افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کے دسویں جلسہ سالانہ کابابرکت اور کامیاب انعقاد

جماعت احمدیہ کانگو برازاویل کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنا دسواں جلسہ سالانہ مورخہ 29؍ اور 30؍ جون 2019ء کو انکائی (NKAYI) شہر میں احمدیہ مسجد ’’بیت العافیت‘‘ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تیاری جلسہ سالانہ : جلسہ سالانہ کے انتظامات وقت مقررہ سے پہلے ہی باقاعدہ طور پر شروع ہو گئے تھے ۔جلسہ سے قبل کُل 11 بڑے وقار عمل کیے گئے جن میں نو مبائعین خدام ، انصار سمیت اطفال نے بھی بھر پور حصہ لیانیز متعدد میٹنگز کے ذریعہ سے نومبائعین کوجلسہ سالانہ کی اہمیت اورشعبہ جات میں کام کا طریق بھی بتایا گیا۔جلسہ سالانہ میں غیر از جماعت دوستوں کو مدعو کرنے کے لیے دعوت نامے تیار کر کے بھجوائے گئے۔

جلسہ سالانہ کے شعبہ جات: جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے بنائے جانے والے شعبہ جات میں شعبہ استقبال،ضیافت،نظافت،سٹیج کی تیاری،لائٹوں کا انتظام،بجلی نہ ہونے کی صورت میں جنریٹر کا انتظام،جلسہ ہال میں ساؤنڈ سسٹم،مہمانان کے رات قیام اور بستروں کی تیاری کا انتظام،واش رومز کی تیاری،پانی کی مستقل فراہمی کا انتظام وغیرہ شامل ہیں۔شعبہ جات کا تمام کام بفضل خدا نومبائعین احمدیوں نے خود سرانجام دیا۔ جلسہ سالانہ کے لیے کھانے کی تیاری نومبائع احمدی خواتین نے کی تھی۔

مہمانوں کی آمد : جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیےمختلف شہروں اور دیہات سے انفرادی مہمانوں کے علاوہ مختلف قافلوں اور وفود کی صورت میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جلسے سے چند روز پہلے ہی شروع ہوگیا تھا۔

جلسے میں شرکت کے لیے پوائنٹ نوار شہر سے پہلا قافلہ مورخہ 28؍ جون بروز جمعۃ المبارک پانچ گھنٹے کا سفر طےکرکے بعد از نماز مغرب احمدیہ مسجد ،شہر انکائی میں پہنچا۔یہ قافلہ کل بارہ افراد پر مشتمل تھا ۔جن میں علاوہ دیگر احباب کے تین دیہات کے نمائندگان اور ایک گاؤں کے چیف بھی شامل تھے۔اس قافلے میں دس افراد قبول احمدیت کے بعد پہلی دفعہ جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے اس شہر انکائی میں تشریف لائے تھے۔وہ اس بابرکت جلسے میں شمولیت پر ازحد خوش تھے۔ احباب جماعت نے قافلے کا بہت محبت اور جوش سے استقبال کیا۔ ان کی محبت دیکھ کر پہلی دفعہ شرکت کرنے والے نومبائعین احباب یہ کہے بغیر نہ رہ سکے کہ اتنا لمبا سفر کرنے کے بعد جلسہ سالانہ کے لیے پہنچ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے اپنے ایک گھر سے ہی دوسرے گھر میں آئے ہیں اور جیسے یہاں کے احباب پہلے سے ہی ہمارے شناساتھے۔

تربیتی پروگرام :مورخہ 29 ؍جون کو بعد از نماز عصر جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والے احباب کے ساتھ ایک تربیتی نشست کا انعقاد ہواجس میں مکرم سعید احمد صاحب نیشنل صدرجماعت ومشنری انچارج کانگوبرازاویل نے شاملین جلسہ کو جلسہ سالانہ کی اہمیت وبرکات کے متعلق آگاہ کیا۔

پہلا اجلاس

29؍جون 2019ء کو بعد از نماز مغرب وعشاء مکرم نیشنل صدر جماعت و مشنری انچارج کانگو برازاویل کی صدارت میں جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ امسال جلسہ سالانہ کا مرکزی موضوع ’’اطاعتِ خلافت‘‘ تھا۔

اس اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک وترجمہ سے ہوا۔ عزیزم ولید احمد صاحب کو تلاوت اور ترجمہ پڑھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

جلسہ کی پہلی تقریر مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ نے مقامی زبان ‘‘LINGALA’’ میں کی جس کا موضوع ‘‘اطاعت خلافت ’’ تھا۔دوسری اور آخری تقریر مکرم نیشنل صدرجماعت ومشنری انچارج کانگوبرازاویل نے کی ۔آپ نے اطاعت اور تبلیغ کے حوالے سے واقعات بیان کیے اور احباب کو زیادہ سے زیادہ اطاعت خلافت اور اشاعت اسلام کی طرف توجہ دلائی۔

دعا کے بعد جلسہ سالانہ کا یہ پہلا سیشن اختتام پذیر ہوا۔

دوسرا واختتامی اجلاس30؍جون2019ء

جلسہ سالانہ کے بابرکت دن کا آغاز صبح باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا۔نماز فجر کے بعد درس حدیث ہوا جس کا موضوع آخری زمانہ کی علامات اور مسیح موعود ؑ کی آمدتھا۔

دوسرے اوراختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز دن 11بجے ہوا۔اس اجلاس کا پروگرام درج ذیل ہے۔

٭…تلاوت قرآن پاک و ترجمہ۔مکرم داؤد صاحب معلم سلسلہ

٭… نظم۔عزیزم ولید احمد صاحب

٭… پہلی تقریر۔ خاکسار نوید احمد اشرف مربی سلسلہ۔بعنوان برکاتِ خلافت

٭… دوسری تقریر۔مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ۔ بعنوان دعوت الیٰ اللہ کی اہمیت اور ہماری ذمہ داری

٭… تیسری تقریر۔عزیزم ولید احمد صاحب۔بعنوان مسیح موعودؑ کی آمداور جہاد

٭… چوتھی تقریر ۔مکرم بشیر ساکالا صاحب معلم سلسلہ۔بعنوان توحید

پروگرام کے آخر پر مکرم نیشنل صدرجماعت ومشنری انچارج کانگوبرازاویل نے دعا کروائی۔

واقعات نومبائعین و مجلس سوال وجواب

اس جلسہ میں ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ دوران سال جماعت احمدیہ میں شامل ہونے والے نئے احباب کو بھی سٹیج پر مدعو کیا جاتا رہا جنہوں نے حاضرین کو اپنے قبول احمدیت کے انتہائی دلچسپ واقعات بھی سنائے۔ان واقعات کا جلسہ میں شامل ہونے والے مہمانان پر بھی گہرا اثر ہوا۔اور فضا نعرہ ٔتکبیر کی صداؤں سے گونجتی رہی۔

جلسہ کے اختتام پر مجلس سوال وجواب کا انعقاد ہوا۔ مہمانوں نے بکثرت سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔

جلسہ کی حاضری 355 افراد پررہی ۔

بک سٹال :

جلسہ سالانہ کے موقع پر مستقل بک سٹال کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔مہمانان میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

(رپورٹ:نوید احمد اشرف مبلغ سلسلہ پوائنٹ نوار، کانگو برازاویل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button