از مرکز

حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ کے انتظامات کا معائنہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ انگلستان کو 2؍ اگست سے4؍ اگست 2019ء (بروز جمعۃ المبارک ، ہفتہ اور اتوار)تک اپنا 53واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔

جلسہ سالانہ کی بنیادبانیٔ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعودو مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اِذن الٰہی سے 1891ء میں رکھی تھی۔ آپ ؑ نے ایک اشتہار میں افراد جماعت کواس جلسہ سالانہ کے انعقاد اور اس کی اغراض و مقاصد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئےفرمایا تھا:

‘‘تمام مخلصین داخلین سلسلۂ بیعت اس عاجز پر ظاہر ہو کہ بیعت کرنے سے غرض یہ ہے کہ تا دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو۔ اور اپنے مولیٰ کریم اور رسول مقبول صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت دل پر غالب آجائے اور ایسی حالت انقطاع پیدا ہو جائے جس سے سفرِ آخرت مکروہ معلوم نہ ہو۔ لیکن اِس غرض کے حصول کے لئے صحبت میں رہنا اور ایک حصّہ اپنی عُمر کا اس راہ میں خرچ کرنا ضروری ہے تا اگر خدائے تعالیٰ چاہے تو کسی بُرہانِ یقینی کے مشاہدہ سے کمزوری اور ضُعف اور کسل دُور ہو۔ اور یقین کامل پیدا ہو کر ذوق اور شوق اور ولولۂ عشق پیدا ہوجائے۔ سو اس بات کے لئے ہمیشہ فکر رکھنا چاہئے اور دعا کرنا چاہئے کہ خدائے تعالیٰ یہ توفیق بخشے۔ اور جب تک یہ توفیق حاصل نہ ہو کبھی کبھی ضرور ملنا چاہئے۔ کیونکہ سلسلۂ بیعت میں داخل ہو کر پھر ملاقات کی پرواہ نہ رکھنا ایسی بیعت سراسر بے برکت اور صرف ایک رسم کے طور پر ہوگی۔’’

نیز فرمایا:

‘‘حتی الوسع تمام دوستوں کو محض لِلّٰہ ربّانی باتوں کے سننے کے لئے اور دعا میں شریک ہونے کے لئے اُس تاریخ پر آجانا چاہئے۔ اور اِس جلسہ میں ایسے حقایق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں۔اور نیز اُن دوستوں کے لئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی۔اور حتی الوسع بدرگاہ ِارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف اُن کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان میں بخشے۔’’

(اشتہار 30؍دسمبر 1891ء۔ آسمانی فیصلہ ۔ روحانی خزئن جلد 4صفحہ 351۔353)

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی ہدایات کی روشنی میں خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے محض دینی اغراض کی خاطرآج سینکڑوں ممالک میں بڑی باقاعدگی کے ساتھ جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہو رہے ہیں ۔خلافتِ احمدیہ کے انگلستان میں قیام کی بدولت جلسہ سالانہ برطانیہ کو ایک مرکزی جلسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عالمی جلسہ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نئے مرکز احمدیت میں منتقلی کے بعد برطانیہ کا یہ پہلا جلسہ سالانہ ہے۔ اس لحاظ سے اسلام آباد میں بھی مہمانوں کی خدمت کے لیے بھر پور انتظامات کیے گئے ہیں۔
امسال بھی اس بابرکت جلسہ کا انعقاد 208؍ایکڑ رقبہ پر محیط انگلستان کی کاؤنٹی‘Hampshire’ کے قصبہ آلٹن کے علاقہ میں واقع ‘Oakland Farm’ پرہورہا ہے۔ اس جگہ کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 2005ء میں ‘‘حدیقۃ المہدی’’ عطا فرمایا تھا۔ اور 2006ء سے حدیقۃ المہدی میں جلسہ سالانہ منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں احمدی و دیگر مہمانان شرکت کرتے ہیں۔ اس وسیع رقبہ کا 95فیصدی حصہ کھلے میدان کی صورت میں ہے۔ انگلستان کے موسم کے پیشِ نظر یہاں پر اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کرنا گویا چالیس ہزار کے قریب افراد کے لئے ایک عارضی شہرکو بسانے کے مترادف ہے۔ چنانچہ ہزاروں کی تعداد میں احمدی رضاکاران جلسہ کے مقررہ دنوں سے بہت پہلے کام شروع کرتے ہیں اورموسم کی شدّت کے باوجود دن رات ایک کر کے اس عارضی شہر کے قیام کے انتظامات مکمل کرتے ہیں۔ ان رضاکاران میں برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی رضاکاران محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول اور حضرت اقدس مسیح ِپاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر کشاں کشاں حدیقۃ المہدی پہنچتے ہیں۔

