متفرق شعراء

جلسہ سالانہ یو کے 2019ء

یہ دن جلسے کے آئے ہیں مبارک صد مبارک ہو
حسیں لمحات لائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

امامِ وقت کی قُربت ہماری خوش نصیبی ہے
دریچے جگمگائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

ہر اک چہرے پہ خوشیوں کے کھلے ہیں پھول اب دیکھو
بدن خوش بو بسائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

نظر جس سمت جاتی ہے سجے ہیں بام و در ہر سُو
خوشی کے گیت گائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

مسیحِ پاک کا گُلشن بھرا ہے آج خوشیوں سے
عَلَم حق کا اُٹھائے ہیں مُبارک صد مبارک ہو

ہر اک چھوٹا بڑا خوش ہے گلے مِل کر محبت سے
سبھی تو مُسکرائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

بڑھیں گے ہم تو آگے ہی عدو چاہے قدم روکے
گلے سب کو لگائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

عَلَم اسلام کا گاڑا ہے اب کتنے ہی مُلکوں میں
دئے سچ کے جلائے ہیں مبارک صد مُبارک ہو

چھٹے گی تیرگی دنیا کی اپنے دم قدم سے ہی
مئے عِرفان لائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

سجی ہیں محفلیں صبح و مسا مہماں نوازی کی
نظر کو ہم بچھائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

فرشتہ صفت بندوں کی زباں پہ ذکر ہے رب کا
حسیں محفل سجائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

زباں پہ حمد ہے جاری خدا کے فضل و احساں کی
یہ دن رب نے دکھائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

خدا کا شکر بھی کرنا اب اعظمؔ ہم پہ لازم ہے
جبیں سجدے جھکائے ہیں مبارک صد مبارک ہو

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button