مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات 28؍ دسمبر2018ء تا 03؍جنوری 2019ء

مورخہ 28؍دسمبر2018ء تا 03؍جنوری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں  مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

*…28؍ دسمبر بروز جمعۃ المبارک:(مسجد بیت الفتوح) حضورِ  انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں چند بدری صحابہ کی سیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز شام سے تعلق رکھنے والے صالح، مخلص اور شریف النفس احمدی محترم نادر الحصنی صاحب کی وفات پر ان کا ذکر خیر فرمایا اور نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح  الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

*…29؍ دسمبربروز ہفتہ: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ  ظہر و عصر سے قبل مکرم مرزا عبد الرشید صاحب ابن مکرم مرزا محمد عبد اللہ صاحب درویش قادیان کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 2 مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

*…30؍ دسمبر بروز اتوار: (طاہر ہال، مسجد بیت الفتوح۔لندن) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی اجلاس سے خطاب فرمایا جس میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تحریرات کی رو سے نبی اکرمﷺ کا عالی مقام و مرتبہ بیان فرمایا۔ حضورِ انور نے دعا کے ساتھ اس مبارک جلسہ کا اختتام فرمایا۔ (اس مبارک تقریب کی تفصیلی رپورٹ اسی شمارہ میں ملاحظہ فرمائیں۔)

*…31؍ دسمبر بروز سوموار: حضور انور نے نماز مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ خولہ انعام بھٹی بنت مکرم انعام اللہ بھٹی صاحب کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم سعید احمد صاحب ابن مکرم یعقوب احمد سندھی صاحب کے ساتھ طَے پائی تھی۔

*…یکم ؍ جنوری 2019ءبروز منگل: آج حسبِ روایت سالِ نَو کا آغاز جماعتِ احمدیہ کی اکثر مساجد میں نمازِ تہجد کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ مسجد فضل میںتقریبًا 1200 مرد اور 700 خواتین نے نمازِ تہجد پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جب نمازِ فجر پڑھانے کے لئے تشریف لائے تو مسجد فضل کے مرکزی ہال کے علاوہ تمام اطراف کے صحن اور مسجد کے احاطہ میں موجود دیگر ہالز بھی نمازیوں سے پُر تھے۔ صرف حضورِ انور کی رہائش گاہ سے مسجد تک تشریف لے جانے کی راہداری خالی تھی۔ حضورِ انور نے نمازِ فجر کے بعد تمام احمدیوں کو ’السلام علیکم‘ کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد کا تحفہ عنایت فرمایا۔ اس موقع پر برطانیہ کے مختلف شہروں کے علاوہ یورپ اور دیگر دور دراز ممالک سے مخلصین اپنے پیارے امام کی اقتدامیں سال کی پہلی نماز فجر کی ادائیگی اور حضور ِ انور کی زبان مبارک سے نئے سال کی مبارکباد پر مشتمل دعائیہ کلمات براہِ راست حاصل کرنے کی غرض سے یہاں اکٹھے تھے۔

٭…نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور نے ایک نکاح کی تقریب کو برکت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن) نے نکاح پڑھایا جبکہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس نکاح کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو مبارکباد دی۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے تین روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس ہفتہ کے دوران130 ؍فیملیز اور 42؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 23؍ ممالک سے تھا جن میں سینیگال، امریکہ، کینیڈا، جرمنی، ناروے، بیلجئم، فرانس، ماریشس، بنگلہ دیش، پاکستان، سپین، ٹرینیڈاڈ، فن لینڈ، ہالینڈ، سویڈن، سوئٹزر لینڈ، آئرلینڈ، نائجیریا، رومانیہ، آسٹریلیا، یوکے اور بعض عرب ممالک شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button