امسال خدمت خلق کےتحت ایک بین الاقوامی وقفِ عارضی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو نیلے رنگ کی جیکٹس میں رضاکارانہ طور پر خدمت کرنے کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ اس ٹیم میں 28جولائی 2019ء تک 135؍ افرادکینیڈا، جرمنی، ماریشس، امریکہ اور یوکےکے مختلف شہروں سے شامل ہو چکے تھے۔

جلسہ گاہ میں شاملینِ جلسہ کے لیے مردانہ جلسہ گاہ، زنانہ جلسہ گاہ، خیمہ جات طعام، مختلف دفاتر اور رات بسر کرنے والوں کے لیے رہائشی خیمہ جات قائم کیے جاتے ہیں۔ مزید برآں مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دینے والے رضاکاران اپنے اپنے شعبہ کے لحاظ سے جلسہ سے پہلے سے لے کر جلسہ کے اختتام کے بعد تک مصروفِ کار دکھائی دیتے ہیں۔اور جیسا کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے ایک خطبہ جمعہ میں فرمایا تھا جلسہ کی تیاری کے آغاز سے لے کر وائنڈ اپ کرتے ہوئے اس جگہ کو اپنی پہلی حالت میں واپس لے جانے کا یہ تمام تر عمل 28؍ روز کے اندر اندر مکمل کرنا ہوتا ہے۔

اس احاطہ پر موجود shedsمیںحضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہنمائی اور دعا کی بدولت ایک مستقل کچن کے علاوہ لبنان سے خرید کردہ ایک روٹی پلانٹ نصب کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے ایام میں یہاں مہمانوں کے لئے معیاری اور لذیذ کھانا تیار کرنے کا کام بخوبی سرانجام دیا جا رہا ہے۔ اس کچن میں سینکڑوں رضاکاران روزانہ پینتیس سے چالیس ہزار افراد کا کھانا دو وقت تیار کرتے رہے جبکہ جلسہ گاہ میں قیام پذیر احباب و رضاکاران کے لئے ناشتہ کا انتظام بھی موجود ہے۔

جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جلسہ سالانہ کے منتظمین و رضاکاران کو ہر مرحلہ پر نصائح او ررہنمائی سے نوازتے ہیں۔

خطبہ جمعہ میں جلسہ سالانہ کے انتظامات سے متعلق ہدایات

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍جولائی 2019ء کے خطبہ جمعہ میں بدری صحابہؓ کے ذکر کے بعد فرمایاکہ اگلے جمعہ سے انشاء اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ شروع ہو رہا ہے ۔یہاں برطانیہ کا اس کے ہر لحاظ سے بابرکت ہونے کے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ جن کی ڈیوٹیاں ہیں وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ان ڈیوٹیوں کو سرانجام دینے کی کوشش کریں اور دعا بھی کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں توفیق دے کہ صحیح طور پہ ڈیوٹیاں ادا کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں بہتر رنگ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے مہمانوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ اس سال شعبہ ٹرانسپورٹ کو اس لحاظ سے کچھ زیادہ کام کرنا پڑے گا اور پلاننگ بھی کرنی ہو گی کہ یہاں جماعتی قیام گاہوں میں جو لوگ ٹھہرے ہوئے ہیں مہمان ان کو اسلام آباد جلسہ سے پہلے بھی اور بعد میں بھی چند دن لانے کا انتظام کرنا ہو گا اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا ہو گا اس کے لئے میں نے افسر جلسہ سالانہ کو کہا تھا کہ پلاننگ کر لیں امید ہے اس پہ کام شروع ہو گیا ہو گا تا کہ مہمان وہاں اسلام آباد میں بھی آ کے وہاں بھی نمازیں ادا کر سکیں اور جلسہ کے دنوں میں تو حدیقة المہدی میں یہاں سے انتظام ہوتا ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کام احسن رنگ میں سب کو انجام دینے کی توفیق دے۔

