جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے28ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت اور کامیاب انعقاد

الحمدللہ امسال برکینا فاسو کا اٹھائیسواں جلسہ سالانہ 29، 30اور 31 مارچ 2019ءکو ملک کےدارالحکومت واگاڈوگو کے قریب ایک جماعتی قطعہ “بستان مہدی ’’میں منعقد ہوا۔ جلسہ کے خطابات فرنچ اور اردوزبان میں ہوئےاور پھر مزید تین لوکل زبانوں(مورے،جولا اور فلفلدے)میں ان کے تراجم پیش کیے جاتے رہے ۔

اس جلسہ کے لیے مہمان خصوصی اور نمائندہ حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مکرم و محترم مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب، مفتی سلسلہ عالیہ احمدیہ و ناظر دعوت الی اللہ پاکستان سے تشریف لائے۔
دیگرمہمانان کرام میں جماعت احمدیہ گھاناکاوفداوربیلجیم کے نائب امیر جماعت و مشنری انچارج مکرم و محترم حافظ احسان سکند ر صاحب بھی شامل تھے۔

بستانِ مہدی کا فضائی منظر

جلسہ کے آغاز سے قبل امیرو مشنری انچارج برکینا فاسو مکرم ومحترم محمود ناصر ثاقب صاحب اور افسر جلسہ سالانہ مکرم و محترم عبد الرحمٰن جیالو صاحب نےایک پریس کا نفرنس بلائی جس میں جلسہ سالانہ برکینافاسو کےاس سال کے موضوع ‘‘ذکر الٰہی’’اور جماعت کے بارہ میں آگاہ کیا گیا اور صحافیوں کے سوالات کےجوابات دیے ۔

جلسہ کے آغاز سے ایک روز قبل 28 مارچ کو مکرم نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مقام جلسہ اور تمام شعبہ جات کا معائنہ فرمایا اور قیمتی مشوروں سے نوازا۔

پہلا دن :۔29 مارچ 2019 بروز جمعہ:دن کا آغاز نماز تہجد ،نماز فجر اور درس بعنوان ‘‘ذکر الٰہی’’سے ہوا ۔بعد خطبہ جمعہ از حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دو بجےدوپہر امیرو مشنری انچارج صاحب نے ایک مختصر خطبہ ارشاد فرمایا ۔اس کے بعد نماز جمعہ و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔دوپہر کے کھانے کے بعدپرچم کشائی اور دعا سے اس بابرکت جلسہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

افتتاحی تقریب کی صدارت بیلجیم کے نائب امیر جماعت و مشنری انچارج مکرم و محترم حافظ احسان سکند ر صاحب نے فرمائی۔تلاوت قرآن کریم اورنظم “حمد و ثناء اسی کو’’کے بعدافسر صاحب جلسہ سالانہ نے تمام مہمانان کرام اور شاملین کو خوش آمدید کہا اس کے بعد صدر مجلس نے افتتاحی خطاب میں امسال کے جلسہ سالانہ کے موضوع “اَلَا بِذکر اللّٰہ تطمئن القلوب”یقیناً دل اللہ کے ذکر سے ہی اطمینان پاتے ہیں،پر ایک تقریرکی۔ اس افتتاحی اجلاس میں سٹیٹ منسٹر آف ٹیریٹوریل ایڈمنسٹریشن Mr.Simonon Sawadogo بھی اپنے وفد کے ہمراہ جس میں گورنر واگا ڈوگو اور تین ممبران پاررلیمنٹ شامل تھے، نےشاملین جلسہ سے خطاب کیا ۔ معزز مہمانوں کے تأثرات پر اس اجلاس کا اختتام ہوا ۔اس افتتاحی تقریب میں شامل ہونے والے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پہلے وزیر صاحب نے کہا کہ “اسلا م امن کا مذہب ہے اور کوئی بھی مذہب دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا اور آجکل یہ بہت ضروری ہے کہ جو اس جلسہ کا موضوع ہے ، اپنے خدا سے تعلق قائم کیا جائے۔ ان کے بعد مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ نے صحافیوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارا یہ جلسہ کا موضوع ہی آجکل کے تمام مسائل کا حل ہے”۔ بعد ازاں وزیر صاحب نے اپنے وفد کےہمراہ نمائش کا دورہ کیا جس پر انہوں نے برملاحیرت کا اظہار کیا اورتاثرات والی کتاب میں اپنے اچھے تاثرات درج کرتے ہوئے لکھا کہ ‘‘میں اس نمائش جو کہ جماعت احمدیہ اور اس کی خدمت انسانیت پر مبنی ہے کو دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں ۔اللہ آپ کا مدد گار ہو۔’’آمین۔

