نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 14؍اگست2018ء بروز منگل 12 بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ محمودہ اقبال صاحبہ اہلیہ مکرم کرنل محمد اقبال صاحب مرحوم (سلاؤ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

مکرمہ محمودہ اقبال صاحبہ اہلیہ مکرم کرنل محمد اقبال صاحب مرحوم (سلاؤ۔یوکے)

11؍اگست 2018 ء کو90سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں کرم الٰہی صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔صوم وصلوٰۃ کی پابند نیک اور صالحہ خاتون تھیں۔قرآن کریم کی تلاوت خوش الحانی سے کرتیں اوراکثر جماعتی کتب زیر مطالعہ رکھتی تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹیاںاور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔آپ مکرمہ شرمین بٹ صاحبہ (معاونہ صدربرائے پریس اینڈ میڈیا) کی والدہ تھیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔ مکرم کے اے عبد المنیف صاحب( مربی سلسلہ) ابن مکرم کے ابوبکر صاحب مرحوم ۔انڈیا

11؍اگست 2018 ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور جنوری 2018 ء سے کیرالہ کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔2013ء میں جامعہ احمدیہ قادیان سے شاہد کی ڈگری حاصل کر کے فارغ ہوئے اور صوبہ تامل ناڈو میں خدمت بجالارہے تھے ۔ خدمت دین کا بہت جوش تھا اورایک قابل اور محنتی مربی سلسلہ تھے۔ پسماندگان میں والدہ کے علاوہ تین بہنیں یادگار چھوڑی ہیں ۔ مرحوم موصی تھے ۔

2۔ مکرم عبد الحق کاہلوں صاحب (دارالفضل ۔ کنری۔ عمر کوٹ ۔سندھ)

25مئی 2018 ء کو 69سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 1974ء میں بیعت کی توفیق پائی ۔ اپنی مجلس میں بطور منتظم تجنید خدمت کی توفیق پائی ۔ نماز باجماعت کے پابند ایک دعاگو اور مخلص انسان تھے ۔مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔ مرحوم موصی تھے ۔

3۔ مکرم طاہر احمد نسیم صاحب (سینئر استاد نصرت جہاں اکیڈمی ربوہ)

4جون2018 ء کو81سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ سرکاری ملازمت سے فراغت لے کر پہلے افریقہ میں اور پھر نصرت جہاں اکیڈمی میں بطور استادخدمت کی توفیق پائی۔صو م وصلوٰۃ کے پابند اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے بہت مخلص اور باوفا انسان تھے ۔

4۔ مکرمہ حاکم بی بی صاحبہ (بنت مکرم سلطان علی صاحب ۔ کھوکھر غربی گجرات)

31جون 2018 ء کو 76 سال کی عمرمیں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔نمازوں کی پابند ، جماعتی کاموں میں شوق سے حصہ لینے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ چندوں کی ادائیگی بروقت کیا کرتی تھیں۔

٭…٭…٭

ز…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 15؍اگست2018ء بروز بدھ 12بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ رشیدہ باسمہ صاحبہ(سٹن ۔یوکے ) اہلیہ مکرم مولانا بشارت احمد صاحب بشیر مرحوم مبلغ سلسلہ و سابق نائب وکیل التبشیرربوہ کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ رشیدہ باسمہ صاحبہ(سٹن ۔یوکے ) اہلیہ مکرم مولانا بشارت احمد صاحب بشیر مرحوم مبلغ سلسلہ و سابق نائب وکیل التبشیرربوہ

9؍اگست 2018 ء کو84سال کی عمر میں وفات پا گئیں ۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت مولوی رحیم بخش صاحب کی پوتی اور حضرت عبد الرحیم صاحب کی نواسی اور محترم آغا عبد اللہ خان صاحب صاحب کی بیٹی تھیں۔آپ شادی کے بعد محترم مولانا بشارت احمد صاحب بشیر کے ساتھ 1963ء میں سیرالیون شفٹ ہوگئیں اور چند سال وہاں گزارنے کے بعد ربوہ آگئی تھیں۔ربوہ میں اپنے گھر کو بچوں کی تربیت اور لجنہ کے اجلاسات کے لئے وقف کررکھا تھا۔ 2011ء میں بیٹے کے پاس یوکے شفٹ ہوگئی تھیں ۔صوم وصلوٰۃ کی پابند ،مہمان نواز ، غریب پرور، خلافت کی شیدائی ، خاندان حضرت مسیح موعود ؑ کے افراد سے انتہائی محبت کرنے والی ، اطاعت گزار ،نیک اور صالحہ خاتون تھیں۔پسماندگان میں ہمشیرہ کے علاوہ ایک بھائی، ایک متبنیٰ بیٹا اور کثیر تعداد میں عزیزواقارب یادگار چھوڑے ہیں ۔

نماز جناز ہ غائب

1۔ مکرمہ سعیدہ نسیم اختر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد یوسف صاحب (آنبہ نوریہ ضلع شیخوپورہ )

27 جولائی2018 ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت ولی محمد صاحب ؓ کی پوتی اور قاضی دین محمد صاحب کی بیٹی تھیں۔ پارٹیشن کے بعد آپ کے والد اپنے خاندان کو لے کر قادیان سے سے ہجرت کرکے ربوہ منتقل ہوگئے تھے ۔شادی کےبعد گاؤں آنبہ نوریہ میں زندگی گزاری اور اس دوران مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ 18 سال مقامی مجلس کی صدر لجنہ بھی رہیں ۔صوم وصلوٰۃکی پابند ، تہجدگزار ، غریب پرور ،ہمسائیوں سے حسن سلوک کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں ۔آپ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ مالی اور مکرم انصر محمود صاحب مربی سلسلہ پنڈ بیگووال(اسلام آباد) کی والدہ تھیں ۔

2۔ مکرم محمد قاسم ایاز صاحب (رحیم یار خان ۔حال ربوہ )

2؍اپریل2018ءکو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ شروع میں احمدیت کے سخت مخالف تھے۔1954ءمیںجماعت کے خلاف مظاہروں میں بھی شامل ہوتے رہے ۔پھر خود ہی بیعت کی اور والدنے گھر سے نکال دیا۔جس کے بعدہجرت کرکے ربوہ آگئے ۔صوم وصلوٰۃ کے پابند ، بہت صابر وشاکر، بہت ہمدرد اور رحم دل انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button