…………………………………………………………

گزشتہ کئی سالوں سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جلسہ سالانہ سےایک ہفتہ قبل بروز اتوار کو مرکز احمدیت مسجد فضل لندن، مسجد بیت الفتوح ، جامعہ احمدیہ اور حدیقۃ المہدی کےانتظامات کا معائنہ فرماتے رہے ہیں۔مرکز احمدیت اسلام آباد منتقلی کے بعد امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍جولائی 2019ءبروز جمعۃ المبارک بیت الفتوح میں انتظامات کا معائنہ فرمایا۔

معائنہ انتظامات بیت الفتوح

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نماز جمعہ پڑھانے اور سنتوں کی ادائیگی کے بعدبیت الفتوح کی پارکنگ کے احاطہ میں رونق افروز ہوئےجہاں جلسہ سالانہ کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔بچیاں گروپ کی صورت میں میں ‘‘قافلے در قافلے عشاق کے ،آئے ہیں مہماں مسیح پاک کے’’ پڑھ رہی تھیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے لجنہ کے لیے طعام گاہ کے طور پر نصب کی گئی مارکی اور لجنہ کے حصے کا معائنہ فرمایا اور ہدایات دیں۔ بعد ازاں حضور انور نےمردانہ طعام گاہ کے طور پر نصب کی گئی مارکی اوررہائش کے لیے مارکی کا معائنہ فرمایا۔حضور انور نے مہمانوں کے لیے جو بستر استعمال ہو گا اس کا بھی جائزہ لیا۔اس کے بعد حضور انور استقبالیہ جلسہ سالانہ کی مارکی میں تشریف لے گئے جس کے عقب میں جلسہ سالانہ کے مختلف دفاتر بھی قائم ہیں۔یہاں مہمانوں کی رجسٹریشن کے علاوہ مہمانوں کو جلسہ سالانہ کے متعلق معلومات سے بھی آگاہ کیا جاتا ہےنیز حسب ضرورت کار پاس بھی ایشو کیے جاتے ہیں۔ حضور انور نے اس موقع پر ناظمین و دیگر منتظمین کو جو ہدایات عطا فرمائیں ان کا خلاصہ یہی تھا کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت کا معیار بلند ترین ہونا چاہیے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد پرامسال مسجد فضل لندن، بیت الفتوح اور اسلام آباد کے گرد و نواح میں رہنے والے لوگوں کے لیے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ اگر ان کے ہاں مہمان ٹھہرے ہیںتو وہ مقامی صدر یا اُن کے نمائندہ سے دن میں کسی بھی وقت پرچی حاصل کر کے لنگر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔حضور انور نے معائنہ کے دوران فرمایا تھا کہ اگر کوئی صدر موجود نہیں بھی ہے تب بھی سب کو کھانا ملنا چاہیے۔

بعد ازاں حضور انور نےبیرون ملک سے تشریف لانے والے مہمانوں کی رجسٹریشن کے حوالہ سے ناظم شعبہ مکرم خواجہ عابد رشید صاحب سے معلومات حاصل کیں۔

اس کے بعد حضور انور اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔

……………………………………………………………

معائنہ انتظامات اسلام آباد، جامعہ احمدیہ اور حدیقۃ المہدی

28؍جولائی 2019ء بروز اتوار :حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے چار بجکر 40 منٹ پر مرکزِ احمدیت اسلام آبادمیں معائنہ انتظامات کا آغاز فرمایا۔سب سے پہلے حضور انورایدہ ا للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے reserve مارکی کا معائنہ فرمایا جہاں دن بھر مہمانان خصوصی کو کھانا پیش کیا جاتا ہے۔

اس کے بعد حضور انورنےکار پارک کے احاطہ میں مستورات اور مردوں کے لیے نصب کھانے کی مارکی کا معائنہ فرمایا۔بعد ازاں حضور انور 20منٹ کی مسافت پر جامعہ احمدیہ کے لیے روانہ ہوگئے۔

