افریقہ (رپورٹس)

دارِ سلام تنزانیہ میں عہدیداران کا ریفریشر کورس

(نمائندہ الفضل تنزانیہ)اللہ تعالیٰ کے فضل سے حال ہی میں دنیا بھر کی جماعتوں کی طرح تنزانیہ کی تمام جماعتوں میں صدران اور مجالس عاملہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ نو منتخب صدران اور ان کی مجالس عاملہ نے ماہ جولائی شروع ہوتے ہی اپنے اپنے فرائض کی ادائیگی شروع کردی ہے۔انتخابات میں بہت سے ممبران مجالس ایسے منتخب ہوتے ہیں جنہیں پہلی دفعہ کسی عہدے پر جماعتی خدمت کی توفیق مل رہی ہوتی ہے۔ اس لیے جماعت احمدیہ تنزانیہ کے ریجن دارالسلام کو مؤرخہ 25؍اگست 2019ء کو نو منتخب صدران جماعت اور ان کی مجالس عاملہ کے ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق ملی تاکہ تمام عہدیدران شروع سال ہی سے اپنے فرائض کو سمجھ کر خدمت کا آغاز کریں۔

مؤرخہ 25؍ اگست کو ‘‘مسجد سلام ’’ میں ریفریشر کورس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ دعا کے بعد مکرم رمضان حسن Naujaصاحب (نیشنل سیکرٹری تربیت)، مکرم علی حمیسی Mbambwa صاحب (نیشنل سیکرٹری تبلیغ ) اور مکرم رمضان حسن Mropeصاحب (نیشنل سیکرٹری مال )نے اختصار کے ساتھ اپنے اپنے شعبہ جات کے حوالہ سے ہدایات دیں۔اسی طرح مکرم سعیدی سالوم مگلیکا صاحب (ریجنل صدر)نے بعض دیگر اہم شعبہ جات کے فرائض پڑھ کرسنائے ۔

بعد ازاں خاکسار نے تمام حاضرین کے سامنے مختصر طور پر جماعت کا انتظامی ڈھانچہ اور اس کی غرض و غایت بیان کی ۔ مکرم نائب امیر صاحب نے تبلیغ و تربیت کے وسیع کام کے لیے وقف عارضی کی برکات کی طر ف توجہ دلائی۔

آخر میں مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے اختتامی تقریر کی اور نو منتخب عہدیداران کو جماعتی خدمت کو ایک نعمت الٰہی سمجھ کر بجالانے کی طرف توجہ دلائی ۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

الحمدللہ یہ ریفریشر کورس انتہائی کامیاب رہا۔دارالسلام ریجن کی 32جماعتوں میں سے 31جماعتوں کے 100کے قریب نمائندگان نے اس میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ وہ اس پروگرام کے نیک اور مثبت نتائج پیدافرمائے اورتمام عہدیداران کو اپنی ذمہ داری سمجھ کربھرپور محنت سے مقبول خدمت کی توفیق دے۔ آمین

(خرم شہزاد ۔ ریجنل مشنری دارِالسلام تنزانیہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button