھی۔ آپ ؑ نے ایک اشتہار میں افراد جماعت کواس جلسہ سالانہ کے انعقاد اور اس کی اغراض و مقاصد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئےفرمایا تھا:

’’تمام مخلصین داخلین سلسلۂ بیعت اس عاجز پر ظاہر ہو کہ بیعت کرنے سے غرض یہ ہے کہ تا دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو۔ اور اپنے مولیٰ کریم اور رسول مقبول صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت دل پر غالب آجائے اور ایسی حالت انقطاع پیدا ہو جائے جس سے سفرِ آخرت مکروہ معلوم نہ ہو۔ لیکن اِس غرض کے حصول کے لئے صحبت میں رہنا اور ایک حصّہ اپنی عُمر کا اس راہ میں خرچ کرنا ضروری ہے تا اگر خدائے تعالیٰ چاہے تو کسی بُرہانِ یقینی کے مشاہدہ سے کمزوری اور ضُعف اور کسل دُور ہو۔ اور یقین کامل پیدا ہو کر ذوق اور شوق اور ولولۂ عشق پیدا ہوجائے۔ سو اس بات کے لئے ہمیشہ فکر رکھنا چاہئے اور دعا کرنا چاہئے کہ خدائے تعالیٰ یہ توفیق بخشے۔ اور جب تک یہ توفیق حاصل نہ ہو کبھی کبھی ضرور ملنا چاہئے۔ کیونکہ سلسلۂ بیعت میں داخل ہو کر پھر ملاقات کی پرواہ نہ رکھنا ایسی بیعت سراسر بے برکت اور صرف ایک رسم کے طور پر ہوگی۔ ‘‘

نیز فرمایا:

’ ’ حتی الوسع تمام دوستوں کو محض لِلّٰہ ربّانی باتوں کے سننے کے لئے اور دعا میں شریک ہونے کے لئے اُس تاریخ پر آجانا چاہئے۔ اور اِس جلسہ میں ایسے حقایق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں۔ اور نیز اُن دوستوں کے لئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی۔ اور حتی الوسع بدرگاہ ِارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف اُن کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشے۔‘‘

(اشتہار 30؍دسمبر 1891ء۔ آسمانی فیصلہ ۔ روحانی خزئن جلد 4صفحہ 351۔353)

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس للّہی جلسہ میں شامل ہونے والوں کے لئے دردِ دل کے ساتھ دعائیں کیں۔ چنانچہ اپنے اشتہار 7؍ دسمبر 1892ء میں حضرت اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام تحریر فرماتے ہیں

’’ہریک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں، خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجرِ عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم و غم دور فرما وے۔ اور ان کو ہریک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روزِ آخرت میں اپنے اُن بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔ اے خدا! اے ذوالمجد والعطاء اور رحیم اور مشکل کشا یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہریک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین۔

اشتہار 7؍ دسمبر 1892ء مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ 342)

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی ہدایات کی روشنی میں خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے محض دینی اغراض کی خاطرآج سینکڑوں ممالک میں بڑی باقاعدگی کے ساتھ جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہو رہے ہیں۔ خلافتِ احمدیہ کے انگلستان میں قیام کی بدولت جلسہ سالانہ برطانیہ کو ایک مرکزی جلسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عالمی جلسہ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہے۔ گزشتہ بارہ سالوں کی طرح امسال بھی اس بابرکت جلسہ کا انعقاد حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت اور منظوری سے 208؍ایکڑ رقبہ پر محیط انگلستان کی کاؤنٹی ’’Hampshire‘‘ کے قصبہ آلٹن کے علاقہ میں واقع ‘Oakland Farm’ پرہوا۔ اس جگہ کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 2005ء میں ’’حدیقۃ المہدی‘‘ عطا فرمایا تھا۔ 2006ء سے حدیقۃ المہدی میں جلسہ سالانہ منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں احمدی و دیگر مہمانان شرکت کرتے ہیں۔ اس وسیع رقبہ کا 95فیصدی حصہ کھلے میدان کی صورت میں ہے۔ انگلستان کے موسم کے پیشِ نظر یہاں پر اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کرنا گویا چالیس ہزار کے قریب افراد کے لئے ایک عارضی شہرکو بسانے کے مترادف ہے۔ چنانچہ ہزاروں کی تعداد میں احمدی رضاکاران جلسہ کے مقررہ دنوں سے بہت پہلے کام شروع کرتے ہیں اورموسم کی شدّت کے باوجود دن رات ایک کر کے اس عارضی شہر کے قیام کے انتظامات مکمل کرتے ہیں۔ ان رضاکاران میں برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی رضاکاران محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول اور حضرت اقدس مسیح پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر کشاں کشاں حدیقۃ المہدی پہنچتے ہیں۔ چنانچہ امسال بھی گزشتہ سال کی طرح جماعتِ احمدیہ کینیڈا کی جانب سے ایک سو تیس خدام پر مشتمل ایک وفد خاص طور پر وقارِ عمل کے جذبہ کے ساتھ وقفِ عارضی کر کے برطانیہ پہنچا ہے جو کہ وائینڈ اَپ کا کام کر رہےہیں۔

