جلسہ سالانہ

رپورٹ جلسہ سالانہ برطانیہ 2019ء۔ مستورات

(لبنیٰ سہیل ۔سیکرٹری اشاعت لجنہ اماء اللہ برطانیہ)

(بمقام حدیقۃ المہدی ،آلٹن ،یوکے)

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعتِ احمديہ انگلستان کا 53 واں جلسہ سالانہ مورخہ 2؍ تا 4؍ اگست 2019ء (بروز جمعۃ المبارک ، ہفتہ اور اتوار)کو تمام تر اسلامی روايات کے ساتھ منعقد ہوا،جس میں خواتین کی حاضری 18497 رہی۔ الحمدللہ

حضرت مسيح موعود عليہ الصلوٰۃ والسلام نے ايک اشتہار ميں افرادجماعت کو جلسہ سالانہ کے انعقاد اور اغراض و مقاصد کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے فرمايا:

‘‘حتی الوسع تمام دوستوں کو محض للہ ربّانی باتوں کے سننے کے لیے اور دعا ميں شريک ہو نے کے لیے اُس تا ر يخ پر آجا نا چاہيے۔ اور اس جلسہ ميں ايسے حقائق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا جو ايمان اور يقين اور معرفت کو ترقی دينے کے لیے ضروری ہيں۔ اور نيز اُن دوستوں کے لیے خاص دعائيں اور خاص توجہ ہوگی۔ اور حتی الوسع بدرگاہِ ارحم الراحمين کو شش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف اُن کو کھينچے اور اپنے لیے قبول کرے اور پاک تبديلی ان ميں بخشے۔’’

(اشتہار 30 دسمبر 1891 ء آسمانی فيصلہ ، روحانی خزائن جلد 4 صفحہ 375-376 )

حسبِ سابق اس سال بھی حديقۃ المہدی ميں خيموں سے ايک عارضی شہر بسايا گيا جس ميں شاملينِ جلسہ کے لیے مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ، رہائشی خيمہ جات اور دفتری خيمے لگائے گئے۔ حسبِ روايت حضرت امير المومنين ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ 28؍ جولائی 2019ء کو جلسہ سالانہ کی ڈيوٹيوں کا معائنہ فرما کر باقاعدہ افتتاح فرمايا۔ لجنہ کارکنات کو اس مو قع پر نصحيت فرماتے ہوئے آپ نے ہر وقت پہلے سے زیادہ مسکراتے رہنےکی تلقين فرمائی۔

ناظمہ اعلیٰ کی سربراہی میں3معاونات،13نائب ناظماتِ اعلیٰ اور 95 ناظمات اور چار ہزار سے زائد کارکنات نے خدمت کی توفیق پائی اور تمام تر معاملات کی ديکھ بھال کی۔ الحمدللہ

مورخہ 2؍ اگست 2019ء بروز جمعۃ المبارک صبح سویرے ہی شاملينِ جلسہ بسوں، ٹرينوں اور ذاتی سواريوں کے ذريعے جوق در جوق آلٹن کے علاقے ميں واقع حديقۃ المہدی پہنچنا شروع ہو گئے۔ خدام کی مستعد ٹيم گا ڑيوں اور شٹل سروس کی بسوں کو کمال مہارت سے پارک کرواتی رہي۔

خواتين کی سہولت کے لیے scanningکی تین مارکياں لگائی گئيں۔scanningکی تجربہ کار ٹيم، مسکراتے چہروں کے ساتھ مہمانوں کو خوش آمديد کرتے ہوئے اُن کے AIMS کارڈ اور سامان چيک کر رہی تھی۔ چھوٹے بچوں والی ماؤں کو اُن کا سامان چيک کرنے کے لیے کارکنات خاص طور پر مدد کرنے کے لیے موجود تھيں۔

ایک والدہ جلسہ گاہ میں داخل ہونے پر پُراعتماد محسوس کرتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اخلاقی پرورش کی ذمہ داری نبھا رہی ہے اور یہاں اس کی اور اس کے بچے کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی۔ پرام میں ایک چھوٹا بچہ اور دو بیگ جس میں زائدلباس اور کھانا ہے، کے ساتھ یہ کار پارک سے خواتین کے علاقے میں اور سیکیورٹی سے گزرتے ہوئے تھک جاتی ہے۔ تاہم ، جب وہ اندر داخل ہوتی ہے تو اس کا جذبہ اور توانائی کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ پش چیئر مختص شدہ مارکی میں کھڑی کردی جاتی ہے، ٹکٹ جاری ہوجاتا ہے ، جس سے پش چیئر واپس لینا زیادہ آسان ہوجاتا ہے ، اور پھر یہ سیدھا ماں اور بچے کے علاقے میں جاتی ہے۔ بچوں کے لیے ایک جگہ ہے جہاں بچوں کو چھوڑا جا سکتا ہے جہاں ہمیشہ ان کی دیکھ بھال کرنے اور مدد کرنے کے لیے رضاکار بہنیں موجود ہوتی ہیں۔

