از مرکز

احمدیہ یورپین فٹ بال ٹورنامنٹ 2019ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلسِ صحت جماعت احمدیہ برطانیہ کے زیرِ انتظام دوسرےیورپین فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد حضورِ انور کی اجازت کے ساتھ مورخہ 19؍ تا 22؍ اپریل 2019ء کو لندن میں ہوا۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت اس ٹورنامنٹ کا نام ‘احمدیہ یوروپین فٹ بال ٹورنامنٹ’ عطا فرمایاہے۔

مورخہ 19؍ اپریل کو مسجد بیت الفتوح میں اس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں میچز کے لیے قرعہ ڈالا گیا۔ امسال اس ٹورنامنٹ میں گذشتہ سال سےچار زائد ٹیموں نے شمولیت اختیار کی۔ کل چودہ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیاتھا جن میں یوکے (اے)، جرمنی(اے)، جرمنی(بی) اور بلغاریہ گروپ A میں اور یو کے (بی)، پین افریقن احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن، فضلِ عمر فٹبال کلب، ڈنمارک اور سویڈن گروپ B میں جبکہ جامعہ احمدیہ یو کے، آئرلینڈ، بیلجیم، ہالینڈ اور جامعہ احمدیہ جرمنی گروپ C میں شامل تھیں۔

اتوار 21؍ اپریل تک تمام گروپ میچز اور کوارٹر فائنلز کھیلے جا چکے تھے۔ سوموار 22؍ اپریل بروز سوموار سیمی فائنلز اور فائنل کھیلے گئے۔

پہلا سیمی فائنل جرمنی(اے) اور یو کے (بی) کے مابین کھیلا گیا جو جرمنی (اے) نے تین صفر کی برتری کے ساتھ جیت لیا۔

دوسرا سیمی فائنل یوکے(اے) اور پین افریقن احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن کے مابین کھیلا گیا جو یوکے(اے) نے چار صفر کی برتری کے ساتھ جیت لیا۔

فائنل جیسا کہ واضح ہے جرمنی(اے) اور یوکے(اے) کے مابین کھیلا گیا جو ایک نہایت دلچسپ اور سخت مقابلہ کے بعد جرمنی(اے) نے ایک صفر کی برتری کے ساتھ جیت کر ‘احمدیہ یورپین فٹبال ٹورنامنٹ 2019ء’ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔

دوسرے احمدیہ یورپین فٹبال ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم جرمنی (اے)

تقریب تقسیمِ انعامات میں فاتح ٹیم جرمنی(اے) اور دوم ٹھہرنے والی ٹیم یوکے(اے) کے علاوہ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے حوالہ سے جو انعامات دیے گئے ان کی تفصیل کچھ یوں ہے: بااصول کھیلنے(Fair Play) پر ڈنمارک کی ٹیم انعام کی مستحق ٹھہری، بہترین گول کیپر رمیض احمد(جرمنی اے)، سب سے زیادہ گول کرنے والے پلیئراحمد بٹ(ہالینڈ)، جبکہ پلیئر آف ٹورنامنٹ عمر نیجا(Omar Nija) (جرمنی اے)ٹھہرے۔ انعام کے مستحق تمام احباب کو حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دستخط شدہ اسناد سے بھی نوازا گیا۔ اللہ تعالیٰ یہ سب اعزاز ان کے لیے مبارک فرمائے۔
برطانیہ میں کھیلوں کے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا ایک مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ممبران جماعت کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بابرکت قرب میں وقت گزارنے، حضورِ انور کی اقتدا میں نمازیں ادا کرنے اور زیارت مرکز کرنے کا موقع فراہم کرنا بھی ہوتا ہے۔
20؍ اپریل کی شام جماعت احمدیہ کے عالمی مرکز ‘اسلام آباد’ میں ان تمام ٹیموں کی پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیت میں اجتماعی تصاویر ہوئیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان مقابلہ جات کے انعقاد کے اصل مقاصد حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور تمام احمدی صحت مندوجود اور صحت مند ذہن کے ساتھ احمدیت اور معاشرے کے لیے مفید وجود ثابت ہوں۔ آمین

(رپورٹ:شیخ ثمر احمد۔سیکرٹری احمدیہ یورپین فٹ بال ٹورنامنٹ2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button