برطانیہ میں خدمت پر مامور مبلّغین سلسلہ کا پہلا ریفریشر کورس

امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت شمولیت

سید نا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کی تعمیل میں یوکے کے مبلغین کے لئے ایک ریفریشر کورس مورخہ 9تا13 جولائی 2018ء مسجد فضل لندن کے محمود ہال کی بالائی منزل میں منعقد ہوا۔ اس پانچ روزہ ریفریشر کورس میں میدانِ عمل میں کام کرنے والے 32 مبلغین میں سے 30 نے شرکت کی۔روزانہ پروگرام نماز تہجد سے لے کر رات 10.30 بجے تک چلتا رہا۔ اس کورس کا ایک انتہائی بابرکت حصہ یہ تھا کہ سب مبلغین نے پانچوں نمازیں مسجد فضل لندن میں سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں ادا کرنے کی توفیق پائی۔ نیز اس عرصہ میں ایک انتظام کے تحت ان مبلغین کو اس بابرکت مسجد میں اذان دینے، ترجمۃ القرآن کلاس لینے اور نماز فجر کے بعد تفسیرِ کبیر سے اور نماز مغر ب و عشاء کے بعد کشتی نوح سے درس دینے کا بھی موقع ملا۔

اس ریفریشر کو رس کےمضامین اوراساتذہ کے انتخاب اور دیگر انتظامات کی تیاری کئی ہفتے قبل شروع کر دی گئی تھی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد مقررین اورمبلغین کرام کو دعوت دی گئی۔ متفرق انتظامات کے لئے معاونین پر مشتمل ایک انتظامیہ تشکیل دی گئی جنہوں نے دن رات ایک کرکے کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو ان خدمات کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین

ریفریشر کورس کی ساری کارروائی انگریزی زبان میں کی گئی۔ سب مقرّرین نے اپنی تقاریر کے نوٹس انگریزی زبان میں مہیا کئے جن کی نقول روزانہ تدریسی اوقات کے بعد کورس میں شامل ہونے والے سب مبلّغین کو فراہم کردی جاتی تھیں۔

روزانہ ذاتی مطالعہ کے لئےکتاب حقیقۃ الوحی اور تفسیر سورۃالکہف از حضرت مسیح موعود علیہ السلام مقرر تھیں نیز انگریزی اخبارات کے مطالعہ کابھی وقت رکھا گیا تھا۔ کھانوں کے اوقات کے علاوہ دوبار چائے کے لئے پون گھنٹہ کاوقفہ ہوتا تھا تامبلغین تقریروں کے لمبے دورانیہ کے بعد کچھ آرام کر سکیں۔ بعد دوپہر ایک گھنٹہ قیلولہ کر نے کا وقت بھی رکھا گیا تھا۔

دوران کورس مجموعی طور پر 30لیکچرز ہوئے۔ 25 منٹ کی تقریر کے بعد 35 منٹ سوال وجواب اور اپنے خیالات کے اظہار کے لئے ہوتے تھے۔ مکرم عطاءالمجیب راشد صاحب (مبلغ انچارج برطانیہ) کی زیر صدارت حسب ذیل تفصیل کے مطابق علمائے کرام اور مبلغین سلسلہ نے لیکچرز اور powerpoint presentatoins دیں۔

9جولائی بروز سوموار

مسئلہ ختم نبوت: مکرم نصیر احمد قمر صاحب۔ دہریّت کا رد: مکرم ڈاکٹر شکیل احمدصاحب ۔ تبلیغی پروگرام بنانے کے طریق: مکرم منصور احمد چٹھہ صاحب پریس اینڈ میڈیا:مکرم عابد وحید خان صاحب۔ نوجوانوں کی تربیت :مکرم مجیب احمد مرزا صاحب ۔ علم الکلام کا تعارف :مکرم عطاء المومن زاہد صاحب۔ انگریزوں میں تبلیغ :مکرم طاہر سیلبی صاحب

