جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ برطانیہ کے 52ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب اوربابرکت انعقاد (2)

جلسہ سالانہ کی ڈیوٹیوں کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب اور اس موقع پر امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کیڈیوٹیاں دینے والے کارکنان اور کارکنات سے خطاب میں متعدد نہایت اہم نصائح

کم و بیش دس ہزار رضاکارانہ خدمت کرنے والے مردوں اور عورتوں اور بچوں نے دینی جذبہ سے سرشار اور جماعتی اعلیٰ روایات کے مطابق جلسہ کے ایام میں مہمانوں کی خدمت کی سعادت حاصل کی

18ویں انٹرنیشنل تبلیغی و تربیتی سیمینار کا انعقاد۔ جلسہ سالانہ کی پریس میں تشہیر

جلسہ کے پہلے روز خطبہ جمعہ میں میزبانوں اور مہمانوں کے لئے نہایت اہم نصائح

جلسہ سالانہ کے ایام میں مختلف پروگرامز اور نمائشوں وغیرہ کی مختصر جھلکیاں

ڈیوٹیوں کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب

شام سات بج کر چھ منٹ پر حضور انور اپنے عشاق کے نعروں کی گونج میں مرکزی پنڈال میں رونق افروز ہوئے جہاں جلسہ پر ڈیوٹی دینے والے تمام رضاکاران و کارکنان و مرکزی مہمانان جو مختلف ممالک سے بحیثیت نمائندہ تشریف لائے تھے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لئے چشم براہ تھے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کرسی صدارت پررونق افروز ہوئے اور تقریب کا باقاعدہ آغاز فرمایا۔اسٹیج پر حضورِ انور کے عقب میں محترم رفیق احمد حیات صاحب (امیر جماعت احمدیہ یُوکے و افسر رابطہ) ، محترم مولانا عطاء المجیب صاحب راشد ( مبلغ انچارج ،نائب امیر و افسر جلسہ گاہ) اور محترم ناصر خان صاحب (نائب امیر وافسر جلسہ سالانہ) نے بیٹھنے کی سعادت حاصل کی۔اس تقریب میں حضورِ انور کے سامنے دائیں و بائیں جانب جلسہ پر مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مہمان و بزرگان کرسیوں پر تشریف فرما تھے۔ جبکہ ان سے کچھ آگے جلسہ سالانہ و جلسہ گاہ و خدمتِ خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے والے شعبہ جات کے ناظمین اور اس سے آگے نائب ناظمین و معاونین نے بیٹھنے کے سعادت حاصل کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم دانیال تصور صاحب(طالبعلم جامعہ احمدیہ یُو کے) نے سورۃ آل عمران کی آیات 149 اور 150کی تلاوت کرنے کی اور اسامہ مبارک صاحب (طالبعلم جامعہ احمدیہ یو کے) کو اس کا انگریزی ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع معائنہ انتظامات

بعد ازاں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز منبر پر تشریف لائے اور حاضرینِ مجلس کو ’السلام علیکم‘ کا تحفہ عنایت فرمانے کے بعد تشہد ، تعوذ اور تسمیہ پڑھا اور فرمایا:

الحمد للہ، اللہ تعالیٰ ہمیں انشاء اللہ تعالیٰ اگلے ہفتے ایک اور جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرما رہا ہے۔ اور آپ لوگ جو کارکنان ہیں انہیں یہ توفیق مل رہی ہے کہ مہمانوں کی خدمت کریں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے گزشتہ کئی سالوں سے کارکنان بڑے جوش اور جذبے سے خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ ہر شعبہ میں گزشتہ سال کی نسبت ہر سال بہتری آتی ہے۔ پس ایک تو یہ کہ کبھی یہ خیال نہ کریں کہ آپ کا کام مکمل ہو گیا یا perfectionاس میں آ گئی ہے۔ ہر شعبہ میں بہتری کے لئے، خوب سے خوب تر کے لئے ہمیشہ کوشش کرتے رہیں تا کہ ہم مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ آرام پہنچا سکیں۔

