متفرق مضامین

قراردادِ تعزیت بروفات محترم طاہر عارف صاحب

مجلس تحریک جدیدانجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ کایہ غیرمعمولی اجلاس منعقدہ مؤرخہ 5.9.19مکرم محتر م طاہر عارف صاحب مرحوم (ممبر مجلس تحریک جدید)کی وفات پراپنے گہرے رنج وغم کااظہارکرتاہے۔

آپ مؤرخہ 26.8.19کوتقریباًساڑھے67سال کی عمر میںلندن میںبقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

آپ مورخہ 13فروری1952ءکومحترم مولانا محمد یار عارف صاحب اور محترمہ عنایت ثریا بیگم صاحبہ کے ہاں پیدا ہوئے۔آپ کے والد صاحب کو بطور مبلغ انگلستان، نائب امام مسجد لندن اور نائب وکیل التبشیر تحریک جدید ربوہ خدمت کی توفیق ملی۔

مکرم طاہر عارف صاحب نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم ایس سی اکنامکس اور LLBکی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان تشریف لے گئے ۔جہاںلنڈن سکول آف اکنامکس سے LLM کی ڈگری حاصل کی اور لنڈن یونیورسٹی سے MARK OF MERITکا اعزاز حاصل کیا۔ لندن سے واپس آکرCSSکا امتحان پاس کیا اور پاکستان سول سروس سے وابستہ ہو گئے ۔ جہاں آپ ترقی کرکے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے اعلیٰ عہدہ پر فائزرہے۔پولیس کے علاوہ آ پ ایف آئی اے ، امیگریشن اور انٹیلی جینس کے شعبوں میں متعین رہے۔

مذکورہ بالا اعلیٰ فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ آپ علمی ادبی شخصیت کے مالک، اعلیٰ پائے کے شاعر،کہنہ مشق ادیب اور حصول علم کے شائق تھے۔آپ کی کئی تصانیف بھی طبع ہو چکی ہیں۔جن میں سے‘‘روتے روتے’’(اردو شعری مجموعہ)،ادھی گل(پنجابی شعری مجموعہ)،‘‘MUHAMMAD saw’’ (انگریزی)اور ‘‘پاکستان منزل بہ منزل’’قابل ذکر ہیں۔ آپ کامطالعہ بہت وسیع تھا اور دینی اور دنیاوی ہر لحاظ سے اپنے علم اور مطالعہ کو استعمال کرتے تھے۔

آپ متحمل مزاج، انصاف پسند، معاملہ فہم،صائب الرائے، مدبرانہ سوچ کے مالک،ہر ایک سے حسن سلوک کرنے والے، بے شمار خوبیوںکے مالک ایک نافع الناس وجوداور سلسلہ عالیہ احمدیہ کے خادم تھے۔آپ عبادات بجا لانے والے تھے۔تہجد گزار ،تلاوت قرآن کریم کا اہتمام کرنے والے ،حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب کا مطالعہ کرتے اور نوٹس لیتے۔ خلافت کے ساتھ آپ کا بے حدا خلاص ، اطاعت، احترام، محبت اور وفاکا تعلق تھااور خلافت احمدیہ کے لیے غیرت رکھنے والے تھے۔ اسی طرح نظام جماعت، واقفین زندگی اور جماعت کے خدام کا بہت احترام کرتے تھے۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے آپ کو سال 2018ء سے مجلس تحریک جدید کا ممبر مقرر فرمایا اور تاد م واپسیں آپ مجلس تحریک جدید کے ممبر تھے۔

اس کے علاوہ 2014ء سے آپ کو فضل عمر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اور 2017ء سے بطور صدر فضل عمر فاؤنڈیشن خدمت کی توفیق مل رہی تھی۔ ساری زندگی آپ اس کوشش میں رہے کہ خلافتِ احمدیہ کے سلطانِ نصیر بنے رہیںاور اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کوشش میں کامیاب بھی فرمایااورآپ کوآخری دم تک سلسلۂ عالیہ احمدیہ کی خدمت کی توفیق ملی۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ-30اگست2019ءمیں نہایت خوبصورت الفاظ میںآپ کاذکرخیر فرمایا۔

ہم جملہ ممبران مجلس تحریک جدیدانجمن احمدیہ پاکستان وکارکنان تحریک جدیدمکرم محترم طاہر عارف صاحب کے انتقال پرملال پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، مرحوم کے جملہ پسماندگان اورجملہ احباب جماعت سے اپنے دلی رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے، دعاگوہیںکہ اللہ تعالیٰ اس دیرینہ خادم کی مغفرت فرماتے ہوئے ،جنت الفردوس میں جگہ دے اورپسماندگان کوصبرجمیل عطا فرمائے اوران کاحافظ وناصرہو۔مرحوم کی اولاداورآئندہ نسلوں کو مرحو م کی نیکیوں کا وارث بنائے۔اور اللہ تعالی جماعت اور خلافت احمدیہ کوآپ جیسے باوفا، مخلص، معاون و مددگارخادم ِدین ہمیشہ عطا فرماتاچلاجائے۔آمین

ہم ہیں ممبران تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button