از مرکز

مسجد مبارک (ٹلفورڈ) میں معتکفین کی حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات

امسال مسجد مبارک اسلام آباد میں پہلی دفعہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نو (9)خوش نصیب مردوں نے اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان کے علاوہ مسجد سے ملحقہ لجنہ ہال میں چار خوش نصیب خواتین نے بھی اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل کی۔

مورخہ 4؍ جون 2019ء بروز منگل نمازِ عصر کے کچھ دیر بعد حضورِ انور ایدہ اللہ مسجد مبارک میں تشریف لائے جہاں پر معتکفین ایک قطار میں حضورِ انور کے استقبال کے لیے کھڑے تھے۔ حضورِ انور کے رونق افروز ہونے کے بعد سب معتکفین نے حضورِ انور سے شرفِ مصافحہ حاصل کیا۔ حضورِ انور نے ان سے سے حال احوال دریافت فرمایا نیز سحری اور افطاری کے انتظام کے بارے میں دریافت فرمایا۔ عرض کیا گیا کہ سحری اور افطاری کا مرکزی انتظام تھا اور بہت خوبی سے انجام دیا گیا۔

پھر حضورِ انور نے پوچھا کہ آپ لوگوں کا اعتکاف کیسارہا۔ تمام معتکفین کے دلی جذبات ایک معتکف کی زبانی کچھ یوں عرض ہیں کہ اس نئے مرکز میں، خلیفۂ وقت کی مسجد میں، خلیفۃ وقت کے جوار میں ہماری رہائش ہے۔ ہر روز کئی مرتبہ ہمیں اپنے محبوب کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ سارا دن دروس، تسبیحات اور ذکرِ الٰہی میں گزرتا ہے۔ رات صلوٰۃِ تراویح میں اور پھر تہجد میں قرآن کریم کا ورد ہوتا ہے۔ یہ تو کسی جنت کا نقشہ ہے۔ اس دنیا میں اس سے بڑھ کر کسی کو کیا جنت نصیب ہو گی کہ دن میں کئی مرتبہ اپنے پیارے سے شرفِ ملاقات حاصل ہو۔ ہر وقت درود، تسبیحات، قرآن کریم کی تلاوت اور دعاؤں میں وقت صرف ہو اور پانچ کی پانچ نمازیں خلیفۂ وقت کی اقتدا میں ادا ہوں۔ اللہ تعالیٰ روحانی لذّتوں کے یہ لمحات ہمیں بار بار نصیب فرمائے۔

حضورِ انور کچھ دیر معتکفین کے درمیان رونق افروز رہے جس کے بعد ایک گروپ فوٹو ہوئی۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت معتکفین کے ساتھ کھڑے ہو کر تصویر بنوائی اور کیمرہ مین کو ہدایت دی کہ ایسی تصویر لیں کہ پسِ منظر میں مسجد مبارک کا زیادہ سے زیادہ حصہ نظر آئے۔

ان خوش نصیب معتکفین کے ان لمحات کو اپنی موجودگی سے یادگار بنانے کے بعد پیارے حضور لجنہ ہال کی طرف روانہ ہو گئے جہاں پر خواتین اعتکاف بیٹھی تھیں۔

لجنہ ہال میں اس ملاقات کے لیے کرسیوں پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ حضورِ انور نے معتکفات سے تعارف حاصل کیا اور ان سے حال احوال دریافت فرمایا۔ نیز فرمایا کہ اپنے اس اعتکاف کے تجربہ کے بارے میں مجھے خط لکھیں۔اس کے بعد خواتین معتکفات کی حضورِ انور کی معیت میں تصاویر ہوئیں۔ ایک خاتون معتکفہ کہتی ہیں کہ مجھے پہلے بھی اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے لیکن یہ تجربہ بہت منفرد اور دل نشین تھا۔ معتکَف سے مسجدنظر آتی تھی تو دوسری جانب اللہ تعالیٰ کے پیارے خلیفہ کی رہائش گاہ۔ اگرچہ میں گھر آ چکی ہوں اور آج عید کا دن ہے لیکن سچ پوچھیں تو ابھی تک اس سحر انگیز روحانی ماحول سے اپنے آپ کو جدا نہیں کر سکی۔ اسلام آباد کے ماحول میں ایسا محسوس ہوتا ہے گویا ہم فرشتوں کے سائے میں بیٹھے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے امام کی شفقت اور دعائیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button