حضورِ انور نے پارکنگ اور پھر رجسٹریشن کے شعبہ جات کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا:

مہمان باہر سے آتے ہیں تو سب سے پہلے پارکنگ سے واسطہ پڑتا ہے۔ بلکہ اس سے پہلے رجسٹریشن کا شعبہ ہے۔ وہاں بھی بعض دفعہ بد مزگیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ جو بھی کارکنان ہیں وہاں،مہمانوں کے پاس بعض دفعہ پورا تعارف نہیں ہوتا، خاص طور پر جو باہر سے آئے ہوئے مہمان ہیں ان کے پاس کارڈ نہیں ہوتے۔ اور اس دفعہ کچھ تبدیلیاں مرکزی نظام میں کی گئی تھیں اس کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ یورپ سے آنے والے مہمانوں کے بھی کارڈ آپ پوری طرح سکین نہ کر سکیں یا پوری طرح تعارف نہ مل سکے، اس لئے بڑے تحمل سے ان کو سمجھائیں اور جو بھی ان کی ضرورت ہے وہ پوری کریں۔ لیکن بہر حال جو قواعد و ضوابط مقرر کئے گئے ہیں ان کی پابندی آپ نے ضرور کرنی ہے۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ پھر جیسا کہ میں نے کہا کہ پارکنگ ہے اس میں بھی بعض دفعہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو بد مزگی پیدا کرنے والے ہوتے ہیں۔ وہاں بھی خدام بڑے تحمّل سے اپنی ڈیوٹی دیں اور ان کی رہنمائی کریں۔

حضورِ انور نے مہمانوں سے ہر موقع پر خوش اخلاقی سے پیش آنے کی نصیت کرتے ہوئے فرمایا:
پھر کھانا کھلانے کی مہمان نوازی ہے۔ جہاں تک لنگر میں کھانا پکانے کا سوال ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایسی ٹیمیں اب مکمل طور پر ٹرینڈ ہو چکی ہیں جوجلسہ میں شامل ہونے والے لوگوں سے دوگنے ، تگنے افراد کا بھی کھانا پکا سکتی ہیں۔ لیکن کھانا کھلانے کے لئے بعض دفعہ نئے کارکنان بھی ہوتے ہیں، اطفال بھی ہوتے ہیں۔ مہمانوں کا بعض دفعہ صحیح رویّہ نہیں ہوتا۔ ان سے آپ نے ہر حالت میں خوش اخلاقی سے پیش آنا ہے۔

حضورِ انورنے ڈیوٹی کے دوران چہرے پر مسکراہٹ رکھنے اور دعاؤں کی طرف توجہ کرنےکی تاکید کرتے ہوئے فرمایا :

صدر صاحبہ لجنہ نے مجھ سے پوچھا کہ اس سال کارکنا ت کے لئے کیا خاص ہدایت ہے۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تم لوگ کام کرنے والی ہو۔خاص ہدایت کوئی نہیں ہے۔ صرف ایک ہدایت ہے۔بلکہ دو باتیں ہیں۔ کہ ایک تو تمہارے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ رہنی چاہئے۔ دوسرے دعاؤں کی طرف توجہ رہنی چاہئے۔ کیونکہ ہمارے سب کام دعا سے ہوتے ہیں۔ کارکنان ، کارکنات کبھی یہ نہ سمجھیں کہ ہماری کسی حکمتِ عملی کی وجہ سے یا ہماری کسی مہارت کی وجہ سے یا کسی بھی قسم کی expertise کی وجہ سے ہم یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ ہمارے کام اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہوتے ہیں اور خاص طور پر جب اللہ تعالیٰ کی خاطر کام کیا جائے تو اللہ تعالیٰ کی طرف پہلے سے زیادہ جھکنا چاہئے۔

