از مرکز

نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ جرمنی کے رضاکاران و کارکنان کی حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات

جماعت احمدیہ جرمنی کے نیشنل شعبہ تبلیغ میں خدمت کرنے والے جملہ احباب کی یہ شدید خواہش تھی کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں حاضر ہو کر حضور پُر نور سے تبلیغ کے کاموں کے متعلق براہ راست رہنمائی اور ہدایات حاصل کریں۔ اس غرض سے جنوری 2019ء میں ایک تحریری درخواست حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں ارسال گئی جس کے جواب میں حضورِانور نے ازراہ شفقت 14؍ اپریل 2019ء کو حاضر ہونے کا ارشاد فرمایا۔الحمدللہ۔ اس شعبہ سے منسلک احباب کو جب اس خوشخبری سے مطلع کیا گیا تو سب نے اس عظیم الشان سعادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

مقررہ روز دوپہر پونے ایک بجے مسجد فضل لندن سے ملحقہ محمود ہال میں یہ ملاقات ہوئی جس میں مرکزی شعبہ تبلیغ کی ٹیم کے تقریبًا سو ممبران شامل ہوئے۔ ملاقات سے قبل مختلف اوقات میں کئی ممبرانِ وفد نے مسجد فضل میں نوافل کی ادائیگی میں وقت صرف کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت تقریبًا ایک گھنٹہ شعبہ تبلیغ جرمنی کی ٹیم کو عطافرمایا اور نہایت قیمتی نصائح سے نوازا۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔

ملاقات کے اختتام پر حضورِانور نے کمال شفقت سے شاملین کو گروپس کی صورت میں اپنے ساتھ تصاویر اتروانے کی اجازت عطا فرمائی اور تمام ہی ممبران وفد نے حضور پُر نور سے شرف مصافحہ حاصل کیا۔
اس ملاقات کا مقصد جرمنی میں ہونے والی مختلف تبلیغی سرگرمیوں اور نئے چیلنچز کے حوالہ سے راہنمائی حاصل کرنا تھا۔چنانچہ احباب نے تبلیغ میں پیش آنے والے مسائل کا ذکر کیا جس پر حضور انور نے قیمتی ہدایات و راہنمائی سے نوازا۔

ایک ممبر وفد نے نمائندہ الفضل کو بتایا کہحضور انور نے بڑی گہرائی اور بہت ہی پیارے انداز میں تمام سوالات کے جوابات عطا فرمائے۔ حضور انور کی مجلس میں بیٹھنا ہی ہمارے لیےایک inspirationکا موجب تھا۔ حضور انور نے ہمیں ہدایت فرمائی کہ ہم اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے کام کو اَور تیز کریں اور باقی سب خدا تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔ حضور انور نے یہ بھی فرمایا کہ ہو سکتا ہے کہ لوگ ابھی ہمارے پیغام کو سننا پسند نہ کریں لیکن بظاہر شواہد یہی ہیں اور پیشگوئیوں سے بھی یہی لگتا ہے اور تاریخ بھی یہی بتاتی ہے کہ جب تک ٹھوکر نہ لگے لوگوں کی اصلاح نہیں ہوتی۔ جب ان لوگوں کو ٹھوکر لگے گی تب انہیں ہماری دی ہوئی warning یاد آئے گی۔

نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ جرمنی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت معیت میں

حضورِ انور نے حال ہی میں ملاقات کے لیے آنے والے والے ایک جرمن سیاستدان کے حوالہ سے بتایا کہ جرمنی کے پانچ فی صد لوگوں کو بھی ابھی جماعت کا تعارف نہیں ہے اور پھر اس امر پر خاص زور دیا کہ آپ جلد ازجلد اور تیزی کےساتھ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے تعارف اور حضورؑکی بعثت کے مقصد سے جرمنی کے ہر فردکو متعارف کروانے کی کوشش کریں۔

حضورِ انور نے ہر علاقے کے مزاج اور وہاں بسنے والوں کی نفسیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تبلیغی پروگرام سرانجام دینے نیز مجموعی طور پر تبلیغ کے کاموں کو بہتر کرنے کے لیے زرّیں ہدایات سے نوازا۔

(رپورٹ: صفوان احمد ملک ۔آفس انچارچ شعبہ تبلیغ جرمنی)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button