سکیننگ کی مارکی سے باہر نکلتے ہی مہمانوں کی سہولت کے لیے ايک بڑے بورڈ پر جلسہ گاہ کا نقشہ لگايا گيا تھا تاکہ سہولت سے تمام مارکيوں اور دفاتر کا علم ہو سکےنیز جلسہ کا مکمل پروگرام بھی ميسر تھا۔
شعبہ تبليغ کی مارکی بھی لگائی گئی تھی جہاں پہلے سے رجسٹرڈ مہمانوں کے لیے کھانے پینے کے علاوہ قرانِ کريم کی نمائش اور اسلامی تعليما ت کے متعلق کئی سٹال لگائے گئے تھے۔تبليغ مارکی کی کارکنات کا کہنا تھا کہ اس سے بات چیت کے مواقع پيدا ہوتے ہيں اور مہمانوں کو اسلام کے صحيح عقا ئد کا علم بھی ہوتا ہے۔

اس سال نو مبائعات بہنوں کے لیے بھی مارکی ميں انتظام تھا۔ اُن کی ناظمہ صاحبہ نے بتايا کہ وہ اور اُن کی ٹيم ان بہنوں کو پروگرام ميں شمو ليت کے لیے کس طرح ہر لمحہ مدد کر رہی ہيں۔ اُن کو مختلف نمائشیں دکھانے کا انتطام بھی کيا گيا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شعبہ ٹکٹ ایشو، نمائش، تلاش گمشدہ، ابتدائی طبی امداد، رشتہ ناطہ کے دفاتر تھے۔ يہاں بھی پُر جوش کارکنات ہمہ وقت مہمانوں کی مدد کے لیے موجود رہيں۔
لجنہ پريس اور ميڈيا کے شعبہ نے مختلف صحا فيوں سے گفتگو کی اور LajnaUK@ کے Twitter اکاونٹ کو نہايت عمدگی سے چلايا۔ اس کے علاوہ MTA UK لجنہ کی ٹيم نے بھی انتہائی محنت سے مختلف پروگرام بنائے جو کہ LajnaUK@کے Twitter اکاونٹ پر وقتاً فوقتاً نشر ہوتے رہے۔

اس دفعہ بھی چھوٹے بچوں والی ماؤں کے لیے 3بڑی بڑی مارکيوں کا انتظام تھا جہاں پر تجربہ کار کارکنات ہر وقت مدد کے لیے موجود تھيں۔ Push chair مارکی اور Nappy Change کی مارکی کو چھوٹے بچوں کی مارکی کے ساتھ لگايا گيا تا کہ ماؤں کے لیے مزيد سہولت ہو سکے۔ ايک مہمان نے بتايا کہ ماں اور بچہ مارکی کے قريب چائے کے سٹال اور ٹک شاپ کا انتظام بہت سہولت کا با عث بنا۔Push chairکی مارکی اس دفعہ قدرے قريب تھی۔ ہمارے چھوٹے بچوں کے ساتھ بہت سہولت ہو گئی تھی ۔ حضور ايدہ اللہ تعالیٰ کس طرح ہماری ہر سہولت کا خيال رکھتے ہيں۔ اس کے آگے ہی لجنہ کے لیے مين مارکی کا انتظام تھا ، جہاں نظم و ضبط اندرون اور سیکیورٹی جلسہ گاہ کی ٹيميں مہمانوں کی سہولت کے لیے مل کر کام کر رہی تھيں۔

جلسہ اپنےلذیذ اور با برکت کھانوں کے لیے بھی جانا جاتا ہے ،جس کو ہر ایک شوق سے کھاتا ہے ، جلسے میں 6 مختلف کھانے کی مارکیاں تمام ضروریات کو پورا کرتی ہیں: بچوں ، بوڑھوں، بین الاقوامی مہمانوں ، معذوروں کے ساتھ ، تمام غذائی ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے۔ جلسہ گاہ میں رہنے والوں کے لیے دن میں 24گھنٹے کھانا دستیاب ہوتا ہے۔ ٹک شاپ دن بھر بچوں کے لیے کھلی رہتی ہے۔ شرکاءگرم چائے اور ٹھنڈے مشروبات کے درمیان انتخاب کرسکتے ہیں ، جو سب کے لیے بلا معاوضہ مہیا کیے جاتے ہیں۔اس دفعہ خدا کے فضل سے مہمانوں کو کھانا جلد ملتا تھا اور قظاروں میں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔

جلسہ کی کارروائی کے وقفے کے دوران مستورات کے لیے مختلف نمائشوں کا انتطام کيا گيا تھا جس ميں لجنہ کی بنا ئی ہوئی چيزوں کی نمائش کے علاوہ ریویو آف ریلیجنز نے اس ضمن ميں ايک خا ص نمائش کا بھی اہتمام کيا جس میں ‘تاریخی نوادرات’ ‘مسیح ہندوستان میں’اور ‘The Shroud of Turin’ قابل ذکر ہیں ۔ چند بہنوں نے‘‘القلم ’’ ميں بھی حصہ ليا۔

اس موقع پر ايک بہن نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘تاريخ کے بارے ميں جاننا بہت ضروری ہے اور جلسے ميں يہ مختلف اقسام کی نمائش علم ميں اضافہ کا با عث بنتی ہيں۔ اجتماع اور ديگر مواقع پر بھی ايسی نما ئش کا انتظام ہونا چاہيے۔ نمائشیں بہت معلوماتی تھيں۔ وقت کی کمی کے باعث تشنگی رہ گئی۔ ’’

ایک نو مبائعہ سارا لاءلکھتی ہیں کہ یہ میرے لیے بہت با برکت تجربہ تھا۔ الحمدللہ کہ مجھے ‘‘القلم ’’میں شرکت کا موقع ملا۔ میرے لیے یہ منفرد تجربہ تھا کہ قرآن مجید کی آیت کو اپنے ہاتھوں سے تحریر کروں۔
جلسہ بازار میں خواتین کو کاروبار کرنے کی آزادی ہے، جہاں انہیں اپنے کاروبار کو فروغ دینے کا موقع ملتا ہے۔ لیڈیز بازار مکمل طور پر خواتین کے زیر کنٹرول ہے، جس میں طرح طرح کے کھانے پینے، کپڑے اور کھلونے ہیں۔ وقفہ کے دوران ہی مستورات کے لیے پُر رونق بازار ميں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے ايک طرف تو مشروبات، ملک شيک ، قلفی اور slush وافر مقدار ميں دستياب تھے۔ اور دوسری جانب گرما گرم فرائی پکوان اور تلی ہوئی چیزیں مثلا ًچپس، سموسے، پکوڑے ، چاٹ ، سیخ کباب اورگرما گرم برگر، نان کباب، دہی بھلے اور پانی پوری و غيرہ کا لطف اُٹھايا جا رہا تھا۔ بازار کی ايک جانب رنگا رنگ ملبوسات کی نمائش لگی ہوئی تھی۔موسم گرما کے ہلکے پھلکےلباس اور برقعے مستورات کی خاص توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ديگر ممالک سے آئے ہوئے مہمانوں کی سہولت کے لیے بازار کے ايک کو نے ميں currency exchangeکا بھی انتظام تھا۔

بُک سٹال ميں اس دفعہ خاص طور پر حضور ايدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات پر مبنی اُردو زبان ميں عائلی زندگی اور سوشل ميڈيا کی کتاب کا انگریزی ترجمہ بھی دستیاب تھا۔ فضلِ عمر فاؤنڈيشن کے تحت چھپنے والی کتب کے علاوہ ملفو ظات اور حقيقۃ الوحی کے انگريزی زبان ميں تراجم بھی موجود تھے۔ قرانِ مجيد، روحانی خزائن، ملفوظات اور بچوں کی کتب خاص طور پر سب کی توجہ کا مرکز بنی رہيں ۔

بہت سی نوجوان تعلیم یافتہ خواتین اپنی صلاحیتوں اور پیشے کو جلسہ میں رضا کارانہ طور پر استعمال کرتے ہوئے خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ انہیں یہ خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ فرسٹ ایڈ کے شعبہ میں ڈاکٹر زاور فارماسسٹ رضاکارانہ خدمات انجام دیتی ہیں۔ وہ خواتین جو میڈیا کی تعلیم حاصل کرچکی ہیں وہ براہ راست ٹی وی چینل مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ انٹرنیشنل اور وائس آف اسلام ریڈیو کے ساتھ رضاکارانہ خدمات انجام دے سکتی ہیں۔جلسہ پر ہر خدمت کرنے والی اس لگن سے کام کرتی ہے کہ ہم نے اپنے وقت ، کوشش اور مہارتوں کو رضاکارانہ طور پر دوسروں کی خدمت کے لیے استعمال کرنا ہے، اورجلسہ اس کے لیے بہترین موقع ہے۔