ڈیوٹی کے دوران نمازوں کی حفاظت کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے حضورِ انور نے فرمایا:

اس لحاظ سے بھی ہر کارکن کو جیسا کہ میں ہمیشہ یاددہانی کرواتا ہوں آپ کو، اپنی نمازوں کی حفاظت کی ہمیشہ ضرورت ہے۔ جتنی چاہے سخت ڈیوٹی ہو اپنی نمازیں آپ کو بہر حال وقت پہ ادا کرنی چاہئے۔ اور اگر باجماعت ، گروپ بنا کر نماز ادا ہو سکتی ہوتو اس طرح کریں۔

حضورِ انور نے جلسہ کے ایام میں مسجد فضل آنے والے مہمانوں کو پارکنگ کے متعلق احتیاط برتنے کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:

دوسری ایک بات جو یہاں جلسہ گاہ سے تعلق تو نہیں رکھتی۔لیکن مسجد فضل کے علاقہ سے زیادہ تعلق رکھتی ہے۔ شاید بیت الفتوح کے علاقہ میں بھی ایسی مشکلات پیدا ہوتی ہوں۔ مشکلات اس لحاظ سے کہ مسجد فضل کے اردگرد سڑکوں پر ہمارے جو غیر ہمسائے ہیں ان کو یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کی گھروں کی entrance کے سامنے لوگ کار پارک کر دیتےہیں۔ اور کار پارک کرنے والوں میں بعض دفعہ کارکنان بھی ہوتے ہیں اور باہر سے آئے ہوئے مہمان بھی ہوتے ہیں۔ اس لئے اس علاقہ میں خدام الاحمدیہ یا جلسہ سالانہ کے انتظام کے تحت ، جو بھی انتظام ہے، ان دنوں میں خاص طور پر یہ خیال رکھیں کہ ہمسایوں کے گھروں کے سامنے، جو ان کی enterance ہے ، کسی کی کار پارک نہ ہو۔ دور جا کرکار پارک کریں، چل کر آنا آپ کے لئے بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ ہمسائے کو تنگ کیا جائے۔

حضورِ انور نے اس بارہ میں مزید فرمایا:

گزشتہ دنوں عید کے موقع پر جب ہم ہمسایوں کو تحفہ بھجوا رہے تھے تو ایک ہمسائے نےایک ایسی بات کی ہے جو کم از کم میرے لئے قابلِ شرم ہے۔ اُس نے کہا کہ ٹھیک ہے، تم لوگ ہمیں سال کے سال ،نیو ایئر پر بھی اور عید پر بھی تحفہ تو دے جاتے ہو لیکن ہمسائے کے حق تم ادا نہیں کر رہے۔ اس نے یہاں تک کہا کہ تم کہتے ہو کہ ہم اپنے خلیفہ کی بڑی بات مانتے ہیں تو یا تو تمہارا خلیفہ ان باتوں کی طرف تمہیں توجہ نہیں دلاتا یا اس بارے میں تم اس کی بات نہیں مانتے۔ اورہمارے گھروں کے آگے گاڑی کھڑی کر جاتے ہو، ہمیں گھر کے اندر آنا ہو یا باہر نکلنا ہو خاصی مشکلات پیش آتی ہیں۔

حضورِ انور نے فرمایا :

اس لئے خاص طور پر مسجدفضل کے علاقہ میں تمام چاروں سڑکیں جو ہیں ان میں کہیں بھی ہمسائے کے گھروں کے سامنے کسی قسم کی کوئی کار نہیں ہونی چاہئے اور خدام وہاں ڈیوٹی پر ہونے چاہئیں ۔ اس دفعہ اس بات کا خاص خیال رکھیں۔

حضورِ انور نے اپنے خطاب کا اختتام اس دعا پر فرمایا کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو احسن رنگ میں اپنی ڈیوٹیاں انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے ۔

