کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سےحضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زیر سایہ، جامعۃ المبشرین سیرالیون 2006ء سے دوبارہ شروع ہوا اور خدمت دین و تبلیغ ِاسلام کے لیےمعلمین تیار کررہا ہے۔ الحمدللہ علی ذالک۔

سیرالیون کے علاوہ ہمسایہ ملک گنی کناکری کے طلباء بھی یہاں سے تعلیم حاصل کرکے اپنے ملک واپس جا کر خدمت دین کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔

23؍ جولائی2019ء کو 12 بجے دوپہر جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم ابوبکر باری نے آیات قرآنیہ کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم مولانا سعید الرحمٰن صاحب، امیرو مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ عزیزم بشیرالدین کمارا نے نعتیہ کلام ’’بدرگاہ ذیشان خیرالانام‘‘ پڑھ کر سنایا۔ سال اول کے طالب علم ، عزیزم محمدیورو (yoro)نے اپنے اردو کے سلیبس میں سے ایک حمد پیش کی۔ بعد ازاں مکرم مبارک احمد گھمن صاحب، پرنسپل جامعۃ المبشرین نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ آپ نے بتایا کہ جامعہ المبشرین سیرالیون میں اس وقت کُل 44 طلباء زیر تعلیم ہیں اور امسال چھ 6 طلباء فارغ التحصیل ہو کر میدان عمل میں جا رہے ہیں۔ الحمد للہ۔

عزیزم ابو بکر اے کمارا (Abu Baker A Kamara)

عزیزم یوسف ایم شریف(Yusuf M Sharif)

عزیزم زکریا سیسے (Zakariya Sesay)

عزیزم محمد فوفانا (Muhammad Fofanah)

عزیزم اسماعیل سانکو (Ishmail Sankoh)

عزیزم صالیو ماریگا(Salieu Marega )

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں باعمل معلم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

دوران سال مجلس علمی کے تحت انفرادی و اجتماعی طور پر کل16؍ علمی مقابلہ کروائے گئے۔ عزیزم یوسف شریف مجلس علمی کے بہترین طالب علم قرار پائے۔ اور ناصر گروپ اس سال کا بہترین گروپ قرار پایا۔

مجلس ارشاد کے تحت مختلف عناوین پر کل 6؍سیمینار کروائے گئے۔

جامعہ کی سالانہ کھیلوں کا انعقاد اپریل کے مہینہ میں ہوا اور اس میں مجموعی طور پر 26؍ انفرادی و اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ عزیزم ابوبکر اے کمارا بہترین کھلاڑی اور قناعت گروپ بہترین گروپ قرار پایا۔

رپورٹ کے بعد عزیزم صالیو ماریگا SALIU MAREGA،نقیب جامعہ ہوسٹل نے اساتذہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔


مکرم امیر صاحب نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ اور تقریر کی ۔آپ نے طلباء کو اور فارغ التحصیل معلمین کو وقف سے متعلق نصائح فرمائیں اور واقفین زندگی کی قربانیوں کا تذکرہ کیا۔ آخر پر آپ نے دعا کروائی۔

اس پروگرام میں ریجنل مبلغ بو ریجن مولوی عقیل احمد صاحب، ریجنل مبلغ کینیما ریجن، مولوی منیر حسین صاحب، ریجنل مبلغ دارو، مولوی صلاح الدین صاحب، بو ریجن کے ریجنل ممبرانِ عاملہ، معلمین، سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ و دیگر احباب جماعت سمیت 200؍ سے زائد افراد شریک ہوئے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی جملہ اساتذہ و طلباء کو ان کے فرائض احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button