دوسرا دن:۔30 مارچ 2019بروز ہفتہ:۔ دن کا آغاز نماز تہجد،نماز فجر اور درس بعنوان‘‘نماز کی اہمیت”سے ہوا۔ صبح دس بجےاجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت امیرو مشنری انچارج صاحب نےفرمائی اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم ومحترم عطاء الحبیب صاحب مبلغ سلسلہ ریجنل مشنری فادانے بعنوان “ہمارا خدا کون ہے؟”کے موضوع پر کی۔ بعدہٗ جامعۃ المبشرین برکینافاسوکے طلباءپر مشتمل ایک گروپ نے آنحضرت ﷺکی مدح میں حضرت مسیح موعودؑ کا تحریر کردہ معرکۃ الآراء قصیدہ پیش کیا ۔ اس اجلاس کی دوسری اور آخری تقریر مکرم ومحترم ابو بکر سانوگو صاحب نے اسلام میں اختلافات کی تاریخ کے موضوع پر کی۔

نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد شام پانچ بجے دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا اس اجلاس کی صدارت مکرم و محترم الحاج جبریل صاحب نے کی۔ اس اجلاس میں مکرم ومحترم بگاین رزاق صاحب نے “برکات خلافت اور ہماری ذمہ داریاں’’کے موضوع پر خطاب فرمایااور یوں اس دوسرے اجلاس کا اختتام ہوا ۔اسی دن رات 9 بجے احمدیہ سٹوڈنٹس فیڈریشن برکینا فاسو نے ایک گفتگو “ڈسکشن فورم”کا انعقاد کیا جس کا عنوان “دین اور عقل”تھا اور اس فورم میں مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے لوگ مدعو تھے ان میں عیسائی کیتھولک چرچ کے نمائندہ اور ان کے ساتھ ایک وفد ،بہائی مذہب کے نمائندہ ،تحریک رئیل ازم کے نمائندہ اور جماعت احمدیہ کے نمائندہ بطور مہمانان خطاب کے لیے مدعو تھے۔
اس فورم کے آغاز سے قبل مہمانان نے جماعتی نمائش کو بڑی دلچسپی سے دیکھا اور مختلف سوالات پوچھے اور آخر میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

عیسائی کیتھولک چرچ کے نمائندہ AB.A.ETIENE KABOREاپنے وفد کے ہمراہ نمائش کا بالتفصیل معائنہ کرنے کے بعد تاثرات میں لکھتے ہیں کہ “میں آج ڈسکشن فورم میں چرچ کی نمائندگی کرنے آیا ہو ں نمائش دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں اور اسلام احمدیت کے بارہ میں کافی معلومات حاصل کی ہیں اللہ آپ کو اس مکالماتی فورم کو اچھا منعقد کرنےکی توفیق دے آمین ’’۔

ایک معمر عیسائی فادر نےجو کہ برکینافاسو میں 52 سال سے متعین ہیں اور یورپین ہونے کی وجہ سے PERE BLANCHEیعنی(سفید رنگ)گورا فادر کے نام سے مشہور ہیں ۔ انہوں نے اپنے تأثرات میں لکھا کہ “اللہ جماعت احمدیہ میں اپنی ہر اچھی چیز کا نور چمکا دے آمین ۔”

اس ڈسکشن فورم میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی بیلجیئم کے نائب امیر جماعت و مشنری انچارج مکرم حافظ احسان سکندر صاحب نے کی۔ تمام مہمانان کے موضوع “دین اور عقل”پر مختصر خطابات کے بعد ایک طویل سلسلہ سوالات کا جاری رہا اور یہ مدعو مقررین اپنے اپنے عقیدہ کے مطابق ان سوالات کے جوابات دیتے رہے۔اس فورم کی صدارت اور منصفی مکرم SEM Newton Ahmed Barryصاحب نے کی جوکہ آزاد قومی انتخابی کمیشن برکینا فاسو کے صدر ہیں ۔باوجود رات کافی ہو جانے کے، حاضرین شوق کے ساتھ تمام کارروائی سنتے رہے اور ہر کوئی بڑھ چڑھ کر سوالات میں حصہ لیتا رہا۔اس کے اختتام پر امیرو مشنری انچارج صاحب برکینا فاسو نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور ان کو جماعتی کتب تحفۃًعنایت کیں ۔

لوکل زبانوں میں جلسے:۔اسی کے ساتھ ساتھ رات نو بجے ہی احاطہ جلسہ میں کئی اور جلسے بھی منعقد کیے گئے اور یہ تمام کے تمام برکینا فاسو کی لوکل زبانوں (مورے،جولا،فلفلدے )کے علاوہ گھانا وفد کے لیےانگریزی زبان میں بھی منعقد ہوئے ۔

