افریقہ (رپورٹس)

کانگو برازاویل کے گاؤں سولئی میں احمدیت کا نفوذ اور مسجد کی تعمیر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مئی 2015 ء میںکانگو برازاویل کے دوسرے بڑے شہر پوائنٹ نوار میں احمدیہ مشن کا قیام عمل میں آیا۔جس کے بعددُوراور قریب کے دیہات میں حضرت اقدس مسیح موعو دعلیہ الصلوٰۃ و السلام کے پیغام کو پہنچانے کے لئے تبلیغ کا آغاز کیا گیا۔اس سلسلے میں ’’گاؤں سولئی ‘‘ وہ پہلا گاؤں ہے جہاں جماعت کا تبلیغی وفد پہنچا اور بفضلِ خدا اس علاقے میں سب سے پہلے اسی گاؤں کے 8لوگوں کو مع چیف ویلج جنوری 2017ء میں جماعت احمدیہ میں داخل ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ یہ گاؤں پوائنٹ نوار شہر سے 40 کلو میٹر کے فاصلے پر سمندر کےکنارے واقع ہے۔

آغازمیں احباب جماعت ایک کچی جگہ پر نمازیں ادا کرتے تھے۔بعدازاں گاؤں میں احمدیہ مسجد کے لئے باقاعدہ جگہ ملنے پر احمدیہ مسجد کی تقریب سنگ بنیاد کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب کے لئے 23 ؍اپریل کو مکرم سعید احمد صاحب نیشنل صدر ومشنری انچارج کانگو برازاویل پوائنٹ نوار پہنچے۔وہاں سےمورخہ 24 ؍ اپریل 2018 ء کو 9؍ا حباب پر مشتمل قافلہ 11 بجے صبح گاؤں سولئی پہنچا ،جہاں گاؤں کے لوگوں کے علاوہ قریب کے دیہات سے بھی احباب اور گاؤں کے چیف موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ مکرم عبداللہ صاحب صدر جماعت انکائی شہر نے جماعت کا تفصیلی تعارف کروایا۔اس کے بعد نیشنل صدر ومشنری انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں مساجد کے قیام اور نمازوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

چیف آف ویلج نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کی طرف سے مسجد تعمیر کرنے کو اپنے گاؤں کے لئے سعادت قرار دیتے ہوئے جماعت کو خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں سنگ بنیاد رکھا گیا۔تقریب کے اختتام پر دعا کروائی گئی اور تمام احباب ومہمانان کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

سنگ بنیاد رکھنے والوں کے اسماء درج ذیل ہیں :

1۔مکرم سعید احمد صاحب نیشنل صدر ومشنری انچارج کانگو برازاویل۔2۔ خاکسار نوید احمد اشرف مبلغ سلسلہ پوائنٹ نوارشہر۔ 3۔ مکرم Bekolo Omar صاحب چیف آف ویلج سولئی۔ 4۔ مکرم Eongo Modeste صاحب سیکرٹری آف ویلج سولئی۔ 5۔مکرم عبداللہ صاحب صدرجماعت انکائی شہر۔ 6۔مکرم بشیر Sakala صاحب معلم سلسلہ۔ 7۔مکرم عثمان Zinga صاحب آف پوائنٹ نوار شہر۔ 8۔ مکرمNianga Ali صاحب آف پوائنٹ نوار شہر۔ 9۔ مکرم یاں کلود صاحب آف برازاویل۔ 10۔ مکرم چیف آف ویلج کیولو۔ 11۔ مکرم عباس صاحب آف ویلج سولئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 14؍مئی2018 ء کو سولئی گاؤں کی احمدیہ مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ نیشنل صدر و مشنری انچارج صاحب کانگو برازاویل نے نماز ظہر وعصرکی ادائیگی کے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا۔

بعدازاں اجلاس عام رکھا گیا تھا جس میں تلاوت قرآن مجید اورنظم کے بعد خاکسار اور نیشنل صدر و مشنری انچارج صاحب نے مساجد کو ہمیشہ آباد رکھنے اور نمازوں کی اہمیت کے متعلق بیان کیا ۔ دعا کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔احباب وخواتین سمیت کُل 25 ؍افراد نے اس اجلاس میں شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کی جلد از جلد تعمیر کے لیے روزانہ وقار عمل کئے گئے جن میں احباب نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔گاؤں میں سامان کی عدم دستیابی اور شدید بارشوںکے باوجود مسجد کی تعمیر کا کام 20 دنوں میں مکمل ہوا۔اور پروگرام کے عین مطابق ریجنل جلسہ سالانہ کے فوراً بعد احمدیہ مسجد کا افتتا ح عمل میں آیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button