اس کے بعد حضور انور نے اجتماعی دعا کروائی اور دعا کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سب کو السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہٗ کا تحفہ پیش کیا ۔ حضورِ انور کے خطاب کے ساتھ یہ تقریب سات بجکر بیس منٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔

بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مارکی سے باہر تشریف لے گئے اور مزید کچھ شعبہ جات کا معائنہ فرمایا۔ کچھ دیر بعد حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ مارکی میں واپس تشریف لائے اور حضورِ انور کی معیت میں تمام کارکنان و مہمانان عشائیہ سے لطف اندوز ہوئے۔ عشائیہ کے کچھ دیر بعد حضورِ انور کا قافلہ واپس لندن کی طرف روانہ ہو گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہزاروں مردوں، عورتوں، بچوں اور بچیوں نے دینی جذبہ سے سرشار اور جماعتی روایات کے عین مطابق اپنے پیارے امام کی ہدایات پر کماحقہٗ عمل کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے محض اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطرجلسہ سالانہ کے مہمانوں کی خدمت کی سعادت حاصل کی اور اپنوں اور غیروں پر اس میزبانی کے نہایت خوبصورت اورگہرے اثرات قائم کئے۔

٭…٭…٭

18واں انٹرنیشنل تبلیغی و تربیتی سیمینار

جماعتِ احمدیہ برطانیہ گزشتہ کئی سال سے جلسے کے دنوں میں جلسہ کے پروگرامز سے ہٹ کر بھی تبلیغی و تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے۔ ان میں سے ایک پروگرام ’انٹرنیشنل تبلیغی و تربیتی سیمینار‘ ہے۔ اس سیمینار میں مختلف ممالک سے آنے والے افراد تبلیغ و تربیت سے متعلق اپنے تجربات سے ایک دوسرے کو آگاہ کرتے ہیں۔ امسال منعقد ہونے والا 18واں تبلیغی و تربیتی سیمینار 2؍ اگست2018ء جمعرات کے روز مسجد بیت الفتوح مورڈن میں منعقد کیا گیا جس میں امریکہ، فرانس، ہالینڈ، ماریشس اور دیگر کئی ممالک سے 170نمائندگان نے شمولیت کی۔

………………………

جلسہ سالانہ کی پریس میں تشہیر

حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے برطانیہ میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے جلسہ سالانہ برطانیہ مرکزی اور بین الاقوامی حیثیت رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یُوکے کی وسعت اَب اتنی ہو چکی ہے کہ میڈیا کے ذریعہ جلسہ سالانہ کی تشہیر اس کے انعقاد سے قبل ہی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔امسال بھی ریڈیو، ٹی وی، اخبارات اور Online پلیٹ فارمزپر جلسہ سالانہ کے بارہ میں آگاہ کیا گیا۔ مثلاً دنیا بھر سے 50 ؍سے زائد نیشنل و پرائیویٹ ٹی وی چینلز نیز متعدد ریڈیو اسٹیشنز ، اخبارات و رسائل نے جلسہ سالانہ کی رپورٹس یا اس سے متعلق مضامین شائع کیے۔( تفصیلات انشاء اللہ تفصیلی رپورٹ میں شامل کی جائیں گی۔)