10جولائی بروز منگل

عیسائیت کے مختلف فرقے :مکرم لئیق احمد طاہر صاحب۔ جماعت کا مرکزی نظام:مکرم اخلاق احمد انجم صاحب۔ سائنس اور مذہب :مکرم عقیل احمدکنگ صاحب۔ قضاء کا نظام:مکرم ڈاکٹر زاہد احمدخان صاحب۔ مطالعہ کتب حضرت مسیح موعودؑ:مکرم فیض احمد زاہد صاحب۔ صحت کے اصول :مکرم ڈاکٹر طارق انور باجوہ صاحب۔ تربیت نومبائعین :مکرم شرجیل احمد صاحب

11جولائی بروز بدھ

صداقت حضرت مسیح موعود ؑ: مکرم محمد احمد خورشید صاحب ۔ ایم ٹی اے کا تکنیکی طریقہ کار :مکرم منیر عودہ صاحب۔ واقعہ صلیب کے بعد حضرت مسیح ؑ کشمیر میں: مکرم ایاز محمود خان صاحب۔ برکات خلافت :مکرم صباحت کریم صاحب۔ حضور انور کی طرف سے دیئے گئے متفرق جوابات :مکرم عطاالرحمان خالد صاحب۔ سوشل میڈیا۔ ٹیلی ویژن۔ پردہ وغیرہ:مکرم فرہاد احمد صاحب۔ اشاعت کتب و لائبریریز: مکرم محمد ارشد احمدی صاحب

12 جولائی بروزجمعرات

پیشگوئی دربارہ محمدی بیگم پر اعتراضات کے جوابات : مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب۔ ریویو آف ریلیجنز:مکرم عامر سفیر صاحب۔ ایم ٹی اے کے پروگراموں کا تعارف :مکرم آصف محمود باسط صاحب۔ وفات مسیح ناصری علیہ السلام:مکرم سفیر احمد خان صاحب۔ عائلی معاملات:مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب۔ جماعت کے شعبہ جات کا تعارف:مکرم رانا مشہود احمد صاحب۔ نظام شوریٰ :مکرم منصور احمد شاہ صاحب

13 جولائی بروز جمعہ

•اسلامی جہاد:مکرم منصورکلارک صاحب۔سیرت النبی ﷺ : مکرم رواح الدین عارف صاحب

بعدہُ تمام مبلغین نے طاہر ہاؤس (ڈیئر پارک روڈ، لندن) کا دورہ کیا جہاں بہت سے جماعتی دفاتر، کتب سلسلہ کا سٹوراور مخزنِ تصاویر کی نمائش ہے۔ یہاں سے مربیان کا قافلہ مسجد بیت الفتوح پہنچا جہاں سب نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کی اقتداء میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت پائی ۔ بعدازاں کھانے سے فارغ ہوکر واپس محمود ہال پہنچے جہاں مبلغین کرام نے کورس کے بارہ میں اپنے تاثرات اور تجاویز پیش کیں ۔

اس ریفریشر کورس کا سب سے زیادہ بابرکت پہلو سیدنا حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ریفریشر کورس کےآخری روز یعنی 13 جولائی بروز جمعہ بعد نماز عصر سب مبلغین کو شرف ملاقات بخشنا تھا ۔ حضورپُرنور نےہلکے پھلکے انداز میں مبلغین سے سوالات بھی کئے اور راہنمائی بھی عطافرمائی۔ بعدازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیّت میں مبلغین کرام اور پھر انتظامیہ کے ممبران نے تصاویر بنوانے نیز حضور انور سےشرفِ مصافحہ حاصل کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ اور یوں یہ پہلا ریفریشر کورس بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ علی ذالک۔

دعا ہے کہ خدا تعالیٰ مبلغین سلسلہ کے لئے یہ ریفریشر کورس بہت بابرکت فرمائے اور سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مبلغین کرام سے جو توقعات رکھتے ہیںوہ ان پر پورا اترنے والے بنیں۔ آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button