جلسہ گاہ میں شاملینِ جلسہ کے لیے مردانہ جلسہ گاہ، زنانہ جلسہ گاہ، خیمہ جات ط عام، مختلف دفاتر اور یہاں رات بسر کرنے والوں کے لیے رہائشی خیمہ جات قائم کیے جاتے ہیں۔ مزید برآں مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دینے والے رضاکاران اپنے اپنے شعبہ کے لحاظ سے جلسہ سے پہلے سے لے کر جلسہ کے اختتام کے بعد تک مصروفِ کار دکھائی دیتے ہیں۔اور جیسا کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے ایک خطبہ جمعہ میں فرمایا تھا جلسہ کی تیاری کے آغاز سے لے کر وائنڈ اپ کرتے ہوئے اس جگہ کو اپنی پہلی حالت میں واپس لے جانے کا یہ تمام تر عمل 28؍ روز کے اندر اندر مکمل کرنا ہوتا ہے۔

اس احاطہ پر موجود shedsمیں چند سال قبل حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہنمائی اور دعا کی بدولت ایک مستقل کچن کے علاوہ لبنان سے خرید کردہ ایک روٹی پلانٹ نصب کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے ایام میں یہاں مہمانوں کے لئے معیاری اور لذیذ کھانا تیار کرنے کا کام بخوبی سرانجام دیا جا رہا ہے۔ امسال حضورِ انور کی رہنمائی کے باعث جہاں اس شعبہ میں وسعت پیدا ہوئی وہاں روٹی کے معیار اور کھانا پکانے کے لحاظ سے بہت بہتری دیکھنے میں آئی۔ اس کچن میں سینکڑوں رضاکاران روزانہ پینتیس سے چالیس ہزار افراد کا کھانا دو وقت تیار کرتے رہے جبکہ جلسہ گاہ میں قیام پذیر احباب و رضاکاران کے لئے ناشتہ کا انتظام بھی کیا جاتارہا۔ لبنان سے منگوائے گئے اس روٹی پلانٹ پر یومیہ ایک لاکھ سےسوا لاکھ روٹی تیار کی جاتی رہی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔

امسال اس جلسہ سالانہ کے لیے جمع ہونے والے 38ہزار510سے زائدشاملین کا تعلق دنیا کے 115؍ ممالک سے تھا۔اکنافِ عالم سے اکٹھے ہونے والے احمدیوں میں مختلف قومیتوں، رنگ و نسل ، عمر اور طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔ یہاں پہنچنے والے احمدیوں نے جن میں عمررسیدہ بزرگ، نوجوان، خواتین حتیٰ کہ معذور اور شیر خوار بچے بھی شامل تھے اور یہ لوگ سفر کی مشکلات برداشت کرکے یہاں پہنچے تھے، اپنی آنکھوں کو اپنے پیارے امام کے دیدار سے ٹھنڈا کیا اور حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں، زیارت، ملاقات، خطابات اور نظرِ کرم سے خوب خوب حصہ پایا۔
جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جلسہ سالانہ کے منتظمین و رضاکاران کو ہر مرحلہ پر نصائح او ررہنمائی سے نوازتے ہیں۔