……………………

خطبہ جمعہ

3؍اگست بروز جمعۃ المبارک حضور انور ایدہ اللہ نے حدیقۃ المہدی میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو کہ مختلف زبانوں میں تراجم کے ساتھ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ اس میں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ یُو کے پر تشریف لانے والے مہمانوں کو اور میزبانوں کو جلسہ کے متعلق نصائح فرمائیں ۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ نے فرمایا کہ الحمد للہ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آج ہم ایک اور جلسہ سالانہ میں شمولیت کی توفیق پا رہے ہیں۔ سب کو جلسہ کے ان تین دنوں میں جلسہ کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ جلسہ کے پروگراموں کو خاموشی اور توجہ سے سننا چاہئے تبھی جلسہ میں شامل ہونے کا فائدہ ہو گا۔ تبھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جلسہ کے انعقاد کے مقصد کو پورا کرنے والے ہوں گے۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ جلسہ کا انتظام ایک بہت بڑا انتظام ہوتا ہے اور نوّے فیصد سے زائد افراد جماعت رضاکارانہ طور پر خدمت کر رہے ہوتے ہیں اس لئے بعض کاموں میں کمیاں اور کمزوریاں بھی رہ جاتی ہیں لیکن ان کمیوں اور کمزوریوں کو ہم سب شامل ہونے والوں نے ٹھیک کرنا ہے اور دور کرنا ہے۔ جہاں کارکنان اپنے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے وہاں مہمان بھی شامل ہونے والے بھی ان کمیوں اور کمزوریوں سے صرف نظر کریں اور جہاں کہیں کارکنوں کی مدد کی ضرورت ہو خود بڑھ کر ان کی مدد کے لئے اپنے آپ کو پیش کریں۔

حضورِ انور نے جلسہ کے کارکنوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ سب سے پہلی بات کارکنوں کے لئے یہ ہے کہ انہوں نے ان لوگوں کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو پیش کیا ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے جاری کردہ بلکہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے جاری کردہ جلسہ میں شامل ہونے کے لئے آئے ہیں ۔کسی دنیاوی میلے میں شامل ہونے کے لئے نہیں آئے بلکہ اپنے روحانی علمی اور اخلاقی معیاروں میں بہتری کے لئے جمع ہوئے ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت اقدس محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے اسوۂ حسنہ کے حوالہ سے رضاکار میزبان جلسہ سالانہ اور مہمانان کو اہم نصائح فرمائیں۔ اور ہر حال میں اعلیٰ اخلاقی معیار قائم کرنے کی نصیحت فرمائی۔

حضورِ انور نے فرمایاکہ شاملین جلسہ کو بے کار اور فضول باتوں سے اجتناب کرنا چاہئے اور وقت کے ضیاع سے بھی پرہیز کرنا چاہئے۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ جلسہ کے ایام میں بھی خاص طور پر پنجوقتہ نماز کی ادائیگی کا التزام کریں۔ڈیوٹی پر موجود افراد بھی اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ہر ڈیوٹی کنندہ نماز کو وقت پر ادا کر سکے۔

حضورِ انور نے انتظامی لحاظ سے بھی بعض اہم نصائح فرمائیں۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جلسہ کے دوران ہونے والے بعض پروگرامز اور نمائشوں وغیرہ کا بھی تذکرہ فرمایا جن میں ریویو آف ریلیجنز کے تحت ٹیورن شراؤڈ پر نمائش، القلم پراجیکٹ، اسی طرح شعبہ آرکائیو کے تحت لگائی جانے والی نمائش اور اس مرتبہ شعبہ تبلیغ یُوکے کی طرف سے قرآن کریم پر لگائی جانے والی نمائش شامل ہیں۔ مزید برآں حضورِ انور نے اپنے خطبہ کے اختتام پر دو ویب سائٹس True Islam (true-islam.uk) اور ریشنل ریلیجن (rationalreligion.co.uk) کو لانچ کرنے کا بھی اعلان فرمایا۔ (نمازِ جمعہ کے بعد جلسہ گاہ مردانہ کے اندر ہی حضورِ انور نے اسٹیج سے اتر کر ان دو ویب سائٹس کا باقاعدہ اجراء فرمایا۔)

حضورِ انور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سب کو جلسہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ (حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس خطبہ جمعہ کا مکمل متن اسی شمارہ کی زینت ہے۔)

……………………………….