جامعہ احمدیہ

مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مہمان مرد و زن کی رہائش کا انتظام جامعہ احمدیہ میں کیا گیا ہے۔5بجکر 15 منٹ پر جامعہ احمدیہ میں حضور انور کی تشریف آوری ہوئی۔مکرم حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب ناظم Reserve 1نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا استقبال کیا اور حضور انور کے استفسار پرخدمت کرنے والے رضاکاران کی تعداد بتائی۔حضور انورنے جامعہ احمدیہ میں انتظامات کا تفصیلی معائنہ فرمایا جن میں سونے کے انتظامات اورمہمانوں کےلیے بیوت الخلا کے انتظامات شامل تھے۔عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے حضور انور کے استقبال میں حمدیہ گیت گائے۔بعد ازاں حضور انور کو طعام گاہ دکھائی گئی جہاں کھانے کے انتظامات کیے گئے تھے۔حضور انور نے اس موقع پر ایک کیک بھی کاٹا۔بعد ازاں حضور انور خواتین کی طعام گاہ میں تشریف لے گئے جہاں خواتین نے بھی گروپ میں حمدیہ گیت گائے۔اس کے بعد حضور انور حدیقۃ المہدی کے لیے روانہ ہوئے۔

حدیقۃ المہدی

حدیقۃ المہدی آمد پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کچھ دیر کے لیے اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔اس کے بعد حضور انور نے لنگر خانہ کا معائنہ فرمایا اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا۔ حضور انور نے کھانا پکانے کے حوالہ سے باورچیوں(Cooks)کو ہدایات سے نوازا۔ امسال حضور انور کی یہ ہدایت تھی کہ پکوائی کے لیے مصالحے خود پیسے جائیں اور گرم مصالحہ استعمال نہ کیا جائے۔چنانچہ امسال کھانے میں استعمال ہونے والے مصالحے خود پیسے جا رہے ہیں اور گرم مصالحہ استعمال نہیں کیا جا رہا۔

حضور انور کی لنگر خانہ میں آمد اور کھانے کے جائزے کے حوالہ سے مکرم لئیق احمد صاحب ناظم لنگر 2 نے بتایا کہ الحمد للہ حضور انور نے ہر دیگ چیک کی ہے اور باقاعدہ آلو ، مصالحہ اور بوٹی یعنی گوشت کو خاص طور پر چیک کیا ہے کہ گوشت گل گیا ہےیا نہیں۔ حضور انور نے پھر بوٹی توڑ کر دکھائی ہے اور نمک مرچ بھی چیک کی۔ پھر حضور انور نے پوچھا کہ (کھانا )اسی طرح جلسہ پر بنے گا؟ تو مَیں نے جواب دیا کہ انشاء اللہ،حضور کی دعا سے ایسا ہی بنے گا۔حضور انور بہت خوش تھے اور ہماری ٹیم بھی خوش تھی کہ حضور انور نے ہماری کوشش کو پسند فرمایا ہے۔

اس کے بعد حضور انور نے روٹی پلانٹ کا معائنہ فرمایا۔ امسال روٹی پلانٹ میں ایک نئی مشین متعارف کروائی گئی ہے جوگوندھے آٹے کو 9کلوگرام کے ٹکڑوں میں تقسیم کرتی ہے۔ قبل ازیں رضاکاران آٹے کے ٹکڑے خود کاٹتے تھے۔ مشین ایک احمدی pilot فاتح احمد صاحب نے بنائی ہے۔حضور انور نے اس مشین کا جائزہ لیانیز حضور انور نےروٹی کے معیار کو چیک کیا۔ روٹی پلانٹ کے بعد حضور انوررہائشی سٹور میں تشریف لے گئے جہاں جلسہ کے مہمانوں کے لیے گدے اور بستر جمع کیے ہوئے تھے۔ حضور انورنے گدوں کو چیک کیا۔اس کے بعد حضور انور سٹور کے احاطہ سے ہوتے ہوئے جہاں شعبہ الیکٹرک کے رضاکاران کھڑے تھے کار پارک کے احاطہ میں رونق افروز ہوئے۔اس موقع پر نائب افسر جلسہ سالانہ مکرم مقبول احمد صاحب نے کار پارک میں بچھائے جانے والے tracks کے حوالہ سے حضور انور کے استفسار پر معلومات دیں۔ بعد ازاں حضور انورنے اُس جگہ کا معائنہ فرمایا جہاں رہائشی خیمے نصب تھے۔ حضور انور نے ایک خادم کو خیمے کے اندر جانے کا ارشاد فرمایا اور پھر دیکھا کہ خیمے میںکتنی جگہ ہے۔

اس جگہ کے قریب ہی لجنہ کی رجسٹریشن کا احاطہ شروع ہوتا ہے۔ چنانچہ حضور انور نے لجنہ رجسٹریشن، سیکیورٹی اور سکیننگ مارکی کا معائنہ فرمایا۔

