جلسہ سالانہمتفرق مضامین

نظامت سٹیج ڈیزائن کا تعارف

جلسہ سالانہ کا سٹیج ڈیزائن یا بیک ڈراپ (Backdrop) بلا شبہ جلسے کے مرکزی عنوان کی نشاندہی کررہا ہوتا ہے، اس لیے اس کی ایک خاص اہمیت ہے۔ اس کی تیاری کس طرح ہوتی ہے، آئیے اس کی مختصر روئداد آپ کو سناتے ہیں۔


جلسہ سالانہ برطانیہ میں اس کام کے لیے الگ سے ایک نظامت بنائی گئی ہے جسے ’نظامت سٹیج ڈیزائن‘ کہا جاتا ہے۔ گذشتہ 19؍ سال سے اس بینر کو تیار کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے مکرم مرزا ندیم احمد صاحب امسال بھی اس کے ناظم کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خاکسار کو بتایا کہ


جلسہ سالانہ سے تقریباً چار مہینے قبل Backdrop کے لیے دوسے تین sketches نمونے کے طور پر تیار کیے جاتے ہیں۔ اس کے بعدانہیں افسر جلسہ گاہ (مکرم عطاء المجیب راشد صاحب) اور اس نظامت کے نگران نائب افسر جلسہ گاہ (مکرم ڈاکٹر شبیر احمد بھٹی صاحب)کو دکھایا جاتا ہے اور مشورے سے اسے مزید بہتر کیا جاتا ہے۔ مکرم افسر صاحب جلسہ گاہ کی منظوری کے بعد اسے امیر صاحب کو دکھایا جاتا ہے اور پھر امیر صاحب اور خاکسار حضورِ انور کی خدمت اقدس میں اُن Backdrops کے نمونوں کو پیش کرتے ہیں۔

حضور انور کی خاص دلچسپی اور رہنمائی

مکرم ناظم صاحب سٹیج ڈیزائن کہتےہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ان نمونوں کو بہت غور سے ملاحظہ فرماتے ہیں اور ان میں بہت دلچسپی لیتے ہیں۔بعض اوقات مجھے بالکل نیا آئیڈیا عطا فرماتے ہیں، بعض اوقات Backdrop پر جو تحریر لکھنی ہوتی ہے اس کی طرف رہنمائی اور قرآنی آیات کی بھی نشاندہی فرماتے ہیں یا کسی مربی صاحب سلسلہ کو آیات اور اقتباس تلاش کرنے کے لیے ارشاد فرماتے ہیں۔ کئی بار حضورانور Backdropکا نیا سکیچ از خود بھی بنا کر دیتے ہیں اور Colour scheme بھی بتاتے ہیں۔ الغرض حضور انور بہت دلچسپی اور غور سے اسے دیکھتے ہیں ، اس طرح ہر مرحلے پر حضور انور کی رہنمائی سے کام ہوتا ہے۔

اس کے بعد حضورِ انور ازراہِ شفقت Backdrop کی تیاری کے سلسلہ میں مزید وقت دیتے ہیں چنانچہ حضورِ انور کی تازہ ہدایات کی روشنی میں پانچ سے چھے ڈیزائن تیار کر کے خدمتِ اقدس میں پیش کر دیے جاتے ہیں۔ زیادہ تر اس مرحلے پر حضورِ انور سے ڈیزائن کی فائنل منظوری ہو جاتی ہے۔

منظوری کے بعد کے مراحل

ڈیزائن منظور ہونے کے بعد اس کو پرنٹ کروانے اور پھر جلسے سے قبل اسےسٹیج کے بیگ گراؤند پر لگانے کا کام شروع ہو جاتا ہے۔پرنٹ ہو نے کے بعد اس کام میں تین سے چار روز صرف ہوتے ہیں۔ آغاز میں خاکسار کو اکیلے بھی اسے لگانے کی توفیق ملتی رہی ہے۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک ٹیم ہے جو اس کام کو سرانجام دیتی ہے۔ اس ٹیم میں مکرم امان اللہ خان صاحب، مکرم صبیح ناصر صاحب،مکرم معید حامد صاحب اور مکرم لبید احمد صاحب خاکسار کے ساتھ شامل ہیں۔ اس مستقل ٹیم کے علاوہ رضاکاران بھی ہمارے ساتھ شامل ہو کر ہماری مدد کرتے ہیں۔

زمانے کی جدّت کے ساتھ ساتھ ہم کوشش کرتے ہیں کہ اس ڈیزائن میں مختلف effects بھی شامل ہوں۔ بعض اوقات ہم اسے 3D کا effect دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

امسال جلسہ سالانہ کے لیے تیار ہونے والے بینر کا سائز 66×18 فٹ ہے۔ بعض اوقات اس Backdrop کے ساتھ ہم panels بھی لگاتے ہیں۔ امسال اس بینر کے ڈیزائن میں panels نہیں ہیں۔

احمدی مسلمان اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر معاملے میں خلافتِ احمدیہ کی برکات کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ ایک دفعہ ایسا بھی ہوا کہ ایک نَو مبائع خاتون نے اپنے خواب میں جلسہ سالانہ کے بینر کو دیکھا۔ حضورِ انور نے 2007ء میں دوسرے دن بعد دوپہر کے خطاب میں اس کا ذکر بھی فرمایاتھا۔

(رپورٹ: فرّخ راحیل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button