کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین گھانا کی 27ویں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 30؍ جون 2019ء بروز اتوار اپنی ستائیسویں سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد منعقد کرنے اور ساتھ ہی جامعۃ المبشرین کے نئے ہوسٹل اور واش رومز کا افتتاح کرنے کی بھی توفیق ملی۔ الحمدللہ ۔ اس بابرکت تقریب میں شمولیت کے لیے مہمانان کو بذریعہ خطوط و فون دعوت دی گئی تھی اور اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر جامعۃ المبشرین گھانا کو خوبصورت جھنڈیوں، بینرزاور آرائشی گیٹس سے آراستہ کیا گیا تھا۔ لوائے احمدیت اورمختلف ممالک کے جھنڈے بھی لہرائے گئے تھے۔


اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم مولانا نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھاناتھے۔

افتتاح ناصر ہوسٹل :تقریب تقسیم انعامات و اسناد کے باقاعدہ آغاز سے قبل ناصر ہوسٹل اور واش رومز برائے مسجد کا افتتاح مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب گھانانے کیا۔ ناصر ہوسٹل کی تعمیر کا آغاز 2016ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ہوا۔ تعمیر کے آغاز سے قبل باقاعدہ طور پر مکرم امیر صاحب گھانا نے سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد مکرم فائز احمد نوشیروان آرکیٹیکٹ آف یو کے کی زیرنگرانی تعمیراتی کام شرو ع ہوا۔ دوران تعمیر مکرم فائز احمد صاحب کو بعض دیگر جماعتی پراجیکٹس کی وجہ سے یوکے واپس جانا پڑا لیکن ان کی غیر موجودگی میں مکرم اسماعیل آپیا ، فورمین اورجامعہ کی طرف سے مکرم طاہر احمد ظفر صاحب نے مکرم فائز احمد صاحب سے رابطہ رکھتے ہوئےکام کو جاری رکھا۔ اس ہوسٹل میں چار کمرے، دس واش رومز اور دس باتھ رومز ہیں۔ہر کمرے میں دس طلباء کی گنجائش موجود ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہوسٹل میں تمام سہولیات میسر ہیں۔اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو جنہوں نے کسی نہ طرح سے اس ہوسٹل کی تعمیر اور تکمیل میں حصہ لیا اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین

واش رومز:ناصر ہوسٹل کے افتتاح کے ساتھ جامعہ مسجد کے ساتھ ملحق ایک چھوٹی سی عمارت برائے وضو کا بھی افتتاح ہوا۔ یہ عمارت مکرم الحاج عبدالحکیم کمسن صدر منکسم زون نے جامعہ کو بنا کر دی ہے۔ اس میں وضوء وغیرہ کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو بھی اجر عطا فرمائے۔ا ٓمین

ناصر ہوسٹل اور واش رومز کے افتتاح کے بعد لوائے احمدیت اور گھانا کا جھنڈا لہرایا گیا۔تلاوت قرآن کریم اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے منظوم کلام سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔جس کے بعد نئے اور پرانے نقبائے اعلیٰ نے اپنی اپنی رپورٹس اور خیالات کا اظہار کیا۔اس کے بعد عربی قصیدہ پڑھا گیا۔


مکرم فہیم احمد خادم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے جامعہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔اس رپورٹ میں طلباء کی علمی،ورزشی اور تربیتی ٹریننگ کے حوالے سے دوران سال ہونے والی تمام مساعی کا تذکرہ کیا گیا۔نیزجامعہ میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کی بھی رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر نائب امراء، اکرافو چیف اور بعض دیگر مہمانان خصوصی نے طلباء میں انعاما ت تقسیم کیے۔ اسی طرح مکرم امیر صاحب نے طلباء میںٹرافیاں اور پاس ہونے والے 8؍ ممالک کے20؍ طلباء کو سندات دیں،اسی طرح دوران سال حافظ کلاس میںحفظ مکمل کرنے والے دو طلباء کو بھی سندات دی گئیں۔اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے تقریر میں قیمتی نصائح کرتے ہوئے طلباء کو ان کی ذمہ داریاں اور فارغ التحصیل ہو نے کے بعد اُن کے فرائض کو تفصیل سے بیان فرمایا ۔ دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد جامعہ و مدرسہ کے تمام طلباء نے گروپس میں آکر مکرم امیر صاحب اور نائب امراء کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔اور پھر تمام مہمانان کو خصوصی کھانا پیش کیا گیا ۔اور بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھی گئیں۔ اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین کی سالانہ تقریب انتہائی کامیابی کےساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔اس تقریب میں نائب امراء، نیشنل مجلس عاملہ کے چند اراکین، بعض مبلغین،مقامی چیفس و دیگر احباب جماعت، مرکزی سٹاف کی فیملیز اور امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے والدین و اقربابھی تقریب میں شامل ہوئے۔شاملین کی کل تعداد 915؍ رہی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے جامعۃ المبشرین گھانا کے طلباء اور اساتذہ نے دوہفتے مسلسل وقارعمل کرکے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ جامعۃ المبشرین کی تزئین و آرائش کی۔


آخر پرتمام احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ فارغ ہونے والے تمام طلباء کو اسلام احمدیت کے لیے انتہائی مفید وجود بنائے اور انہیں اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے اور جامعۃالمبشرین گھانا کے تمام اساتذہ اور دیگر کارکنان کو بھی بہترین خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

(رپورٹ: فہیم احمد خادم، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button