افریقہ (رپورٹس)

کانگو برازاویل کے دو دیہات میں مساجد کا بابرکت افتتاح اور دو پرائمری سکولز کے سنگ بنیاد کی تنصیب

مکرم سعید احمد صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج کانگو برازاویل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کو 5؍مئی 2018ء کو گاؤں Engankou اور 6مئی 2018ء کو گاؤں Itali میں مساجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔

Engankouدار الحکومت ’’برازاویل‘‘ سے تقریباً تین صد کلو میٹر شمال کی طرف واقع ہے جس میں دو چرچ ہیں۔جماعت احمدیہ کے ذریعہ ہی اس گاؤں میں اسلام کا پیغام پہنچا اور پہلی مسجد بنانے کی توفیق ملی۔ مسجد کی تعمیر کے لئے گاؤں کی مقامی انتظامیہ نے پچاس مربع میٹر قطعہ زمین تحفۃً دی۔ 22؍اپریل 2017ء کو خاکسار کو مسجد کی بنیاد رکھنے کی سعادت ملی۔ گاؤں کے احمدیوں نے انتہائی محنت کے ساتھ مسجد کی تعمیر کے لئے لکڑی کاٹی، مٹی کی کھدائی کی، پانی لے کر آئے اوردیگر کاموں میں حصّہ لیا۔ مسجد کی تعمیر 10×8مربع میٹر پر ہوئی ہے۔

مسجد کی افتتاحی تقریب میں گاؤں کے نمبردار اپنی کابینہ کے ساتھ اور دونوں چرچوں کے پادری صاحبان شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم ، جماعت احمدیہ کے تعارف اور مسجد کے حوالہ سے رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد مہمانوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔ سب نے جماعت احمدیہ کی امن کے لئے کوششوں کو سراہا۔ ایک پادری صاحب نے کہا کہ ہمارا افتتاح کے موقع پر مسجد کے اندر آنا ثابت کرتا ہے کہ جماعت احمدیہ کے ساتھ ہم سب مل کر اس گاؤں میں محبت کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔ اور آئندہ بھی اسی طرح مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اختتامی تقریر میں خاکسار نے اسلام میں مساجد کی اہمیت کے بارہ میں بتایا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کے اسوۂ حسنہ کے چند واقعات سے ثابت کیا کہ ہماری مساجد بھی حقیقی اسلام کے مطابق سب کے لئے بلا تفریق کھلی ہیں۔دعا کے بعد کھانے اور ریفریشمنٹس کا انتظام تھا۔ پروگرام کی حاضری تقریبًا 165 رہی۔ فالحمد للہ علی ذالک۔

… … … … … …

Italiگاؤںمیں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کے ذریعہ ہی اسلام کا پیغام پہنچا۔ اس گاؤں میں ایک ہی چرچ ہے اور 200نفوس پر مشتمل گاؤں ہے۔ مسجد کی تعمیر کے لئے لوکل انتظامیہ نے جماعت کو قطع زمین تحفہ کے طور پر دی۔ مسجد کی تعمیر 6×8 مربع میٹر پر ہوئی ہے۔

افتتاحی تقریب کا وقت 10 بجے تھا لیکن چرچ کے پادری صاحب کی درخواست پر افتتاحی تقریب 12 بجے رکھی گئی تاکہ وہ 10 بجے اپنی عبادت سے فارغ ہو کر ہماری تقریب میں شامل ہو سکیں۔ چنانچہ اس تقریب میں پادری صاحب اپنے لوگوں کے ساتھ شامل ہوئے نیز گاؤں کے نمبردار اپنی کابینہ کے ساتھ بھی شامل ہوئے۔پروگرام کی حاضری 80 کے قریب رہی۔

…………………………

پرائمری سکولز کے سنگ بنیاد کی تنصیب

Itali گاؤں میں ہی مسجد کے افتتاح کے بعد ایک پرائمری سکول کی بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔اسی طرح Pygmies گاؤں میں ایک اور پرائمری سکول کی بنیاد رکھی گئی۔ یہ دونوں سکولز ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی مدد سے تعمیر کئے جائیں گے۔

اللہ تعالیٰ ہماری حقیر کوششوں میں برکت ڈالے اور سب کام کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button