کچھ جامعات سے

جامعہ احمدیہ کینیڈا کے زیرِ اہتمام ’خلافتِ راشدہ‘ کے موضوع پر ایک خصوصی نمائش

اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل جامعہ احمدیہ کینیڈا کو مؤرخہ 23 مارچ تا26 مارچ 2019ء ’خلافتِ راشدہ‘ کے موضوع پر ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی ۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

جامعہ احمدیہ کینیڈا کے زیرِاہتمام منعقد کی جانے والی یہ نمائش اپنے سلسلہ کی چوتھی کڑی تھی۔ اس سلسلہ کی پہلی نمائش بعنوان ’سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘ مؤرخہ 20 مارچ تا 23مارچ 2015ء ، دوسری نمائش بعنوان ’سیرت آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم‘ مؤرخہ 23 مارچ تا 27 مارچ 2016ء اور تیسری نمائش بعنوان ’خلافتِ احمدیہ‘ مؤرخہ 23تا 26مارچ 2017ء منعقد کی گئی تھی۔ بعدہ ان تینوں نمائشوں پر مبنی دیدہ زیب کتابچے بھی تیا ر کیے گئے۔

افتتاح نمائش

امسال مورخہ 23 مارچ تا 26 مارچ 2019 ء ’خلافتِ راشدہ‘ پر تیار کی جانے والی اس خصوصی نمائش کا افتتاح مکرم و محترم داؤد احمد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا نے مؤرخہ 23 مارچ 2019ء کو صبح دس بجے فیتہ کاٹنے کے بعد دُعا سے کیا۔ اس کے بعد مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے اساتذہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کی معیّت میں تفصیل سے نمائش ملاحظہ کی۔

یہ نمائش احبابِ جماعت اورمہمانوں کے لیے مؤرخہ 23 مارچ تا 26مارچ 2019ء جاری رہی ۔ جس سے تقریباً پندرہ صد سے زائد احباب وخواتین نے فائدہ اٹھایا اور تبلیغ کا بھی مؤثر ذریعہ رہی ۔دورانِ نمائش جامعہ احمدیہ کے طلبہ نے ہر بینر پر ڈیوٹی سر انجام دی اور بڑی مہارت سے نمائش دیکھنے کے لیے آنے والوں کو پیش کردہ بینر کے مندرجات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کے سوالات کے جوابات دیےجسے مہمانوں نے بہت سراہا۔ گذشتہ سال کی طرز پر یہ بینرز جامعہ احمدیہ میں احباب کے استفادہ کے لیے ایک عرصہ تک آویزاں رہیں گے جس سے احباب مختلف اہم جماعتی مواقع پر فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ

نمائش کے مندرجات

ہر خلیفہ راشد کے دَور کو بسہولت سمجھنے کے لیے اسے دو حصوں میں منقسم کیا گیا تھا۔ پہلے حصہ میں ان کے دور ِخلافت کو بطورِ ٹائم لائن پیش کرنے کے ساتھ سیرت کے نمایاں پہلوؤں کا ذکر کیا گیا جبکہ دوسرے حصہ میں ان کے دورِ خلافت میں ہونے والی ترقیات اور ان کے اثرات کا ذکر کیا گیا ۔

بعدازاں خلافتِ راشدہ کے بعدقائم ہونے والی ملوکیت و بادشاہت اور اختلافات کا ذکر کیا گیاجس کے بعد پیشگوئیوں کے مطابق مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السّلام کی آمد کا ذکر کیا گیا ۔ جس کے بعد خلافت احمدیہ کا سلسلہ جاری ہوا۔ نمائش کا اختتام ’تجدید عہدِ وفائے خلافت‘ کے الفاظ جلی حروف میں لکھ کر کیا گیا۔

ان بڑے بینرز کے علاوہ بعض چھوٹے بینرز اور پوسٹرز بھی تیار کیے گئے تھے ۔ ان میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے خلفا ئے راشدین اور صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی شان میں کہے گئے عربی قصائد ،اسلامی تعلیمات کے اہم اور بنیادی مآخذ کا تعارف ، اُمّت مسلمہ کے مشہور مجدّدین کا تعارف اور خلفائے راشدین کے اقوالِ زرّیں کو شامل کیا گیا ۔

امسال ہونے والی نمائش کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ طلبہ جامعہ احمدیہ نے بالترتیب حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ،حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ، حضرت علی رضی اللہ عنہ ، اسلام میں اختلافات کا آغاز اور قرآن کریم پر نمائش کے دوران مختلف اوقات میں پریزنٹیشنز دیں۔ ہر پریزینٹیشن کا دورانیہ 20منٹ تھا۔

اس نمائش کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ کے ایک طالب علم عزیزم مستجاب قاسم (درجہ رابعہ)نے اپنی خطاطی کے جوہر دکھاتے ہوئے ’خلافتِ راشدہ ‘ کے نام کا ایک خصوصی لوگو (Logo) تیارکیا ۔ اس کے علاوہ موصوف نے متعلقہ آیاتِ قرآنیہ ،احادیث اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اشعار پر مبنی خطاطی کے فن پارے تخلیق کیے۔

نمائش میں بچوں کی دلچسپی قائم رکھنے کے لیے مختلف سوالنامے تیار کیے گئے تھے جو نمائش دیکھنے کے لیے آنے والے بچوں کو شروع میں ہی دے دیے جاتے اور دورانِ ملاحظہ نمائش بچے ان سوالات کے جوابات تلاش کرتے رہتے اور جوابات درست ہونے پر بچوں کو چاکلیٹ بطور انعام دیا جاتا۔علاوہ ازیں اس نمائش میں موجودہ دَور کے تقاضوں کے مطابق Virtual Reality System کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جس کی مدد سے مہمانوں کو مقاماتِ مقدّسہ کی 3D تصاویر دکھائی جاتی رہیں۔

تیاری نمائش

نمائش کی بہتر رنگ میں تیاری کے لیے، اساتذہ جامعہ احمدیہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔جس کے درج ذیل ممبران تھے۔

  1. مکرم عبدالرزاق فراز صاحب
  2. مکرم آصف احمد خان صاحب
  3. مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب
  4. مکرم حافظ ہبۃ الرحمان صاحب
  5. مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب
  6. مکرم عبدالنور عابد صاحب
  7. مکرم فرحان نصیر صاحب
  8. خاکسار سہیل احمد ثاقب

اس کمیٹی کے زیرِ نگرانی جامعہ احمدیہ کینیڈا کی روز مرہ کی تدریس اور معمولات کے ساتھ ساتھ اس نمائش کی منصوبہ بندی اور تیاری کا کام مہینوں جاری رہا ۔کمیٹی کی زیرِ نگرانی طلبہ جامعہ احمدیہ نے بڑی محنت اور ذاتی دلچسپی سے نمائش کے ہر مرحلہ پر کام کیا ۔خاص طور پر عزیزم عمر فاروق ،عزیزم فرخ طاہر،عزیزم سیّد عادل احمد، عزیزم مشہود احمد اور عزیزم ذیشان احمد نے بڑی عرق ریزی سے کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی بہترین جزاء دے۔

آخر پر دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اساتذہ اور طلبہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کی کوششوں کو قبول فرمائے ،صلاحیتوں کو جِلا بخشے،خلافت کا سچا وفادار بنائے رکھے اور ہماری طرف سے پیارے حضور کی آ نکھیں ہمیشہ ٹھنڈی رہیں۔ آمین

(رپورٹ:سہیل احمد ثاقب، استاد جامعہ احمدیہ و انچارج نمائش)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button