مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات 13؍ تا 19؍ مئی 2019ء

مورخہ 13؍ تا 19؍ مئی 2019ء کےدوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭…16؍ مئی بروز جمعرات : حضور انور نے آج 12 بجے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرمہ امۃ العزیز صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر بشیر احمد صاحب (لندن)کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیزنماز جنازہ حاضر کے ساتھ 8 مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی۔

٭…17؍ مئی بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے آج جمعہ سے پہلے نئے مرکزِ احمدیت ‘اسلام آباد’ میں نَو تعمیر شدہ ‘مسجد مبارک ’کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔ بعد ازاں مسجد میں تشریف لے جا کر سجدۂ شکر بجا لائے۔ اس تاریخی موقع پر تمام حاضرین نے نیز ایم ٹی اے کے توسط سے تمام عالم احمدیت نےبھی حضورِ انور کی اقتدا میں سجدۂ شکر بجا لانے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد خطبہ جمعہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

یہ ایمان افروز نظارہ اور خطبہ جمعہ ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

٭…آج شام کو نمازِ عصر کے بعد حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اسلام آباد میں واقع حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ و حضرت سیّدہ آصفہ بیگم صاحبہ (حرم حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ)کے مبارک مزاروں پرتشریف لے گئے اور دعا کی۔ ان بابرکت مزاروں کے کتبوں کی از سرِ نَو تنصیب کا کام آج مکمل ہوا تھا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے مزار مبارک پر دعا

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر کچھ عرصہ قبل محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یو کے نے ان مزاروں کے کتبوں کی تعمیرِ نَو کا کام شروع کروایاتھا۔ یہ کتبے اپنے حجم اور ڈیزائن وغیرہ کے لحاظ سے قادیان اور ربوہ میں موجود خلفائے کرام کے مزارات پر نصب کتبوں سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ڈیزائن وغیرہ کے بعد عبارت سے کندہ کتبوں کی سلیں وکالت تعمیل و تنفیذ برائے بھارت، نیپال و بھوٹان کے توسّط سے قادیان سے تیار کر وا کرمنگوائی گئیں۔سب سامان مہیا ہو جانے کے بعد 10؍اپریل 2019ء کو باقاعدہ کتبوں کی تنصیب کا کام شروع کیا گیا جس کی سعادت دو بھائیوں اشرف احمد صاحب اور ناصر احمد صاحب کے حصے میں آئی۔ یہ کام اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ آج ہی پایۂ تکمیل کو پہنچا تھاجس پر محترم امیر صاحب یو کے نے نمازِ جمعہ کے فوراً بعد حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں رپورٹ پیش کی۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر اس تعمیر کے دوران جماعت احمدیہ برطانیہ کی نیشنل عاملہ کے ممبران نے ڈیوٹی دینے کی سعادت حاصل کی۔ مزید برآں ہر وقت دو خدام بھی ڈیوٹی پر موجود رہے۔ یہ ڈیوٹیاں آج حضورِ انور کی دعا تک جاری رہیں۔ان خصوصی ڈیوٹیز کے ختم ہونے کے بعد مزار مبارک پر مستقل ڈیوٹیز کا اجرا ہو رہاہے۔ اس احاطہ میں مزار مبارک کے دو اطراف پر سفید سنگِ مرمر کا فرش لگایا گیا ہے۔

٭… آج شام سات بجے کے بعد حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اسلام آباد کے اندر مختلف مقامات پر جاری تعمیرات کا جائزہ لیا۔ اس دوران پیارے حضور نے کمال شفقت فرماتے ہوئے بالترتیب مکرم محمود خان صاحب(شعبہ حفاظت خاص)، مکرم رشید احمد ظفر صاحب (مربی سلسلہ ایڈیشنل وکالت تبشیر لندن) اور مکرم مرزا ناصر انعام صاحب (پرنسپل جامعہ احمدیہ یوکے) کے گھروں میں تشریف لے جا کر ان کو برکت بخشی۔

٭… 18؍ مئی بروز ہفتہ: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ Mr Manolis Ulbricht نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، ذیلی تنظیموں کے صدور ، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس عرصہ کے دوران65؍ فیملیز اور42؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق7؍ممالک سے تھا جن میں جرمنی، پاکستان،کینیڈا، اٹلی، گیمبیا، آئس لینڈ اور یوکے شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button