مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی مصروفیات مورخہ 25 جنوری تا 03 فروری 2019ء

مورخہ 25جنوری تا03فروری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭…25؍ جنوری بروز جمعۃ المبارک :حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح لندن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر ، چند بدری صحابہ رضی اللہ عنہم کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمایا۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

٭…26؍ جنوری بروز ہفتہ: آج نمازِ ظہر سے قبل دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ مجلس انصار اللہ سویڈن کے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور نے ان کے ملکی اور جماعتی حالات کے مطابق زرّیں نصائح اور روہنمائی سے نوازا۔

٭…حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذیل4 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔ نیز تمام فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔

1۔ عزیزہ حنا رحمان (واقفہ نَو) بنت مکرم عبد الرحمان صاحب (کوٹلی، آزاد کشمیر) ہمراہ مکرم حسیب احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ سیالکوٹ) ابن مکرم محمد ایوب صاحب (کوٹلی، آزاد کشمیر) ۔2۔ عزیزہ مریم منور بنت مکرم منور احمد صاحب (سیالکوٹ) ہمراہ مکرم عبد الباسط صاحب (مربی سلسلہ۔ طاہر فاؤنڈیشن) ابن مکرم عبدالحمید صاحب (ربوہ)۔3۔ عزیزہ درِّ شہوار احمد بنت مکرم سعید احمد صاحب (بیلجئم) ہمراہ مکرم شہزاد مطیع صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم مطیع الرحمان صاحب (مانچسٹر)۔ 4۔ عزیزہ سِیتی مریم صدیقہ بنت مکرم عمر فاروق احمدی صاحب (انڈونیشیا)ہمراہ مکرم یاسر احمد وسیم صاحب ابن مکرم وسیم احمد ناصر صاحب (کارکن دفتر امام مسجد فضل لندن)۔

٭…27؍ جنوری بروز اتوار: آج نمازِ ظہر سے قبل دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ لجنہ اماء اللہ سوئٹزر لینڈ کی نیشنل عاملہ اور ریجنل و مقامی صدرات نے حضور انورسے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور نے ان کے ملکی اور جماعتی حالات کے مطابق زرّیں نصائح سے نوازا اور رہنمائی فرمائی۔

٭… آج نمازِ عصر کے بعد مجلس انصار اللہ سوئٹزر لینڈ کی نیشنل عاملہ و زعماء نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور نے زرّیں نصائح سے نوازا اور رہنمائی فرمائی۔

٭…28؍ جنوری بروز سوموار: نمازِ عصر کے بعد حضورِ انور نے ایک نکاح کی تقریب کو برکت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن) نے نکاح پڑھایا جبکہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نکاح بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔

٭…29؍ جنوری بروز منگل: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر سے قبل مکر مہ خدیجہ بشریٰ صاحبہ (اہلیہ مکرم بشیر احمد خالد صاحب۔ ربوہ۔ حال Clapham یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 7مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭…31؍ جنوری بروز جمعرات: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ ظہر سے قبل مکرمہ نرگس ناہید صاحبہ (اہلیہ مکرم عزیزاللہ صاحب۔ مورڈن، یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 5مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭…یکم ؍فروری بروز جمعۃ المبارک :حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح لندن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر ،جنگ یمامہ میں شہادت کا عظیم مرتبہ پانے والے بدری صحابی حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ کی سیرتِ مبارکہ کا ایمان افروز اور دلنشین تذکرہفرمایا۔ نیز خلافتِ احمدیہ سے انتہائی محبت اور اطاعت کا تعلق رکھنے والےایک دیرینہ خادم سلسلہ و بزرگ، متبحر عالم سلسلہ پروفیسر سعود احمد خان صاحب کی وفات پر ان کا ذکرِ خیر فرمایا اور ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

٭…02؍ فروری بروز ہفتہ: آج نمازِ ظہر سے قبل لجنہ اماء اللہ نارتھ ویلز، یوکے نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔

٭…نمازِ عصر کے بعد ٹی آئی کالج اولڈ ایسو سی ایشن (یوکے اورجرمنی )کے ممبران نے اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کی سعادت حاصل کی۔

٭آج شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور مکرم یاسر احمد وسیم صاحب ابن مکرم وسیم احمد ناصر صاحب (کارکن دفتر امام مسجد فضل لندن)اور عزیزہ سیتی مریم صدیقہ بنت مکرم عمر فاروق احمدی صاحب (انڈونیشیا) کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی اور دعوتِ ولیمہ میں شرکت فرمائی۔

٭…03؍ فروری بروز اتوار: آج دیگر افتری ملاقاتوں کے علاوہ نمازِ ظہر سے قبل مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کے ایک وفد نے حضور انور کے ساتھ شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

٭…نمازِ عصر کے بعد الفضل انٹرنیشنل(لندن) کے جملہ سٹاف و رضاکاران نے اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا اعزاز پایا نیز حضور پُر نور سے مصافحہ کی سعادت بھی حاصل کی۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت ویل چیئر پر موجود ایک بزرگ ممبر ٹیم مکرم محمد حنیف صاحب کا حال دریافت فرمایا اور ان کی طرف سے پیش کی جانے والی مٹھائی کو متبرّک فرمایا۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدور اور نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس ہفتہ کے دوران105 ؍فیملیز اور66؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 15؍ ممالک سے تھا جن میں آئس لینڈ، سوئٹز رلینڈ، ہالینڈ، جرمنی، کینیڈا، امریکہ، میکسیکو، سویڈن، ناروے، آسٹریلیا، فن لینڈ، انڈیا، قازاقستان، پاکستان اور یوکے شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button