مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ  کی مصروفیات مورخہ 29؍مارچ تا 04؍اپریل 2019ء

مورخہ29؍ مارچ تا 04؍ اپریل 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭… 29مارچ بروزجمعۃ المبارک: حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص و وفا کے پيکر چند بدري اصحابِ رسولﷺ کي سيرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا ا۔ اس کے علاوہ مکرم غلام مصطفيٰ اعوان صاحب (ربوہ) اور مکرمہ امة الحئي صاحبہ اہليہ مکرم محمد نواز صاحب کاٹھگڑھي(ربوہ)کي وفات پر ان کا ذکرِ خير فرمایا اور اور انکی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

٭…30؍ مارچ بروز ہفتہ : آج صبح کوریا میں قائم دنیا میں امن کے قیام کے لیے کوشش کرنے والی ایک مشہور NGO جسے HWPL کہتے ہیں کی تین کوآرڈینیٹرز پر مشتمل وفد نے Ms Rupina Kim کی سرکردگی میں حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔یہ وفد کوریا سے خصوصی طور پر حضورِ انور سے ملنے حاضر ہوا تھا۔ وفد کے ممبران نے حضورِ انور کو اپنی تنظیم کا تعارف کروایا نیز دنیا میں قیامِ امن کے لیے کی جانے والی حضورِ انور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے حضورِ انور کو اپنے سالانہ جلسہ میں تشریف لانے اور صدارتی خطاب فرمانے کی دعوت دی۔

٭…آج بعد نمازِ ظہر جرمنی سے مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت آئے ہوئے 89؍ طلباء نے حضورِ انور سے اجتماعی ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

٭…نمازِ عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والے15؍ بچوں اور 14؍ بچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

٭…31؍ مارچ بروز اتوار: آج دوپہر کو 182؍ خدام پر مشتمل مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ ان خدام میں سے اکثریت کی حضورِ انو رکے ساتھ گزشتہ تین سال میں جبکہ 24؍ خدام کی زندگی میں پہلی ملاقات تھی۔

٭…آج نمازِ عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والے6؍ بچوں اور 13؍ بچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

٭…02؍اپریل بروز منگل: آج صبح دفتری ملاقاتوں کے دوران ممبریورپین پارلیمنٹ مسٹر Bernd Lucke نے حضورِ انور ایدہ اللہ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔موصوف جرمنی سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک ماہر معاشیات(Economist) ہیں۔موصوف نے حضورِ انور سے یورپ میں امیگریشن کے مسائل نیز یورپ کے عمومی سیاسی حالات کے بارہ میں تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات کے آخر میں حضورِ انور نے فرمایا کہ ہمارا یہ دستور ہے کہ Once a friend always a friend۔ آپ نے ہماری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے تو جماعت احمدیہ ہمیشہ آپ کے ساتھ یہ دوستی نبھائے گی۔

٭…نمازِ عصر کے بعد یوگنڈا کے ہائی کمشنر H.E. Julius Peter Moto نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔موصوف نے ذکر کیا کہ وہ باقاعدہ طور پر سول سروس میں قدم رکھنے سے پہلے زمینداری کا کام کرتے تھے۔ حضورِ انور نے اس ضمن میں اپنی دلچسپی کا اظہار فرماتے ہوئے فرمایا کہ میرے خیال میں اگر افریقہ پورے اخلاص کے ساتھ محنت اور کوشش کرے تو پوری دنیا کے لیے اناج کی فراہمی کو ممکن بنا سکتا ہے، پوری دنیا کا bread basket بن سکتا ہے۔ افریقہ سے ہر قسم کی فصل حاصل کی جا سکتی ہے۔ موصوف نے حضورِ انور سے عرض کیا کہ سنا ہے آپ نے گھانا میں اپنے قیام کے دوران گندم اگانے کا کامیاب تجربہ کیا تھا؟ حضورِ انور نے فرمایا کہ آپ نے درست کہا۔ مجھے بہت سے تجربات کے بعد وہاں گندم کی فصل اگانے میں کامیابی حاصل ہو گئی تھی۔

٭…آج شام کی ملاقاتوں کے دوران حضورِ انو رایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ بشریٰ ملاحت بنت مکرم احمد عرفان صادق صاحب (مربی سلسلہ ربوہ) کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم تلمیذ احمد صاحب کے ساتھ طے پائی ہے۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ پانچ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کے امرائے جماعت، ذیلی تنظیموں کے صدور، نیشنل سیکرٹریان، حکومتی ایوانوں کے بعض ممبران، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس عرصہ کے دوران113؍ فیملیز اور55؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق12؍ ممالک سے تھا جن میں

امریکہ،کینیڈا، ہالینڈ، جرمنی، بیلجیم، ماریشس، نائیجیریا، پاکستان، فرانس، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور یوکے شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button