جلسہ کی بعض اہم جھلکیاں

نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور وقفہ کے بعد لوائے احمدیت لہرانے کی تقریب ہوئی اور پھر باقاعدہ طورپر افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں حضور انور نے افتتاحی خطاب فرمایا۔ جلسہ کے ایام میں حضور ایدہ اللہ نے خطبہ جمعہ ، افتتاحی خطاب ، ہفتہ کے روز قبل دوپہر مستورات سے خطاب اور پھر بعد دوپہر کے اجلاس میں جماعت احمدیہ کی عالمی ترقی اور دوران سال اللہ تعالیٰ کے بے پایاں افضال و برکات کے ذکر پرمشتمل ایمان افروز خطاب ،اسی طرح اتوار کے روز ولولہ انگیز اختتامی خطاب کل ملا کر پانچ خطابات فرمائے۔
ز…5؍اگست کو اتوار کے روز نمازِ ظہر سے قبل عالمی بیعت کی تقریب ہوئی جب تمام حاضرین نے اور ایم ٹی اے کے توسط سے دنیا بھر کے احمدیوں نے اس تقریب میں شمولیت کی اوراپنے پیارے امام کے ساتھ مل کر بیعت کے الفاظ دہرائے۔ آخر پر سجدہ ٔ شکر ادا کیا گیا۔ امسال چھ لاکھ سینتالیس ہزار سے زائد افراد بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شامل ہوئے۔الحمد للہ۔

ز…جلسہ کے دیگرپروگراموں میں سات علمائے سلسلہ نے درج ذیل تفصیل کے مطابق مختلف موضوعا ت پر نہایت پُر مغز اورمدلّل علمی وتربیتی تقاریر کیں۔ ان تقاریر میں چار تقاریر انگریزی میں جبکہ تین تقاریر اردومیں تھیں۔

’آنحضرت ﷺ کی سیرت (صبر و استقامت) ‘ (انگریزی) از مکرم بلال ایٹکنسن صاحب۔ ریجنل امیر نارتھ ایسٹ۔ یو کے

’بچوں کی نیک تربیت میں والدین کا کردار‘ (اردو) از مکرم راجہ منیر احمد خان صاحب۔ پرنسپل جامعہ احمدیہ جونیئر سیکشن۔ ربوہ

’قرآنِ کریم کا پیدا کردہ روحانی انقلاب‘ (انگریزی) از مکرم ڈاکٹر سر افتخار احمد ایاز صاحب۔ چیئر مین ہیومن رائٹس کمیٹی۔ یُوکے

’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا معاندین سے حسنِ سلوک‘ (انگریزی) از مکرم ڈاکٹر زاہد احمد خان صاحب۔ صدر قضاء بورڈ یو کے۔

’خلافت کے زیرِ سایہ عالمگیر وحدت کا قیام(اردو) از مکرم عطاء المجیب راشد صاحب۔ نائب امیر یو کے و امام مسجد فضل۔ لندن

’ہستی باری تعالیٰ ۔ قبولیت دعا کے آئینہ میں (اردو) از مکرم مبشر احمد کاہلوں صاحب۔ مفتی سلسلہ عالیہ احمدیہ۔ ربوہ

’احمدیت۔ امن کا حصار‘(انگریزی) از مکرم رفیق احمد حیات صاحب۔ امیر جماعت احمدیہ یُوکے
مزید برآں جلسہ گاہ مستورات میں ہفتہ 4؍ اگست کو اجلاس برائے مستورات کا انعقاد ہوا جس میں مندرجہ ذیل تقاریر کی گئیں:

’خلافت۔ انسانیت کے لئے ایک نعمت عظمیٰ‘ (انگریزی) از مکرمہ روبینہ ناصر صاحبہ

’مومنات کی نشانیاں اور دورِ حاضر میں ان کا حصول‘ (اردو) از مکرمہ سائحہ معاذ صاحبہ

’مجھے کب معلوم ہوا کہ احمدیت ہی صحیح راستہ ہے‘ (انگریزی) از مکرمہ کرسٹین ایٹکنسن صاحبہ