اس کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزخدمتِ خلق کے تحت سیکیورٹی سینٹر تشریف لے گئے جہاں حضور انور نے ہنگامی صورتحال میں responseٹائم کے حوالہ سے استفسار فرمایا۔ حضور انور کو بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں response ٹائم آدھ منٹ ہے نیز حضور انورکو بتایا گیا کہ امسال CCTVکی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہے۔ شعبہ فرسٹ ایڈ میں حضور انور نے انتظامات کے حوالہ سے استفسار فرمایا اور اہم ہدایات سے نوازا کہ کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کے لیے شعبہ فرسٹ ایڈ تیار رہے۔
حضور انور کو رابطہ کی سہولیات کے حوالہ سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا گیا۔ کھانے کی مارکیز کا معائنہ فرمانے کے بعد حضور انور مرکزی پنڈال کی طرف تشریف لے جار ہے تھے کہ احمدیہ آرکائیو اینڈ ریسرچ سینٹر اور الحکم کی مارکی کے پاس حضور انور نے توقف فرمایا اور مارکی کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں۔بعد ازاں حضور انور مرکزی پنڈال تشریف لے گئے۔

ڈیوٹیوں کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب

شام سات بج کر 23منٹ پر حضور انور مرکزی پنڈال میں رونق افروز ہوئےجس پر فضا نعروں سے گونج اٹھی۔مرکزی پنڈال میںڈیوٹیوں کی افتتاحی تقریب کے لیے جلسہ پر ڈیوٹی دینے والے تمام رضاکاران و کارکنان و مرکزی مہمانان جو مختلف ممالک سے بحیثیت نمائندہ تشریف لائے تھے موجود تھے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کرسی صدارت پررونق افروز ہوئے اور تقریب کا باقاعدہ آغاز فرمایا۔اسٹیج پر حضورِ انور کے عقب میں محترم رفیق احمد حیات صاحب (امیر جماعت احمدیہ یُوکے و افسر رابطہ)، محترم مولانا عطاء المجیب راشد صاحب ( مبلغ انچارج ،نائب امیر و افسر جلسہ گاہ) اور محترم ناصر خان صاحب (نائب امیر وافسر جلسہ سالانہ) نے بیٹھنے کی سعادت حاصل کی۔اس تقریب میں حضورِ انور کے سامنے دائیں و بائیں جانب جلسہ پر مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مہمان و بزرگان کرسیوں پر تشریف فرما تھے۔ جبکہ ان سے کچھ آگے جلسہ سالانہ و جلسہ گاہ و خدمتِ خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے والے شعبہ جات کے ناظمین اور اس سے آگے نائب ناظمین و معاونین نے بیٹھنے کی سعادت حاصل کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم محمود وردی صاحب(انچارج انڈونیشن ڈیسک یوکے)نے سورۃ الملک کی ابتدائی 5آیات کی تلاوت کرنے کی اور مکرم نثار آرچرڈ صاحب(ناظم تربیت زون 1)کو اس کا انگریزی ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ سات بج کر 27 منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطاب فرمایا۔

خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع معائنہ انتظامات

تشہد، تعوذ اور تسمیہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سال اب جلسے کے انتظامات میں بہتری پیدا ہوتی چلی جا رہی ہے اور اب تو انتظامات جو انسانی کوششوں کے لحاظ سے ہو سکتے ہیں گو کہ گنجائش موجود رہتی ہے ہر وقت ،میرے خیال میں اب ایسے ہیں کہ ان کو بہترین انتظامات میں سے کہا جا سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام کارکنان بڑی محنت سے ہر شعبہ میں کام کرنے والے ہیں اور اب تو لگتا ہے کہ جیسے اس شعبہ کی خاص ٹریننگ انہوں نے لی ہوئی ہے ۔یہ انتظامات صرف ایک فکر میں مجھےڈالتے ہیں کہ کہیں کام کرنے والوں کو یہ خیال نہ آ جائے کہ اب ہمارےکام ، ہمارے انتظامات، ایسے perfect ہو گئے ہیں کہ مزید کسی گنجائش کی ضرورت نہیں ہے یا اب ہمیں کوئی ایسی محنت کی ضرورت نہیں ہے یا دعا کی ضرورت نہیں ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ہمیشہ یاد رکھیں چاہے جتنی مرضی perfection پیدا ہو گئی ہے آپ کے کاموں میں یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہے اس لیے ڈیوٹی کے دوران، کام کے دوران اللہ تعالیٰ کو کبھی نہ بھولیں۔ اس کا شکر گزار بھی بنتے رہیں اور دعا بھی کرتے رہیں کہ یہ جو انتظامات انسانی کوشش کے لحاظ سے ہم نے کیے اور ہمارے خیال میں یہ بہترین انتظامات ہیں ان میں اللہ تعالیٰ برکت ڈالے اور کہیں کوئی روک نہ پیدا ہو۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:ہمیشہ یاد رکھیں کہ انسانی کوششیں جتنی بھی ہوں بغیر اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی مدد کے کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔اور ہماری جو کوششیں ہیں یا ہمارے جو کام ہیں خاص طور پر جلسہ سالانہ کے وہ انتظامات ہم کر ہی اس لیے رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد کے مطابق جو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو فرمایا کہ جلسہ کا انعقاد خالص اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے ہو رہا ہے۔ اس لیے بے شک اس کی کامیابی چاہے ہم کام کریں یا نہ کریں ، کم کریں یا زیادہ کریں اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لی ہے اور ہوتی چلی جائے گی ۔ لیکن اگر ہم نے اس کام کے ثواب میں حصہ دار بننا ہے تو ہمیں ہمیشہ خدا تعالیٰ کو یاد رکھنا چاہیے تاکہ وہ تائیدات جو اس جلسہ سے منسلک ہیں ، وہ افضال جو اس جلسہ سے منسلک ہیں ان میں ہم بھی حصہ دار بنتےچلے جائیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اللہ تعالیٰ آپ سب کو توفیق عطا فرمائے کہ بہتر رنگ میں کام کرتے چلیں جائیں اور کبھی اللہ تعالیٰ کو نہ بھولیں۔ اپنی نمازوں کی ہمیشہ حفاظت کریں۔ کام کے دوران اگر وقت آگے پیچھے ہو جاتا ہے نماز کا تب بھی جب بھی ڈیوٹی ختم ہو یا ڈیوٹی سے پہلے نمازوں کی ادائیگی باقاعدہ ہونی چاہیے اور افسران شعبہ جات جیسا کہ میں ہمیشہ یاددہانی کراتا ہوں اب بھی کہوں گا اس بات کی نگرانی کریں اللہ تعالیٰ آپ کو بہتر رنگ میں، احسن رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ اب دعا کر لیں۔
دعا کے بعد حضور انور نے انتظامیہ سے اسٹیج اوربینر زکے سائزکے متعلق معلومات حاصل کیں اور پھر لجنہ کے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے جہاں ڈیوٹی دینے والی عورتیں اور بچیاں موجود تھیں۔ حضور انور نے لجنہ کو عاجزی کے ساتھ خدمت کرنے کی تلقین فرمائی۔ بعد ازاں حضور انور نے ایم ٹی اے کے احاطہ میں ایم ٹی اے ٹرانسمِشن ٹرک (transmission truck)اور بروڈکاسٹ یونٹ (broadcast unit)کا معائنہ فرمایااور تفصیلی ہدایات عطا فرمائیں۔ حضور انور نے ایم ٹی اے کی لجنہ ٹیم کی ہر ایک ممبر سے اُن کی ڈیوٹیوں کے حوالہ سے استفسار فرمایا۔ اس کے بعد حضور انور نے ایم ٹی اے کے احاطہ میں جہاں ایم ٹی اے 3، ایم ٹی اے افریقہ، فرنچ سٹریم، ایم ٹی اے پروگرامنگ، IT، پروڈکشن، ایم ٹی اے آفس، سٹور اور مزید شعبہ جات واقع ہیں اُن کا معائنہ فرمایا۔ اس موقع پر ان دفاتر میں خدمت کرنے والےرضاکاران موجود تھے۔اس کے بعد تراجم کی مارکی سے گزرتے ہوئے حضورانور مرکزی پنڈال میں سات بج کر 56منٹ پر عقبی جانب سے داخل ہوئے۔ مرکزی پنڈال کے عقب میں تمام ڈیوٹی دینے والے رضاکاران کا حضور انور کے ساتھ عشائیہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ عشائیہ کے بعد 8 بج کر 23منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے اور اسلام آباد میں نمازمغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button