افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں دو مساجد اور ایک مشن ہاوس کا افتتاح

۱۔مسجد بیت القادر، مکینی ریجن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو 13؍فروری 2019ء کو Makump Bana،Bombali District میں ایک خوبصورت مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ اس مسجد کا خرچ مکرم ڈاکٹر ناصر احمد خان صاحب آف جرمنی اوران کے خاندان نے اپنے پردادا حضرت مولوی عبدالقادر خان صاحب رضی اللہ عنہ (جمال پور لدھیانہ)، صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی طرف سے ادا کیا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام ’’مسجد بیت القادر‘‘ عطا فرمایا۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد نومبر2018ء میں رکھا گیا۔ مسجد کے سنگ بنیاد اور تعمیر کی نگرانی کی سعادت مکرم طاہر احمد فرخ صاحب، مربی سلسلہ، ریجنل مشنری مکینی کو حاصل ہوئی۔ مسجد کا افتتاح مکرم مولاناسعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون نے کیا۔اس بابرکت تقریب میںشمولیت کے لیے جرمنی سے مکرم ڈاکٹر ناصراحمد خان صاحب اور ان کے بھائی مکرم عبداللطیف صاحب ناروے سے تشریف لائے تھے۔لائبیریا سے مکرم نوید احمد عادل صاحب، امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ لائبیریا اورنائب امیر جماعت احمدیہ لائبیریا، تشریف لائے۔ گیمبیا سے مرکزی مبلغین آئے ۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن، 11بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم ڈاکٹر ناصراحمد خان صاحب نے اپنے پردادا، صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا تعارف کرایا۔اس کے بعد مکرم مولاناسعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج نے استقبالیہ تقریر کی اور دعا کے ساتھ اس مسجد کا افتتاح ہوا۔ اس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

اس بابرکت تقریب میں ایک چیفڈم سپیکر، پانچ سیکشن چیفس، 35 غیر احمدی امام، غیر احمدی احباب، ممبران جماعت سمیت کل 710 افراد نے شرکت کی۔

Makump Bana گاؤں ایک نو مبائع جماعت ہے اور دو سال پہلے یہاں 600افراد بیعت کرکے اسلام احمدیت میں شامل ہوئے تھے۔

مسجد بیت القادر فری ٹاون سے کونو جانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک خوبصورت مسجد ہے۔ مسجد کا مسقف احاطہ 5847 فٹ ہے اور اس میں کل 350نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد میں بجلی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ایک سولر سسٹم بھی انسٹال کیا گیا ہے۔ اذان اور جماعتی پروگرامزکے لیے ساونڈ سسٹم اور سپیکر بھی نصب کیے گئے ہیں ۔حضور انور کا خطابات سننے کے لیے مکمل ایم ٹی اے سیٹ بھی موجود ہے۔ نمازیوں کی سہولت کے لیے مسجد کے ساتھ چار بیت الخلاء بھی بنائے گئے ہیں اور وضو کے لیے ٹونٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ اس مسجدکےافتتاح کی خبر مقامی ریڈیوRadio Mankniنے نشر کی۔

WORDU .2، کونو ریجن میں مسجد اور مشن ہاوس کا افتتاح

WORDU، گاوں،کونو ریجن میں واقع ایک جماعت ہے۔ TANKORO CHIEFDOMکی اس جماعت میں تین سال پہلے احمدیت کا پودا لگا۔مخالفین نے کافی کوشش کی کہ یہاں جماعت نہ بنے۔ جب یہاں اسلام احمدیت کا حقیقی پیغام پہنچا تو قریباً سارا گاؤں احمدی ہو گیا، لیکن یہاں کا امام احمدیت قبول کرنے کی سعادت سے محروم رہا۔ اس گاؤں میں ایک چھوٹی سی کچی مسجد بھی تھی۔ امام مسجد نے جماعت کی مخالفت شروع کردی اور ہمارے معلم کو مختلف طریقے بہانوں سے تنگ کرنا شروع کردیا۔ اس سلسلہ میں اس نے ڈسٹرکٹ کے اماموں کی مدد بھی حاصل کر لی۔ جب مخالفت میں کوئی کمی نہ آئی تو ٹاؤن چیف نے یہ تجویز دی کہ ووٹنگ کروا لی جائے اور غیر احمدی امام اور احمدی معلم میں سے جوووٹنگ میں جیت جائے وہ یہاں پر رک سکے گا اوردوسرے فریق کو اس گاؤں سے جانا ہوگا۔

مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب نےریجنل مشنری مکینی مکرم محترم طاہر احمد فرخ صاحب کو اس موقع پر یہاں بھجوایا۔ مخالفیں کے لیڈر نے اس موقع پر جماعت کے خلاف تقریر کی اور اس گاؤں میں اپنی خدمات کا ذکر کیا۔جب ہمارے مربی صاحب نے خطاب فرمایا تو اس بات پر زور دیا کہ جماعت کی اصل غرض و غایت تقویٰ ہے، ہم امپریس کرکے ووٹ نہیں لیں گے، آپ سب جماعت کے بارے میں جانتے ہیں، تقوٰ ی کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اللہ کی خاطر جو ووٹ دیں گے ہمیں قبول ہے۔ الحمد للہ %99 لوگوں نے جماعت کے حق میں ووٹ دیا اور اس مخالف امام کو وہاں سے جانا پڑا۔

جب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مساجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر کا منصوبہ آیا تو مکرم امیر صاحب نے اس جماعت کے اخلاص کو مدنظر رکتے ہوئے یہاں مسجد اور مشن ہاوس بنانے کی اجازت حاصل کی۔ مسجد کے سنگ بنیاد اور تعمیر کی نگرانی کی سعادت مکرم طاہر احمد فرخ صاحب، مربی سلسلہ، ریجنل مشنری مکینی کو حاصل ہوئی۔مورخہ 3؍مئی 2019ء کو مسجد کا افتتاح مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب سیرالیون نے فرمایا۔ مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب (Tamu Dr. Sheku) نائب امیر اول، مکرم طاہر احمد فرخ صاحب، ریجنل مشنری ،مکرم محمد مورث کمارا صاحب ، مبلغ سلسلہ، (آپ کو اس ریجن میں کچھ عرصہ خدمت کو توفیق بھی ملی )، مکرم ادریس بنگورا صاحب، نمائندہ ایم ٹی اے، سیرالیون ،اور مکرم سید معین شاہ صاحب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز3 بجے سہ پہرتلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ صدر جماعت نےمعزز مہمانوں کا تعارف پیش کیا ۔ مکرم امیر صاحب نے تعارفی تقریر کی اور جماعت کی خدمات کا تذکرہ فرمایا اور مساجد کے قیام کی اغراض بیان کیں نیز مسجداور مشن ہاوس کا باقاعدہ افتتاح دعا سے کروایا۔ نمازِ عصر کے بعد حاضرین کی خدمت میں پر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔

چیفڈم امام نے مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت کے یہاں قیام سے جماعت کے متعلق غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں۔

مسجد کا مسقف احاطہ 5742ہے اور اس میں 300؍ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔مشن ہاؤس کا کل مسقف احاطہ25X40ہے اور اس میں دو کمرے اور اٹیچ باتھ (attached bath)کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس با برکت تقریب میں چیفڈم امام،13 غیر احمدی امام، 110؍غیر احمدی احباب, 155؍ احمدی احباب ، لوکل ریڈیو کے نمائندےسمیت کل 310؍ افراد نے شرکت کی۔ RADIOA KONOنے اس خبر کو اپنے ریڈیو پر نشر بھی کیا۔

(رپورٹ:عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ، سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button