اس جلسہ کی کارروائی کے دوران آٹھ اجلاسات کے آغاز پر قرآن کریم کے مختلف حصوں سے تلاوتِ قرآنِ کریم اور کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام و خلفائے احمدیت میں سے عربی، فارسی اور اردو زبان میں 11مختلف منظوم کلام مترنّم پڑھے گئے۔

حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر انگلستان سے خصوصًا اور دنیا بھر سے عموماً تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والے 99؍احمدی طلباء اور 95 احمدی طالبات کو اسنادِ امتیاز اور طلائی تمغہ جات سے نوازا۔

جلسہ کی تمام کارروائی کا رواں ترجمہ اردو کے علاوہ دنیا کی مختلف زبانوں میں ایم ٹی اے کے ذریعہ نشر کیاگیا۔

امسال بھی جلسہ سالانہ یُوکے کے ایام میں ایک ریڈیو جلسہ ایف ایم (87.7) بھی جلسہ کی تمام کارروائی کے ساتھ دیگر دلچسپ اور معلوماتی پروگرامز نشر کرتا رہا۔ اور موسم اور ٹریفک وغیرہ کے متعلق تازہ معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔ اس ریڈیو کی نشریات کا دائرہ کئی کلومیٹر پر محیط تھا۔ چنانچہ راستہ میں آنے والے احباب کے علاوہ ڈیوٹی پر موجود خدام نے بھی اس سے بھرپور استفادہ کیا۔

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی بدولت جلسہ کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوئی بھی دقّت پیش نہ آئی۔اور جلسہ سالانہ میں شمولیت کی غرض سے دنیا بھر سے تشریف لانے والے مہمانان کشاں کشاں حدیقۃ المہدی پہنچتے رہے۔

ز…موسم کی گرمی کی شدّت کے پیشِ نظر حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی ہدایت پر شاملینِ جلسہ کی سہولت کے لئے مردانہ وزنانہ جلسہ گاہ کو شارٹ نوٹس پر ایئر کنڈیشنڈ کیا گیا۔
ز…جہاں تک جلسہ سالانہ میں خدمات بجا لانے والے مختلف شعبہ جات کا تعلق ہے تو امسال بھی چھ ہزار سے زائد مرد اور چار ہزار سے زائد خواتین کل ملا کر دس ہزار کے قریب رضاکارمردوں، خواتین، نوجوانوں،بچوں اور بچیوں نے ڈیوٹیاں دیں۔ اور موسم کی شدّت کے باوجود تمام شعبہ جات نے اپنے پیارے امام کی ہدایات کی اطاعت میں اپنے فرائض کو نہایت محنت اور جانفشانی کے ساتھ ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ خدا کے فضل سے جلسہ سالانہ انتظامی لحاظ سے انتہائی کامیاب رہا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

جلسہ کے شاملین اور ڈیوٹی دہندگان کے لئے امسال سے چوبیس گھنٹے ٹی سٹال پر چائے اور گرمی کے وقت ٹھنڈے مشروب کا انتظام رکھا گیا۔

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز شام کو نمازِ مغرب و عشاء سے قبل مختلف ممالک سے تشریف لانے والے خصوصی مندوبین ، مبلّغینِ سلسلہ، واقفینِ زندگی و دیگر مہمانان کے اعزاز میں ایڈیشنل وکالت تبشیر لندن کے زیرِ اہتمام ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس کوازراہ شفقت حضورانور ایدہ اللہ نے اپنی شمولیت سے سرفراز فرمایا۔