معائنہ انتظامات

اس جلسہ کے انتظامات کے لئے پلاننگ وغیرہ کے کام سالِ گزشتہ میں منعقد ہونے والے جلسہ کے کچھ دیر بعد ہی شروع کر دیئے جاتے ہیں۔ کچھ شعبہ جات سارا سال کام کرتے ہیں۔ کچھ شعبہ جات اس جلسہ کے آغاز سے چند ماہ قبل اپنے کام کا آغاز کرتے ہیں، جبکہ وقارِ عمل کے ذریعے سے جلسہ گاہ میں مارکیوں کو لگانے، سڑکیں بنانے وغیرہ کا کام چند ہفتے قبل شروع ہوجاتا ہے۔

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز حسبِ روایت جلسہ سالانہ سے کچھ روز قبل جلسہ کی تیاریوں کا معائنہ کرنے کے بعد ڈیوٹیوں کا باقاعدہ افتتاح فرماتے ہیں۔ امسال مؤرخہ 29؍جولائی بروز اتوار حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ کی ڈیوٹیوں کا معائنہ فرما کر باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ امسال افسر رابطہ، افسر ہیلتھ اینڈ سیفٹی، افسر معائنہ و ناظمہ اعلیٰ لجنہ اماء اللہ کے علاوہ جلسہ سالانہ کے تحت نو(9) نائب افسران اور 111نظامتیں، خدمتِ خلق کے تحت چھ(چھ) نائب افسران اور 53 نظامتیں اور جلسہ گاہ کے تحت سات (7) نائب افسران اور 45نظامتیں کُل ملا کر22؍ نائب افسران اور 209نظامتیں قائم کی گئی تھیں۔ ناظمہء اعلیٰ لجنہ اماء اللہ کے تحت قائم کردہ نظامتیں اس کے علاوہ ہیں۔

مسجد فضل لندن

حسب روایت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے معائنہ کا آغاز مسجد فضل لندن سے فرمایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازِ ظہر اور عصر کے کچھ دیر بعد اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے تو وہاں موجود خواتین و حضرات ، خصوصًا بچوں نے اپنے پیارے آقا کو خوش آمدید کہا۔ حضورِ انور نے دعا کروائی اور مسجد فضل لندن سے بیت الفتوح کے لئے روانہ ہوئے۔

بیت الفتوح، لندن

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ ہلکی ہلکی بارش میں مسجد بیت الفتوح پہنچاجہاں محترم نصیر دین صاحب (نائب افسر جلسہ سالانہ)اور محترم نسیم احمد باجوہ صاحب امام مسجد بیت الفتوح مورڈن، لندن نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا استقبال کرنے کی سعادت حاصل کی۔ حضور انور مسجد بیت الفتوح کمپلیکس کے عقب میں موجود پارکنگ ایریا میں قائم کار پاسز ڈسٹریبیوشن آفس (Car Pass Distribution Office) میں تشریف لے گئےجہاں اس شعبہ کے رضاکاران اور کارکنان نے ایک میز پر تمام categoriesکے پاسزحضور انور کے ملاحظہ کے لئے سجا رکھے تھے۔ ناظم صاحب شعبہ نے ان کے بارہ میں حضور انور کو بریفنگ دی۔

