مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات مورخہ 07؍ تا 13؍دسمبر 2018ء

مورخہ 07؍دسمبر تا 13؍دسمبر 2018ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے: 

٭…7؍ دسمبر بروز جمعۃ المبارک :(مسجد بیت الفتوح) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر چند بدری اصحابؓ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی سِیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز سلطنتِ اسلامیہ کے خلاف عہد شکنی، فتنہ انگیزی، سازش قتل وغیرہ کی کارروائیوں میں ملوّث یہودی سردار کعب بن مالک کے قتل کا تذکرہ فرمایا اور معترضین کے اعتراضات کے جوابات شاملِ خطبہ فرمائے۔

٭…8؍ دسمبربروز ہفتہ:  نمازِ ظہر و عصر سے قبل مسجد فضل لندن میںمجلس خدام الاحمدیہ Reutlingen(جرمنی) کے ایک وفد نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

٭ …9؍ دسمبر بروز اتوار: شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب (انچارج انصار سیکشن مرکزیہ) کی صاحبزادی عزیزہ انیلہ سوسن صاحبہ کی تقریبِ رخصتانہ کو برکت بخشنے کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ عزیزہ انیلہ سوسن صاحبہ کی شادی مکرم طاہر احمد خان ابن مکرم شمیم احمد خان صاحب کے ساتھ قرار پائی تھی۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی۔ بعد ازاں شادی کی تقریب میں شرکت فرمائی۔

٭ …10؍ دسمبر بروز سوموار: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ  بنصرہ العزیز دوپہر گیارہ بج کر اڑتیس منٹ پر طاہر ہاؤس 22؍ ڈیئر پارک روڈ لندن رونق افروز ہوئے اور مرکزی دفاتر کا تفصیلی معائنہ فرمایا۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت دفاتر مینیجر الفضل انٹرنیشنل، ایڈیٹر الفضل انٹرنیشنل، ویئر ہاؤس ایڈیشنل وکالت اشاعت لندن، ریویو آف ریلیجنز، مرزا شریف احمد فاؤنڈیشن، AARC، پرائیویٹ سیکرٹری (ریکارڈ) آفس، وقفِ نَو مرکزیہ ، پریس اینڈ میڈیا آفس، AMJانٹرنیشنل لیگل ڈیپارٹمنٹ، مخزنِ تصاویر، AMJ انٹرنیشنل، الشرکۃ الاسلامیہ لمیٹڈ، رسالہ التقویٰ(عربی) کو اپنے بابرکت قدموں سے برکت بخشی اور معائنہ فرمایا۔ اس دورہ کے دوران حضورِ انور نے دفاتر سے متعلق متعدد امور کی بابت رہنمائی اور ہدایات عطا فرمائیں۔حضورِ انور بارہ بج کر بیس منٹ پر مسجد فضل لندن واپس تشریف لے گئے۔

٭ ……11؍ دسمبر بروز منگل: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر سے قبل مکرم محمود احمد صاحب ابن مکرم ڈاکٹر بشیر احمد شاد صاحب (نارتھ لندن)کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 7مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭ ……12؍ دسمبر بروز بدھ:حضور انور نے نماز مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ ندائے نصرت صاحبہ بنت مکرم میجر ابن السلام صاحب (مرحوم) کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم صباح الفاتح عباسی ابن مکرم صفدر حسین عباسی صاحب کے ساتھ طَے پائی تھی۔

٭ ……13؍ دسمبر بروز جمعرات: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر سے قبل مکرمہ ارجمند سلطانہ صاحبہ اہلیہ مکرم لطیف احمد صاحب مرحوم (Hayes، یوکے)کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 7مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کے مبلغین سلسلہ، ذیلی تنظیموں کے صدوراور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

ان ایّام میں 115؍فیملیز اور56 ؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے ملاقات کرنے کی سعادت حاصل کی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 11؍ ممالک سے تھا :کینیڈا، امریکہ، ماریشس، جرمنی، بیلجئم، ہالینڈ، ناروے، فن لینڈ، سوئٹزر لینڈ، پاکستان، اور یوکے۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭٭٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button