اس جلسہ میں برطانیہ اوردیگر ممالک سے تشریف لانے والے مختلف عمائدین اورسرکردہ سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی اورجلسہ کے پلیٹ فارم سے جماعت کی امن پسندی ،محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات اور خدمت انسانیت کے کاموں کو سراہا۔ نیز جماعتی ترقی اور کامیابیوں کا اچھے انداز میں ذکر کیا۔
ز…ایم ٹی اے انٹرنیشنل نے امسال بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و خطابات کے ساتھ ساتھ جلسہ کے دیگر پروگراموں کو خوبصورتی کے ساتھ coverکیا اورجلسہ کی مناسبت سے کئی خصوصی پروگرامز ٹیلی کاسٹ کئے جو جلسہ سے قبل ہی شروع ہوگئے تھے اور تا اختتام جلسہ جاری رہے۔ ایم ٹی اے کی ان نشریات اور اس کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ کُل دنیا کے احمدی اس بابرکت جلسہ میں شامل ہوکر اس روحانی مائدہ سے فیضیاب ہوئے۔

امسال جلسہ گاہ میں ایم ٹی اے کے زیرِ اہتمام چار عارضی سٹوڈیوز کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جن میں ایم ٹی اے (الاولیٰ)، ایم ٹی اے3(العربیہ) ، ایم ٹی اے افریقہ اور ایک اسٹوڈیو ایم ٹی اے فرنچ کے لئے نشریات دکھانے کے لیے مخصوص کیا گیا تھا۔ ایم ٹی اے نے امسال بھی پچھلے سالوں کی طرح علیحدہ علیحدہ چینلز پر جلسہ کے لائیو اور ریکارڈڈ پروگرامز کو نشر کیا اوراس موقع کی مناسبت سے متعدد زبانوں میں پروگرامز پیش کئے گئے۔ مثلاً انگریزی، عربی، فرنچ، بنگلہ، جرمن، ٹرکش، رشین، سپینش، بوسنین اور انڈونیشین و ملایا۔

ایم ٹی اے افریقہ کی نشریات کو افریقہ کے بعض ممالک کے 14نیشنل ٹیلیویژن اسٹیشنز اور پرائیویٹ چینلز نے ٹیلی کاسٹ کیا۔ جلسہ سالانہ کے پروگرامز کو صرف سیرالیون میں تین ٹیلیویژن چینلز نے نشر کیا۔

*…جلسہ کے موقع پر خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام شعبہ مخزن تصاویر کے تحت کیا گیا جس میں نہایت اہم اور نادر تصاویر بھی شامل تھیں۔ نیز اس موقع پر بکسٹال، ریویو آف ریلیجنز،ٹیورن شراؤڈ نمائش، القلم پراجیکٹ، احمدیہ آرکائیوز اینڈ ریسرچ سنٹر ، ہفت روزہ الحکم (انگریزی)، پریس اینڈ میڈیا آفس، شعبہ ہومیوپیتھی اور آڈیوویڈیو کیسٹس وغیرہ کی جانب سے نمائش و سٹالز بھی لگائے گئے۔ اسی طرح چیریٹی ادارہ ہیومینٹی فرسٹ اور احمدیہ آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز ایسوسی ایشن نے بھی اپنی کارکردگی اور رپورٹس پر مشتمل خصوصی نمائشیں لگائی تھیں۔ ان نمائشوں کو کثیر تعداد میں احباب نے دیکھا اور خوب سراہا۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں نیز دنیا بھر میں بسنے والے تمام احمدیوں کو جلسہ سالانہ برطانیہ 2018ء کے نہایت کامیاب اور بابرکت انعقاد پر مبارکباد کا تحفہ پیش کرتا ہے۔ نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعتِ احمدیہ عالمگیر کو اس جلسہ کی برکات سے فیضیاب فرماتا چلا جائے اور تمام مخلصینِ جماعت احمدیہ مسلمہ کو حضرت مسیح پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ان مبارک دعاؤں کا وارث بنائے جو آپؑ نے شاملین جلسہ کے لئے کیں۔

(جلسہ سالانہ کی تفصیلی رپورٹ الفضل انٹرنیشنل کی آئندہ اشاعتوں میں پیش کی جائے گی ۔ انشاء اللہ ۔)


٭…٭…٭

اگلی قسط کے لیے…

گزشتہ قسط کے لیے…

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button