اس کے بعد حضورِ انور رجسٹریشن آفس تشریف لے گئے۔ موبائل سروس مہیا کرنے والی کمپنی EEکے سٹال پر کچھ دیر قیام فرمانے کے بعد حضور ِ انور شعبہ استقبال مہمانان (Guest Reception) پر تشریف لے گئے۔ یاد رہے کہ مذکورہ بالا موبائل کمپنی گزشتہ دو سال سے جلسہ کے دوران جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی میں عارضی طور پر اپنا mast لگادیتی ہے جس سے EE کی سروس حاصل کرنے والے افراد کو بہت سہولت رہتی ہے۔ حضورِ انور دفتر جلسہ سالانہ کی نظامت سے ہوتے ہوئے مہمانوں کی رہائشی مارکی میں رونق افروز ہوئے۔ بعد ازاں مہمانوں کی طعامگاہ میں تشریف لے گئے جہاں سے کچن بیت الفتوح میں تشریف لے گئے اور تازہ تیار شدہ آلو گوشت کوچیک فرمایا۔ بعد ازاں حضورِ انور بُک سٹور تشریف لے گئے۔ محترم ارشد احمدی صاحب (سیکرٹری اشاعت جماعت احمدیہ یو کے) نے حضورِ انور کو بُک سٹور کا تعارف کروایا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لجنہ اماء اللہ برطانیہ کی طرف سے شائع کی جانے والی کتاب ’عائلی مسائل‘ کے بارہ میں خاص طور پر استفسار فرمایا۔ جس پر عرض کیا گیا کہ وہ چھپ کر آ چکی ہے۔
مسجد بیت الفتوح میں نظامتوں کا معائنہ فرمانے کے بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جامعہ احمدیہ یوکے بمقام Haslemere کے لئے روانہ ہوئے۔

جامعہ احمدیہ یُوکے

حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جامعہ احمدیہ یوکے میں رونق افروز ہوئے جہاں محترم حافظ اعجاز احمد صاحب ناظم ریزرو وَن برائے مہمانان وکالت تبشیر نے حضورِ انور کو خوش آمدید کہا۔ حضور انور جامعہ احمدیہ کی عمارت میں تشریف لائے جہاں بیرونی ممالک سے تشریف لانے والے احباب جماعت حضور انور کے استقبال کے لئے کھڑے تھے اورعرب احباب ترانے پڑھ رہے تھے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت کچھ مہمانوں اور کچھ مہمان نوازوں سے تعارف حاصل فرمایا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جامعہ احمدیہ گھانا سے خدمتِ اقدس میں حاضر ہونے والے چار طلباء سے خصوصی تعارف حاصل فرمایا اور خوش نصیب طلباء سے اردو میں گفتگو فرماتے ہوئے انہیں شرفِ مصافحہ بخشا۔ پیارے آقا نے تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالبعلم سے پوچھا کہ کیا آپ سواحیلی میں ترجمہ کر سکتے ہیں؟

حضور انور نے جامعہ میں مستورات کے رہائشی حصہ کا معائنہ فرمایا۔ اس کے بعد حضور انور کچن کی طرف تشریف لے گئے ۔اور وہاں پکائی گئی کچھ چیزوں کو چیک کیا۔

جامعہ احمدیہ یُوکے میں قائم رہائشگاہ کا معائنہ فرمانے کے بعد حضورِ انور جلسہ گاہ ’حدیقۃ المہدی‘ کے لئے روانہ ہو گئے۔

حدیقۃ المہدی

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ حدیقۃ المہدی پہنچا۔ حضور انور کچھ دیر اپنی رہائشگا تشریف لے گئے بعد ازاں حضور انور نے بارش میں حدیقۃ المہدی میں قائم مختلف نظامتوں کا معائنہ فرمایا۔

ان نظامتوں میں لنگر خانہ،روٹی پلانٹ، پاٹ واشنگ، سٹورز، رہائش، مارکی لجنہ، (حضورِ انور نے لجنہ کے درمیان موجود ایک معذور بچی کے سر پر ازراہِ شفقت ہاتھ رکھا) ، حفاظت، ہومیو پیتھی، مارکی ریویو آف ریلیجنز، مارکی احمدیہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سنٹر ، مارکی تبلیغ ڈیپارٹمنٹ یُو کے ، ایم ٹی اے سٹوڈیوز، ایم ٹی اے آفسز، ریڈیو وائس آف اسلام، ایم ٹی اے سوشل میڈیا، ایم ٹی اے الثالثہ العربیعۃ، ایم ٹی اے افریقہ، ایم ٹی اے پروگرامنگ، سائیٹ و دیگر شامل ہیں۔ اس معائنہ کے دوران قدم بہ قدم حضورِ انور کی شفقتوں ،محبتوں اور رہنمائی کے جاری ایک سیلِ رواں سے عشاقانِ خلافت خوب حصہ پاتے رہے۔

(جاری ہے۔باقی آئندہ)

اگلی قسط کے لیے…

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button