متفرق مضامین

برصغیر پاک و ہند میں موجود مقدس مقامات جن کو مسیح الزماں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفائے کرام نے برکت بخشی

باب اول

اسفار حضرت مسیح موعود علیہ السلام

امام دوراں مسیح موعود و مہدی موعود حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام صحف سابقہ اور آنحضور ﷺ کی پیش گوئیوں کے عین مطابق 14ویں صدی کے آخر پر اسلام کی نشاۃ ثانیہ کے لیے مبعوث ہوئے۔ذیل میں برصغیر پاک و ہند میں موجودایسے مقامات جن کو مسیح الزماں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے برکت بخشی کا تذکرہ پیش ہے:

1۔ سفرِاَیمہ (مُغلاں)ضلع ہوشیارپور

سیرت المہدی محررہ حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم۔ اے میں حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم۔ اے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے بچپن کے سفر کا ذکر حضرت اماں جان کی ایک روایت سے کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

’’بسم اللہ الرحمن الرحیم: بیان کیا مجھ سے حضرت والدہ صاحبہ نے تمہاری دادی اَیمہ ضلع ہوشیار پور کی رہنے والی تھیں۔ حضرت صاحب ؑ فرماتے تھے کہ ہم اپنی والدہ کے ساتھ بچپن میں کئی دفعہ َایمہ گئے ہیں۔ والدہ صاحبہ نے فرمایا کہ وہاں حضرت صاحبؑ بچپن میں چڑیاں پکڑا کرتے تھے اور چاقو نہیں ملتا تھا تو سر کنڈے سے ذبح کر لیتے تھے۔ والدہ صاحبہ نے فرمایا کہ ایک دفعہ ایمہ سے چند بوڑھی عورتیں آئیں تو انہوں نے باتوں باتوں میں کہا کہ سندھی ہمارے گاؤں میں چڑیاں پکڑا کرتا تھا۔ والدہ صاحبہ نے فرمایا کہ میں نہ سمجھی کہ سندھی سے کون مراد ہے۔ آخر معلوم ہواکہ ان کی مراد حضرت صاحب ؑسے ہے۔ والدہ صاحبہ فرماتی تھیں کہ دستور ہے کہ کسی منت ماننے کے نتیجہ میں بعض لوگ خصوصًا عورتیں اپنے کسی بچے کا عرف سندھی رکھ دیتے ہیں۔ چنانچہ اسی وجہ سے آپ کی والدہ اور بعض عورتیں آپ کو بھی بچپن میں کبھی اس نام سے پکارتی تھیں۔ خاکسار عرض کرتا ہے کہ سندھی غالبًا دسوندھی یا دسندہی سے بگڑا ہوا ہے جو ایسے بچے کو کہتے ہیں جس پر کسی منت کے نتیجہ میں دس دفعہ کوئی چیز باندھی جاوے اور بعض دفعہ منت کوئی نہیں ہوتی بلکہ یونہی پیار سے عورتیں اپنے کسی بچے پر یہ رسم ادا کر کے اسے سندھی پکارنے لگ جاتی ہیں۔‘‘

(سیرت المہدی حصہ اول صفحہ 36 مرتبہ حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب طبع اول 1923ء احمدیہ کتاب گھر قادیان دارالامان)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button