مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ کی مصروفیات مورخہ 03؍ تا 07؍ جولائی 2019ء

مورخہ03؍تا07؍جولائی2019ء:جرمنی کے دورہ کے دوران حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…03؍جولائی بروز بدھ: آج بیت السبوح فرینکفرٹ میں افراد جماعت احمدیہ نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل کیا۔ خاص طور پر اُن احباب نے جو حال ہی میں ہجرت کر کے جرمنی منتقل ہوئے ہیں۔بعض جلسہ سالانہ جرمنی کے لیے پاکستان و دیگر ممالک سے آئےہوئے ہیں۔ آج ملاقات کے دو سیشن ہوئے۔پہلا سیشن مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوا اور نماز ظہر تک جاری رہا۔ دوسرا سیشن چھ بجے سے ساڑھے آٹھ بجے تک ہوا۔نماز مغرب اور عشاء سے قبل تقریب آمین کا پروگرام منعقد ہوا۔

04؍جولائی 2019ء: معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ جرمنی کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی ویب سائٹ کا اجرا فرماتے ہوئے

٭…04؍جولائی بروز جمعرات: آج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ جرمنی کے انتظامات کا معائنہ فرمایا۔مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 5 بجے بیت السبوح فرینکفرٹ سے جلسہ گاہ کالسروئے کے لیے روانگی ہوئی۔ معائنہ انتظامات کے بعد حضور انور نے جلسہ سالانہ پر ڈیوٹی دینے والوں سے خطاب فرمایا۔

04؍جولائی 2019ء: معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ جرمنی کے دوران لنگر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کھانے کے معیار کا جائزہ فرما تے ہوئے
04؍جولائی 2019ء: معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ جرمنی کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزجلسہ سالانہ جرمنی پر ڈیوٹی دینے والوں سے خطاب فرماتے ہوئے

٭…05؍جولائی بروز جمعۃ المبارک: آج جلسہ سالانہ جرمنی کا پہلا دن تھا۔ مقامی وقت کے مطابق پونے دو بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ حضور انور نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ امیر صاحب جرمنی نے جرمنی کا قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔ بعد ازاںحضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے جلسہ گاہ جرمنی DM Arena کالسروئے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ ميں جلسہ سالانہ کی غرض و غایت اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے ارشادات کی روشنی میں احباب جماعت کو نہایت اہم نصائح سے نوازا۔

05؍جولائی 2019ء:جلسہ سالانہ جرمنی کے موقع پر تقریب پرچم کشائی کے دوران حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جماعت احمدیہ کا جھنڈا بلند فرماتے ہوئے

٭…نماز جمعہ اور نماز عصر کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے exhibitions کے احاطہ میں ریویو آف ریلیجنز کی جرمن ویب سائٹ کا افتتاح فرمایا۔

ww.Revuederreligionen.de۔ویب سائٹ کو ملاحظہ فرمانے کے بعدحضور انور نے دعا کروائی۔ (اس موقع کی تفصیلی رپورٹ آئندہ کسی شمارہ میں شامل کی جائے گی۔انشاء اللہ)

٭…اس کے بعدپریس اور میڈیا کے نمائندوں کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ پریس کانفرنس ہوئی۔

٭…آج شام مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے سینیگال، مایوٹ آئی لینڈ اور لتھوانیا کے وفود کی حضور انور کے ساتھ الگ الگ ملاقات ہوئی۔

٭…06؍جولائی بروز ہفتہ: آج جلسہ سالانہ جرمنی کا دوسرا دن تھا۔مقامی وقت کے مطابق 12 بجے حضورانور لجنہ کے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے۔ اورحضور انور کی بابرکت معیت میں لجنہ کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اس اجلاس میں حضور انور نے تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والی خوش نصیب طالبات کو اسناد اور میڈلز عطا فرمائے۔ اس کے بعد حضور انور نے لجنہ سے نہایت ایمان افروز خطاب فرمایا۔

٭…مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے حضور انور کے ساتھ جرمن غیر از جماعت مہمانوں کا اجلاس تھا۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے جرمن ترجمہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مہمانوں سے خطاب فرمایا جس میں دنیا کے موجودہ بگڑتے حالات کا ذکر فرمایا اور ان حالات کو بہتر بنانے کا اسلامی تعلیمات سے حل بیان فرمایا۔

٭…آج شام مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے جورجیا کے ایک وفد اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے دو وفود کی حضور انور کے ساتھ الگ الگ ملاقات ہوئی۔

٭…07؍جولائی بروز اتوار: آج جلسہ سالانہ جرمنی کا تیسرا اور آخری دن تھا۔مقامی وقت کے مطابق پونے چار بجے جلسہ گاہ میںتقریب بیعت کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد جلسہ سالانہ جرمنی کے اختتامی اجلاس کا آغاز حضور انور کے کرسیٔ صدارت پر تشریف لانے کے بعد ہوا۔ تلاوت ،نظم اور مہمانوں کے تأثرات کے بعد حضور انور نے تعلیمی میدان میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے خوش نصیب طلباء کو اسناد اور میڈلز عطا فرمائے۔اس کے بعد حضور انور نے اختتامی خطاب فرمایا ۔

٭…مقامی وقت کے مطابق سات بجے حضور انور نے نو مبائعات کو ملاقات کا شرف بخشا۔

٭…مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے حضور انور نے نو مبائعین کو ملاقات کا شرف بخشا۔اس ملاقات کے بعد حضور انور کی بیت السبوح فرینکفرٹ کے لیے روانگی ہوئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز مغرب اور نماز عشاء بیت السبوح فرینکفرٹ میں ادا فرمائیں۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button