یہ مارکی خصوصی ضروریات والی خواتین اور معذور بچوں اور بڑوں کے لیےمختص ہے جسےعمدہ ،آرام دہ اورپرسکون رکھنے کے لیے S.E.N.D خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔رضاکار محبت اورپیار سے ہر طرح کی دیکھ بھال کے ساتھ مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس سال ایک خصوصیت ، جو صرف خواتین کی طرف سے فراہم کی گئی تھی ، وہ ایس ای این ڈی کارڈ تھے۔

یہ ان لوگوں کو جاری کیے گئے تھے جو کسی بھی مجبوری کی وجہ سے ان کو استعمال کرنے کی خواہش رکھتے تھے ، تاکہ انہیں جلسہ میں کھانے ، بیت الخلا اور دیگر تمام سہولیات تک ترجیحی رسائی حاصل ہوسکے۔

جلسہ کی جھلکياں

جلسہ سالانہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغازبروز 2؍ اگست خطبہ و نمازجمعہ سے ہوا۔ نمازِ جمعہ کی ادائيگی اور وقفہ کے بعد لوائے احمديت لہرانے کی تقريب ہوئی اور اس کے بعد حضورِ انورايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے باقاعدہ طور پر افتتاحی خطاب فرمايا۔ جلسہ کے ايام ميں حضور ايدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ، افتتاحی خطاب، ہفتہ کی صبح مستورات سے خطاب اور پھر بعد دوپہر کے اجلاس ميں جماعتِ احمديہ کی عالمگير ترقی اور دورانِ سال اللہ تعالیٰ کے بے شمار فضلوں اور برکات کے ذکر کے بارے ميں ايمان افروز خطاب اور اتوار کے روز اختتامی خطاب فرمایا۔ اس طرح کُل ملا کر پانچ خطابات فرمائے۔

ہفتہ بروز3؍اگست کوخواتين کاخصوصی اجلاس محترمہ حضرت سيدہ آپا امتہ السبوح صاحبہ (حرم محترم حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز)کی زيرِ صدارت ہوا۔ تلاوتِ قرانِ کريم سے کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہواجو امتہ المجیب صاحبہ نے پیش کی جس کا اردو ترجمہ مہوش چوہدری صاحبہ نے پیش کیا۔ اردو نظم ارم ملک صاحبہ نے پیش کی۔

اس کے بعد ڈاکٹر اين ميری آيونيسکو صاحبہ نے ‘‘تاريکی سے روشنی کی طرف، ميرا روحانی سفر’’کے موضوع پر انگریزی تقریرکی۔ د وسری تقریر خاکسار نےاردو میں کی جس کا عنوان ‘‘احمدی خواتين کا تبليغ اور تربيت ميں کردار ’’ تھا۔ تیسری تقریرفرزانہ يوسف صاحبہ نے انگریزی میں کی جس کا عنوان ‘‘نماز فلاح اور نجات کا ذريعہ’’تھا۔

12بجے کےقريب پيارے حضورِانور زنانہ جلسہ گاہ ميں نعروں کی گونج ميں رونق افروز ہوئے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز حبۃ الجابی صاحبہ کی آواز ميںسورۃ الحجرات کی آيات 12سے 14کی تلاوتِ قرآن کریم سےہوا جس کا اردو ترجمہ قرۃالعين صاحبہ نے پیش کیا۔ اس کے بعدامتہ النورباجوہ صاحبہ نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام ‘ایمان مجھ کو دے دے عرفان مجھ کو دےدے’خوش الحانی سے پڑھا۔ حضورِ انور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز اور حضرت سيدہ امتہ السبوح صاحبہ مدّ ظلہا العالی نے تعليمی ميدان ميں نماياں کاميابی حاصل کرنے والی طالبات کو ازراہِ شفقت تعليمی ايوارڈز سے نوازا۔ اس سال پہلی دفعہ تعليمی ايوارڈزکی تقریب شعبہ امور طالبات کی جانب سے پیش کی گئی۔

حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے لجنہ سے خطاب فرمايا جسے تمام ممبرات نے خدا تعالیٰ کے فضل سے انتہائی انہماک اور توجہ سے سنا۔

