متفرق مضامین

تربوز کے فوائد

’’ان پاکیزہ چیزوں میں سے جو ہم نے تم کو دی ہیں کھاؤ‘‘

تربوز گرمیوں کا عالمی پھل ہے جو نہایت فرحت بخش اور سرد تاثیر رکھتا ہے۔ اس میں حیاتین اور معدنی اجزا بھی پائے جاتے ہیں۔ ماہرین تربوز کی غذائیت سے متعلق کہتے ہیں کہ اس قدرتی پھل میں 90فیصدپانی اور 10فیصدفو لاد، پوٹاشیم،سوڈیم،کیلشیم،فاسفورس، نشاستہ اور روغنی اجزا شامل ہیں۔یہ بے شمار طبی فوائد سے بھرپور ایک پھل ہے۔آئیے ہم جانتے ہیں تربوز کےطبی فائدےکیا ہیں۔

معدہ کے لیے مفید

گرمیوں کے موسم میں معدے کو گرمی سے بچانے کے لیے یہ نہایت مفید ہے کیونکہ یہ گرمی سے فوری آرام دیتا ہے ۔اس میں شامل وٹامن بی کے متعدد اقسام جگر کے لیے بے حد مفید ہیں جبکہ یہ معدے کے نظام کی اصلاح بھی کرتا ہے ۔تربوز کا رس نہایت سرد تاثیر رکھتا ہے تاہم اس کے رس کی نسبت پھل کھانا زیادہ مفید ہے ۔ عام طور پر تربوز کھاتے وقت اس کے بیج نکال کر پھینک دیے جاتے ہیں لیکن یہ بہت مفید ہوتے ہیں۔ماہرین غذائیت کے مطابق تربوز کے بیج میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو اندرونی زخموں کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ایسے افراد جن کی خوراک کی نالی اور معدے میں زخم ہوں انہیں تربوز بیج کے ساتھ کھانا چاہیے ۔ اس کے علاوہ اگر تربوز کے بیج علیحدہ سے پیس کر اور دودھ کے ساتھ کھائے جائیں تو یہ بھی السر اور معدے کے زخموں کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں ۔سینے میں جلن اور گیس کے مریضوں کے لیے بھی یہ پھل نہار منہ کھانا بہت فائدہ مند ہوتا ہے ۔

چربی کم کرنے میں مددگار

تربوز انسانی جسم کی زائد چربی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس میں موجود امائنوایسڈز کیلوریز جلانے میں مدد دیتے ہیں۔ جسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رکھنے، خصوصاً بڑھے ہوئےپیٹ کو کم کرنےکے لیے تربوز کا استعمال مفید قرار دیاجاتا ہے۔ تربوز کا رس جسم کو ہائیڈریٹ (تر) رکھتا ہے۔ماہرین پیٹ کی چربی کم کرنے کے لیے خاص طور اس مشروب کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔تربوز میں موجو د خاص سیلز ایسی سرگرمیوں کو کنٹرول کرتے ہیں جو جسم پر چربی بننے کا سبب بنتی ہیں۔

شریانوں اور ہڈیوں کی صحت

تربوز میں موجود لائیکو پین خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہے جبکہ یہ ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بناتاہے۔ تربوز کا زیادہ استعمال خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بلڈ پریشر میں بھی بے حد مفید ہےاور اسے نارمل کرتاہے۔ لائیکو پین سے آکسی ڈیٹیو اسٹریس بھی کم ہوتا ہے جو کہ ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے۔ اسی طرح تربوز میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو جسم میں کیلشیئم کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہےاورمضبوط ہڈیوں کے لیے ضروری جز ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button