کیا آپ جہاد بالقلم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں؟

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے الفضل انٹرنیشنل کو حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اردو خطباتِ جمعہ و خطابات نیز انگریزی خطابات کے اردو تراجم و رپورٹس دورہ جات شائع کرنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ مزید برآں دنیا بھر سے موصول ہونے والی جماعتی مساعی کی رپورٹس شائع کرنا بھی ادارے کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ادارے کو بہت سے علمی، تحقیقی ، تاریخی، معلوماتی، سائنسی، طبی وغیرہ عناوین پر دلچسپ اور مفید مضامین موصول ہوتے ہیں جنہیں وقتاً فوقتاً شاملِ اشاعت کیا جاتا ہے۔ذیل میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے بیان فرمودہ اخبار الفضل کے اجرا کے بنیادی اغراض درج کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ جہاد بالقلم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو ان خطوط پر لکھیے۔ اس طرح یقیناً آپ حضرت مصلح موعودؓ کے ارشاد کی برکات سے بھی فیضیاب ہوں گے اور اس اخبار کے اجراکے مقاصد پورے کرتے ہوئے قلم کے جہاد میں بھرپور طریقہ سے شامل ہوں گے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے ‘اخبار فضل کا پراسپکٹس’ کے عنوان سے ُبدر’ قادیان جون 1913ء میںاخبار الفضل کے اجرا کی آٹھ ضرورتیں اور دس بنیادی اغراض بیان فرمائے۔ حضورؓ نے فرمایا کہ
‘‘میں مختصراً اس اخبار کے اغراض بیان کردینا بھی ضروری سمجھتا ہوں۔

1۔ مذہب اسلام کی خوبیوں کو مخالفوں کے سامنے پیش کرنا۔ قرآن شریف کے کمالات سے آگاہ کرنا۔

2۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم اور آپ کی جماعت کی خصوصیات لوگوں پر ظاہر کرنا۔

3۔ جماعت کو مذہب اسلام سے واقف کرنا او رہر قسم کی بدعات اور رسومات کی ظلمتوں سے نکالنے کی کوشش کرنا اور اخلاق کی درستی کی طرف توجہ دلانا۔

4۔ تاریخ اسلام کے ان مفید حصوں کو شائع کرنا جن میں ہمت۔ استقلال۔ قربانی۔ جرأت۔ ایثار۔ ایمان۔ وفاداری وغیرہ خصال حسنہ میں ترقی کی تحریک ہو۔

5۔ تعلیم کی ترغیب دینا اور اس کے لیے مفید تجاویز پیش کرنا۔

6۔ تبلیغ اسلام کی ترغیب دینا اور اس کے لیے ذرائع کی تلاش کرنا اور مخالفین کی تبلیغی کوششوں سے آگاہ کرنا۔

7۔ سیاست میں جماعت کو ان اصولوں پر چلنے کی تعلیم دینا کہ جن پر حضرت مسیح موعودؑ قوم کو چلانا چاہتے تھے۔ اور گورنمنٹ کی وفاداری کی تعلیم دینا۔

8۔ ضروری مفید اخبار کی واقفیت بہم پہنچانا جن سے عموماً خبروں کے لیے اور کسی اخبار کی احتیاج نہ رہے خصوصاً عالم اسلام کی خبروں سے آگاہ کرنا۔

9۔ احمدی جماعت میں آپس میں میل ملاپ اور واقفیت بڑھانے اور مرکزی حیثیت میں ملانے کی کوشش کرنا۔

10۔ صنعت و حرفت تجارت وغیرہ کے متعلق اور ایجادات جدیدہ کے متعلق بقدر امکان واقفیت بہم پہنچانا۔’’


(اخبار فضل کا پراسپکٹس۔ انوار العلوم جلد اوّل)

مضامین: مذکورہ بالا عناوین کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے علمی، تحقیقی، تاریخی، معلوماتی، سائنسی، طبی موضوعات پر مضامین لکھ کر بذریعہ ای میل یا خط ادارے کو ارسال کیجیے۔ اگر کوئی مضمون ضبطِ تحریر میں لانے یا کسی موضوع پر تحقیق سے قبل ادارے سے مشورہ کرنا مقصود ہو تو بذریعہ ای میل یا خط ہمیں لکھ بھیجیے۔ خط؍ای میل میں مکمل پتہ اور رابطہ نمبرضرور لکھیے۔

مدیر کے نام خطوط: اگر آپ مندرجہ بالا موضوعات سے متعلق اپنی رائے کا اظہار بذریعہ خط کرنا چاہتے ہوں، کسی اخبار میں شائع شدہ کسی مضمون ، یا کسی کتاب پر تبصرہ کرنا چاہتے ہوں یا حالاتِ حاضرہ پر تبصرہ کرنا مقصود ہو تو ‘مدیر کے نام خطوط’ کا سلسلہ آپ کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔

تعارف کتب: اگر آپ کسی مفید کتاب پر ریویو لکھنے یا لکھوانے کے خواہش مند ہیں تو ادارہ الفضل انٹرنیشنل کے پتہ پر متعلقہ کتاب کی دو عدد مطبوعہ کاپیاں بھی ارسال فرمائیے۔

ایک ضروری بات پیشِ نظر رہے کہ کسی خاص موقع کی مناسبت سے لکھے جانے والے مضامین کم از کم ڈیڑھ ماہ پہلے ہمیں مل سکیں تو انہیں شائع کرنے میں سہولت ہو تی ہے۔ مثلًا مارچ میں یومِ مسیح موعود ؑکی مناسبت سے شائع کیے جانے والے مضامین ادارہ ہٰذا کو جنوری کے اختتام تک مل جانے چاہئیں۔اسی طرح یومِ مصلح موعود، یومِ خلافت، عیدین اور حج وغیرہ کے مواقع ہیں۔

اخبار الفضل انٹرنیشنل دنیا بھر میں بسنے والے اردو دان احمدیوں کا اپنا اخبار ہے۔ اس کو پڑھیے اور اس میں لکھیے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو محض اپنے فضل سے اس اخبار کے اجرا کے بنیادی مقاصد اور ضرورتوں کو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشائے مبارک کے مطابق پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(مدیر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button