(اس خطاب کا خلاصہ الفضل انٹرنیشنل کے شمارے مورخہ 16؍ اگست 2019ء میں شائع کیا جا چکا ہے ۔ مکمل متن آئندہ کسی شمارے کی زینت بنا یاجائے گا ۔ اِن شاءاللہ)

حضورِانور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز کے خطاب اور دعا کے بعد لجنہ اور ناصرات نے پيارے آقا کی بابرکت موجودگی ميں خوش الحانی سےمختلف زبانوں ميں نظميں پڑھیں۔ اور اس کے ساتھ ہی يہ بابرکت اجلاس اختتام پذير ہوا۔اس اجلاس کےبعدحضورِانور ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز ازراہ ِشفقت بچوں والی ماؤں کی تمام مارکیوں میں تشریف لے گئے۔ بچوں نے حضور کی خدمت میں پھول پیش کیے۔ کچھ بچے بے تاب ہو کر بھاگ کر حضورسے ملنے آتے تھےاور حضور بھی انتہائی شفقت سے ان کو ملتے، ایسا لگتا تھا ان بچوں کی عید ہو گئی ہے۔

اسی روز کے تيسرے اجلاس اور اتوار کی کارروائی مردانہ جلسہ گاہ سے نشر کی گئی۔
بہت سے لوگ جلسے میں مرد اور خواتین کی علیحدگی پر سوال اٹھاتے ہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمان خواتین پردہ کرتی ہیں اور مردوں اور عورتوں کے آزادانہ اختلاط کی حوصلہ شکنی کر تی ہیں۔ ہم میڈیا اور عام طور پر معاشرے میں یہ بات بہت سنتے ہیں کہ خواتین میںسیکیورٹی اور تحفّظ اور آ زادی کا وہ احساس نہیں جو مرد وں میں ہے ۔اگر وہ اس جلسہ سالانہ کو غیر جانبدارانہ نظر سے دیکھ لیں تو ان کا نظریہ لازما بدل جائے گا۔جہاں ٹائلٹ کی صفائی سے لے کر ٹی۔وی پروگراموں کی ریکارڈنگ تک سب کام خواتین خود کرتی ہیں ۔

مہمانوں کے تا ثرات

٭… راجونت برار صاحبہ جنہیں اللہ کے فضل سے سکھ مت سے احمدیت میں شامل ہونے کی توفیق ملی کہتی ہیں: مجھے جلسہ پر بہت مزہ آیا۔ سبھی لوگ بہت محبت اور دوستی سے پیش آنے والے تھے۔

٭…سرگا ٹینالیواصاحبہ جو قرغزستان سے تعلق رکھنے والی نومبائع احمدی ہیں کہتی ہیں:جلسہ میں شرکت میرا پہلا تجربہ تھا۔گو کہ میں نو مبائع کے پاس نہیں جا سکی لیکن اس کے باوجودہماری جماعت کا ہر شخص بہت ہی مدد کرنے والا تھا۔

٭… اُلریکے واسی صاحبہ جو جرمن نژاد نومبائع ہیں اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کرتی ہیں:‘میں خود کو اللہ سے پہلے سے زیادہ قریب محسوس کرتی ہوں۔

جلسہ سالانہ سے ہر عورت مختلف چیزیں لے سکتی ہے۔ تین روزہ جلسہ کے موقع پر دَور ِحاضر کا کوئی عنوان نہیں ہے جس کا ذکر حضورِ انور ايدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات یا جلسہ کی تقاریر میں نہ ہواہو۔یہاں آپ کو معاشرتی اور گھریلو معاملات اور مسائل پرآگاہی بھی ملے گی جو خاندانی اور گھریلو زندگی کو متاثر کرتے ہیں اور معاشرے کو اخلاقی اور روحانی لحاظ سے بہتر بنانے کے گر بھی ملیں گے ۔ یہاں حقوق ا للہ اور حقوق العباد کے تذکرے بھی ہوں گے اور حقوق اور فرائض کی باتیں بھی ہوں گی۔اپنے پیارے عزیز از جان کی صحبتیں بھی نصیب ہوں گی اور یاد رفتگان سے محفل بھی سجے گی۔ لیکن سب کا مقصد یہی ہے کہ ہر عورت اپنے خالق سے زیادہ قربت کا احساس لے کر لوٹتی ہے اور خلافت کی محبت میں سرشاریہ یقین رکھتی ہے کہ وہ خدا کے فضل سے اپنی پوری صلاحیتوں کو اللہ کی خاطر قربان کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔’

اللہ تعالیٰ ہم سب کو جلسہ سالانہ کی برکات سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائےاور حضورِ انور کے ارشادات پر عمل کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button