از افاضاتِ خلفائے احمدیت

پیغام حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بر موقع جلسہ سالانہ امریکہ 2019ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم و علیٰ عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ ۔ ہو النَّاصر

پیارے احباب جماعت احمدیہ یو۔ایس۔اے

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے آپ کو ایک اور جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرما رہا ہے۔ جیسا کہ آپ میں سے اکثریت جانتی ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ کے انعقاد کے جو مقاصد بیان فرمائے تھے کہ ان میں ایک یہ تھا کہ اپنی دینی اور روحانی ترقی کے لیے ایک جگہ جمع ہوں۔ جلسہ میں علمی اور روحانی امور بیان کیے جائیں تاکہ ان پر عمل کر کے خداتعالیٰ کے قرب کے حصول اور روحانیت میں بڑھنے کی کوشش ہو۔

اسی طرح جلسے کے مقاصد میں ایک مقصد یہ بھی ہے کہ آپس میں اخوت و محبت اور بھائی چارے اور ایک دوسرے سے ہمدردی کو فروغ دیا جائے اور پہلے سے بڑھ کر عمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ پس یہ باتیں ہمیشہ یاد رکھیں اور ان پر عمل پیرا ہوں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد تھا کہ خداتعالیٰ کے حقوق ادا کرتے ہوئے روحانیت میں ترقی کرنی ہے اور اس کی عبادت کا حق ادا کرنا ہے۔ اسی طرح خداتعالیٰ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کے بھی حقوق ادا کرنے ہیں۔ آپس کے تعلقات میں بہتری، محبت و پیار اور ایک د وسرے سے حسنِ سلوک کرنا ہے۔ اس سے آپ کے کاموں میں برکت پڑے گی۔ اور یہ چیزیں جہاں آپ کی اپنی تربیت اور حالتوں کو درست کرنے والی ہوں گی وہاں اس سے تبلیغ کے کام میں بھی برکت پڑے گی اور آپ کا پیغام احسن رنگ میں دوسروں تک پہنچے گا۔

ایک بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ خواہ تبلیغی پروگراموں کے لیے کوشش اور منصوبہ بندی ہو یا تربیتی پروگراموں کے لیے ہو، یا اپنی حالتوں کو درست کرنے کے لیے کوشش ہو۔ آپ کی یہ سب کوششیں اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتیں جب تک آپ کے دل میں خشیت اللہ، خدا کا خوف پیدا نہ ہو۔ جب یہ پیدا ہو گا تو پھر آپ دیکھیں گے کہ کس طرح آپ کے کاموں اور آپ کی کوششوں میں برکت پڑتی ہے۔

آپ کا ہر کام ذاتی مفاد سے ہٹ کر ہونا چاہیے۔ عہدیداران کو چاہیے کہ وہ خدمت دین کو فضل الٰہی سمجھتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

اس سال جماعتی انتخابات میں بعض نئے اور بعض پرانے منتخب عہدیداران کو خدمت کا موقع عطا ہو رہا ہے۔ اب آپ کا فرض ہے کہ پہلے سے بڑھ کر خدمتِ دین کی طرف توجہ ہو۔ آپ نے سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہے۔ اسی طرح افرادِ جماعت کو بھی چاہیے کہ ہر قسم کے ذاتی مفاد سے بالا ہو کر خالصتاًللہ جماعتی نظام کی اطاعت کرتے ہوئے کام کریں۔ جب عہدیداران اور افرادِ جماعت کا آپس میں تعلق اور تعاون بڑھے گا تو آپ کے کاموں میں برکت ہو گی اور آپ عملی طور پر خلافت سے وابستگی کا صحیح رنگ میں اظہار کرنے والے ہوں گے اور اپنے عہدوں کو پورا کرنے والے بن سکیں گے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر آپ کی باتیں محض منہ کی باتیں ہیں۔

خداتعالیٰ نے اس زمانہ میں جو ہمیں خلافت کی نعمت عطا کرتے ہوئے خلافت سے وابستہ فرمایا ہے اس کا حق ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ عہدیدار اور افرادِ جماعت آپس میں محبت، پیار سے پیش آنے والے ہوں اور ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے جماعت کی ترقی کے لیے کوشش کرنے والے ہوں۔ جب آپ سب مل کر کوشش کریں گے تو آپ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت میں شامل ہونے اور اپنی بیعت کا صحیح رنگ میں حق ادا کر رہے ہوں گے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے آنحضرت ﷺ کی غلامی میں اس زمانہ کا امام بنا کر بھیجا تھا۔ اگر ہم صدقِ دل سے آپ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے والے ہوں گے اور آپ علیہ السلام کی بیعت کا حق ادا کرنے والے بنیں گے تو تبھی ہم آنحضرت ﷺ کی کامل اطاعت کا حق ادا کر رہے ہوں گے اور آپ ﷺ کے حکموں پر عمل کرنے کا حق ادا کر رہے ہوں گے۔

خداتعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button