متفرق مضامین

قراردادِ تعزیت بروفات: مکرم مجیب الرحمٰن صاحب ایڈووکیٹ (سابق امیر جماعت راولپنڈی )

ہم ممبران صدر انجمن احمدیہ پاکستان مکرم مجیب الرحمٰن صاحب ایڈووکیٹ سابق امیرضلع راولپنڈی کی وفات پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہیں۔ جماعت احمدیہ کے یہ دیرینہ خادم مورخہ 30؍جولائی 2019ء کو 85؍ سال کی عمر میں ربوہ میں وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

آپ 20؍دسمبر 1934ءکو مکرم مولانا ظل الرحمٰن صاحب اور اُم الہدایہ صالحہ خاتون صاحبہ کے ہاں برہمن باڑیا (بنگال) میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد خود احمدی ہوئے اورحضرت حافظ روشن علی صاحبؓ کی شاگردی میں تعلیم حاصل کی۔ حصولِ علم کے بعد آپ کا تقرر بطور مربی سلسلہ بنگال میں ہوا۔ 1934ء میں مولاناظل الرحمٰن صاحب نے اپنے بیوی بچے قادیان میں آباد کر دیے اور خود تبلیغ اسلام کے لیے واپس بنگال چلے گئے۔ یوں مکرم مجیب الرحمٰن صاحب نے قادیان کے دینی ماحول میں آنکھ کھولی اور بہت سے کِبا ر صحابہؓ کی صحبت سے فیض یاب ہونے کا موقع ملا۔

ابتدائی تعلیم قادیان سے حاصل کی۔ پھرپاکستان میں آکروکالت کی تعلیم مکمل کی اورراولپنڈی میںپریکٹس کی۔ حضرت خلیفہ المسیح الثالث ؒنے 1980ء میں آپ کوراولپنڈی کاامیر مقرر فرمایا ۔ 1998ء تک آپ بطورامیر خدمات سرانجام دیتے رہے۔

آپ زندگی بھر وقف کی روح کے ساتھ جماعت کی خدمت کرتے رہے۔1974ء میں مری روڈ راولپنڈی کی مسجد کے مقدمے میں کافی خدمات سر انجام دیں ۔1978ء میں ڈیرہ غازیخان کی مسجدکے مشہورمقدمہ کی ہائی کورٹ میں پیروی کی۔1984ء کے آرڈیننس کو وفاقی شرعی عدالت میں چیلنج کیا اور بہت مؤ ثر انداز میں جماعت کا مو قف پیش کیا ۔

اس کے علاوہ متعدداسیرانِ راہِ مولیٰ کے مقدمات کی پیروی کی توفیق ملی جن میں ساہیوال اور سکھر کے اسیران کے مقدمات خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں ۔

وکالت کے علاوہ بھی جماعت احمدیہ کا نقطۂ نظر ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس کمیشن جیسے قومی و بین الاقوامی اداروں کے سامنے پیش کرنے کی توفیق ملی۔

حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے1985ءمیںآپ کو صدرانجمن احمدیہ پاکستان کا ممبرمقرر فرمایا۔ اور 1999ء تک آپ صدرانجمن احمدیہ پاکستان کے ممبررہے۔ اس کے علاوہ آپ تدوین فقہ کمیٹی ،نورفاؤنڈیشن اور مجلس افتاء کے بھی ممبر رہے ۔2014ء میں امریکہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں لیکچرز دینے کا موقع ملا۔

2017ء میں امریکہ کی رائس یونیورسٹی ہیوسٹن نے ایک قرآن کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ حضورِ انور ایدہ اﷲ تعالیٰ کے ارشاد پر جماعت کی نمائندگی میں آپ نے حضرت مسیح موعود کے علمِ کلام کی روشنی میں قرآن کریم کے محاسن کو بڑی عمدگی کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا اور نمائندگی کا خوب حق ادا کیا۔
آپ دینی و نیاوی علم سے آراستہ ایک مایہ ناز وکیل اورفصیح البیان مقرر تھے۔ہم ان کی خدما ت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سلسلہ کو ایسے خادم مہیا کرتا رہے۔ آمین

آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے ۔حضورانور ایّدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے ان کی تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل کے قطعہ نمبر12میں ہوئی ہے۔

حضورِانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنےمورخہ9؍ اگست2019ء کے خطبہ جمعہ میں تفصیل کے ساتھ آپ کی خدمات اوراَوصاف کا ذکر کیا ہے۔ حضورفرماتے ہیں:

‘‘اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑے کامیاب وکیل تھے۔ اور جماعتی خدمات بھی ان کی بہت ہیں ۔… بے شمار جماعتی مقدمات تھے جن میں انہوں نے پیروی کی اور پیروی کا حق ادا کیا۔ 1978ء میں مجلسِ شوریٰ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن بنے۔ پھر صدر انجمن احمدیہ کے قواعد و ضوابط کی تدوین میں ان کو خدمت کا موقع ملا۔ فقہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے فقہ احمدیہ حصہ اول کی تدوین میں شمولیت کا موقع ملا۔ پھر 1977-78ء کے جلسہ ہائے سالانہ میں ان کو تقاریر کا موقع ملا۔

……ایم ٹی اے کے مختلف پروگراموں میں ان کو شرکت کا موقع ملا ۔غیروں کے اعتراضوں کے جواب دیے۔ ان کا دینی علم بھی بہت تھا ۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیاوی علم بھی بہت تھا اور بولتے بھی بہت اچھا تھے اور اس لحاظ سے اللہ تعالیٰ نے ان کو ایک خاص ملکہ عطا فرمایا ہوا تھا جس سے انہوں نے خوب خوب فائدہ اٹھایا اور اللہ تعالیٰ نے جماعت کی خدمت کا ان کو موقع دیا۔

…… بے شمار ان کی خدمات ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہوں نے تمام جماعتی کام جو ان کے سپرد کیے جاتے تھے وہ وقف کی رُو ح سے کرنے کی کوشش کی اور اس کا خوب حق ادا کیا۔

……اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے اور اپنے پیاروں کے قدموںمیں جگہ دے۔’’
ہم ممبران صدرانجمن احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ،آپ کے بیٹوں اور جملہ لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام دے اور تمام پسماندگان کوصبر جمیل عطاکرے۔اللہ تعالیٰ ان کی خوبیاں ان کی اولاد میں بھی جاری رکھے۔ اور مرحوم کو اعلیٰ علّیّین میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین

والسلام

ہم ہیں ممبران صدرانجمن احمدیہ پاکستان

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button