نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ09؍اگست2018ءبروز جمعرات نماز ظہر و عصر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم مولانا بشیر الدین احمد صاحب (شالامار ٹاؤن لاہور۔ حال ساؤتھ آل ۔یُوکے) اور مکرم ڈاکٹر محمود ظفر صاحب (ووسٹر پارک۔یُوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

1۔مکرم مولانا بشیر الدین احمد صاحب (شالامار ٹاؤن لاہور۔ حال ساؤتھ آل ۔یُوکے)

2؍اگست 2018ء کو 77 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔دو سال قبل سٹروک ہوا تھا جس کی وجہ سے چلنے پھرنے سے معذور ہو گئےتھے۔ دو ہفتے قبل دوبارہ سٹروک ہوا جس سے جانبر نہ ہو سکے اور وفات پا گئے۔لاہور میں 40سال تک مربی سلسلہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ ایک نڈر، سادہ لوح، ہر دلعزیز اور خلافت کے شیدائی واقف زندگی تھے۔ تبلیغ اور تربیت کے میدان میں نمایاں کام کرنے کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم پیام شاہجہان پوری صاحب کے بھائی تھے۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم نصیر الدین احمد صاحب (مربی سلسلہ )لاہور میں اور داماد مکرم آغا یحییٰ خان صاحب سویڈن میں بطور مبلغ انچارج خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

2۔ مکرم ڈاکٹر محمود ظفر صاحب (وسٹر پارک۔یُوکے)

6؍اگست 2018ء کو لمبی علالت کے بعد 90سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی۔ کنگ ایڈورڈ کالج لاہور سے MBBS کی ڈگری حاصل کر کے اپنے والد کے پاس ٹبورا (افریقہ) چلے گئے اور وہاں سیٹل ہو گئے۔ 1992ء میں یوکے شفٹ ہو گئے۔ کلیپہم جماعت میں بارہ سال صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ یوکے آ کر اپنی پریکٹس کے دوران احباب جماعت خصوصاً اردو بولنے والوں کی بہت مدد کی۔ تبلیغ کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہ جانے دیتے تھے۔ بہت نیک دعا گو، صوم و صلوٰۃ کے پابند، مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

1۔ مکرم شیخ عبد المالک صاحب ابن مکرم شیخ عبد الخالق صاحب (مارٹن روڈ۔کراچی)

8؍جون 2018ء کو 73 سال کی عمر میں ربوہ میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ بہت مہمان نواز، سادہ مزاج، غریب پرور، خلافت کے شیدائی ایک نیک اور باوفا انسان تھے۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ اس کی تلقین کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ مکرم سعید احمد صاحب مبلغ سلسلہ کانگو برازاویل کے سسر تھے۔

2۔ مکرم شیخ غلام مہدی محمود صاحب (بھدرک اڈیشہ۔ انڈیا)

28؍جون 2018ء کو 96 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والد فرقہ اہل حدیث سے تعلق رکھتے تھے۔ خود بیعت کر کے احمدیت میں شامل ہوئے اور شدید مخالفت کے باوجود اپنے ایمان پر صبر و حوصلہ سے قائم رہے۔ تجارت پیشہ تھے لیکن دین کی طرف بھی کافی رجحان تھا۔ پنجوقتہ نمازوں اور تہجد کے پابند تھے۔ چندہ جات کی ادائیگی میں بڑے خلوص کے ساتھ ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ جماعت بھدرک میں قائد مجلس، زعیم انصار اللہ اور صدر جماعت کے علاوہ علاقائی ناظم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق تھا اور بچوں کو بھی خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ پسماندگان میں دو بیویوں سے گیارہ بچے یادگار چھوڑے ہیں۔

3۔ مکرم ڈاکٹر ریاض احمد صاحب (کنجروڑ ضلع نارووال)

یکم جولائی 2018ء کو 82 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجدگزار، مہمان نواز، غریب پرور بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ اپنی جماعت میں زعیم انصار اللہ اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ 1999ء سے ہر سال جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت کرتے رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور چھ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عبد الناصر منصور صاحب اصلاح و ارشاد مرکزیہ میں خدمت بجا لا رہے ہیں جبکہ ایک نواسہ مکرم عاطر احمد خان صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا میں زیر تعلیم ہے۔

4۔ مکرمہ نذیر بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم غلام عباس صاحب

16؍جولائی 2018ء کو 63 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔بڑی صابرہ و شاکرہ نیک خاتون تھیں۔ خاندان میں احمدیت آپ کے دادا محترم چوہدری فتح محمد صاحب سندھو (گولیکی)کے ذریعہ آئی جنہوں نے قادیان جا کر بیعت کی اور ابتدائی موصیان میں شامل ہوئے۔ اپنے تمام چندہ جات بڑی باقاعدگی کے ساتھ دیا کرتی تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم شہزاد احمد صاحب ساہی مبلغ سلسلہ بندوکو (آئیوری کوسٹ) کی والدہ تھیں۔

5۔ مکرم ملک نصیر احمد صاحب (سابق جنرل سیکرٹری۔ ہالینڈ)

18؍جولائی 2018ء کو برین ہیمبرج سے وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق ساہیوال سے تھا۔ آپ حضرت ملک نبی بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑپوتے اور مکرم ملک حبیب الرحمٰن صاحب (سابق ہیڈ ماسٹر تعلیم الاسلام سکول ربوہ)کے پوتے تھے۔ 1974ء میں ربوہ ریلوے سٹیشن کے واقعہ کے بعد اسیر راہ مولیٰ ہونے کی سعادت ملی۔ ربوہ میں حبیب بنک کے مینجر رہے۔ 1993ء میں ہالینڈ شفٹ ہو گئے جہاں کچھ عرصہ جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button