تیسرا دن :31 مارچ 2019 بروز اتوار:۔ دن کا آغاز نماز تہجد ،نماز فجر اور درس بعنوان‘‘شہدائے اسلام’’سے ہوا۔ صبح دس بجےاجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد سال بھر میں تعلیم کے شعبہ میں نمایاں اعزازات پانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت مہمان خصوصی اور نمائندہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مکرم و محترم مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب نےفرمائی اور“ذکر الٰہی اور اس کے طریق اور فوائد’’کے موضوع پراردو میں خطاب فرمایا اور مشنری ریجن پو مکرم حسن جنگانی صاحب فارغ التحصیل انٹرنیشنل جامعہ احمدیہ گھانانے ساتھ کے ساتھ اس خطاب کا براہ راست فرنچ میں ترجمہ پیش کیا۔ مکرم صدر مجلس و مہما ن خصوصی نے اختتامی اجتماعی دعا کروائی اوریوں یہ بابرکت جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد شاملین جلسہ اپنی اپنی منزلوں کو واپس روانہ ہو گئے ۔

حاضری :۔امسا ل اس جلسہ سالانہ میں ملک کے طول و عرض سے کل 256جماعتوں کے 9921 افراد جن میں سے 5172مرد اور 4049خواتین تھیں ، شامل ہوئے ۔

نمائش:۔نمائش میں مختلف زبانوں میں تراجم قرآن کریم کی نمائش ،فرنچ اور لوکل زبانوں میں مہیا جماعتی کتب کے سٹال، جماعت احمدیہ کا تعارف،افریقہ اور بالخصوص مغربی افریقہ اور برکینا فاسو میں احمدیت کا نفوذ اور خدمات ،دورہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برکینافاسو 2004 اوراس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ ، IAAAE،اور جماعتی پریس کے سٹالز بھی شامل تھے ۔

خدام الاحمدیہ برکینا فاسو :۔اس جلسہ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نےبالخصوص اس جلسہ کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓکی کتاب‘‘ذکر الٰہی’’کا فرانسیسی زبان میں ایک دیدہ زیب ترجمہ تیار کروا کراس موقع پر متعارف کروایا جس کو ایک بڑی کثرت نے پسند کیا اور خریدا۔
نشر و اشاعت:۔ ایم ۔ٹی۔اے:۔جلسہ سالانہ برکینا فاسو کے لیے ایم ۔ٹی ۔اے گھانا سٹوڈیو کی ٹیم نے بڑی محنت سے تمام جلسہ کی کارروائی کو کوریج دی۔ اس کے علاوہ ایم ۔ٹی ۔اے برکینا فاسونے بھی احاطہ جلسہ میں ہی ایک ریکارڈنگ سٹوڈیو بنایا اور بشمول جلسہ کی تمام کارروائی کے، دس پروگرامز فرانسیسی اور دوسری لوکل زبانوں میں ریکارڈ کیے اورمہمانان کے انٹرویوز کیے۔

ریڈیو:۔جلسہ کےاحاطہ میں ارد گرد کے علاقہ کی آبادی کے لیے ریڈیو جلسہ سالانہ کا بھی سسٹم نصب کیاگیا۔
انٹرنیٹ :۔ تما م جلسہ اور وائنڈ اپ کی تفصیلات مع تصاویر اور وڈیوزانٹرنیٹ کے ہینڈلز مثلاًٹویٹر،وٹس ایپ،فیس بک اور انسٹاگرام پر باقاعدگی سے پوسٹ کی جاتی رہیں ۔

اخبارات:۔جلسہ سالانہ برکینافاسو 2019ء کا ذکر 4 ملکی پرنٹ اخبارات(SIDWAYA, LE PAYS, EXPRESS DU FASO, AUJOURD’HUI AU FASO)

اور دو انٹرنیٹ اخباراتEN LIGNE REFFLETAFRIQUE, LEGAL.NET نے کیا۔

ٹی۔وی چینلز:۔3 ٹی۔وی چینلز (RTBجو کہ برکینا فاسو کا نیشنل چینل ہے SMTVاورTELE 3TV)کے ساتھ ساتھ 5 مختلف ریڈیو چینلز نے جلسہ کا ذکر اور اس پر تیار کردہ رپورٹس اور ڈاکومنٹری نشر کیں ۔
جامعۃ المبشرین برکینافاسو:۔اس جلسہ کی تیاری ،دوران جلسہ اور پھر بعد جلسہ وائنڈ اپ میں طلباء جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کو مسلسل وقا ر عمل کر نے کی توفیق ملی ۔ اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والوں کی کاوشیں قبول فرمائے اور ہماری ستاری فرماتے ہوئے اپنے فضلوں سے نوازے آمین۔

(رپورٹ :محمد اظہار راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button