دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مغربی یورپ کے تین ممالک کے دورے پر روانہ ہو گئے

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

مسجد بیت النور(نن سپیٹ) ہالینڈ میں ورودِ مسعود، احبابِ جماعت کا پُرجوش استقبال

(اسلام آباد، ٹلفورڈ۔ یو کے اوربیت النور، نن سپیٹ ہالینڈ۔25؍ستمبر2019ء۔ نمائندگان الفضل انٹرنیشنل) تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ خلفائے احمدیت کے دورہ جات جماعت احمدیہ کے لیے ترقیات کے نئے ابواب کھولتے ہیں اور جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام کی پُر امن تعلیمات کا پیغام بڑی تیزی سے نہ صرف گرد و نواح تک پہنچتا ہے بلکہ ملک بھر میں پھیلتا ہے۔نئے تبلیغی روابط قائم ہوتے ہیں، مساجد کے افتتاح ہوتے ہیں، حضور انور کے روح پرور خطابات سے افراد جماعت اور غیر از جماعت کی سوچوں کے زاویے درست ہوتے ہیں، افراد جماعت اپنے پیارے امام سے ملاقات کر کے روحانی تسکین پاتے ہیں، عہدیداران کی حضور انور کے ساتھ میٹنگز ہوتی ہیں جن میں تازہ ہدایات حاصل کر کے خدمت گزاروں میں ایک نئی روح پھونکی جاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 25؍ستمبر 2019ء کو مغربی یورپ کے ممالک ہالینڈ، فرانس اور جرمنی کے دورہ کے لیے روانہ ہوئے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز صبح 9 بج کر 52منٹ پر اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائےاور حضورِ انور کو الوداع کرنے کے لیے اکٹھے ہونے والے احمدی احباب کے سلام کا ہاتھ اُٹھا کر جواب دیا۔ اس سے کچھ دیر پہلے بارش ہوئی تھی۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

دعا کے بعد حضور انور اپنی سواری میں تشریف فرما ہوئےاور قافلہ روانہ ہوا۔ احباب اپنے پیارے امام کو رخصت کرنے کے لیے ہاتھ ہلا کر الوداع کہتے رہے اور حضور گاڑی کے اندر سے انہیں دعائیں دیتے رہے۔ نو بج کر 55 منٹ پر قافلہ اسلام آباد کی حدود سے نکل کر منزلِ مقصود کی طرف روانہ ہو گیا۔

جماعت احمدیہ برطانیہ کا قافلے کے ساتھ چلنے والا وفد چینل ٹنل(Folkestone) تک حضورِ انور کے قافلے کے ہمراہ رہا۔ قافلے نے بذریعہ ٹرین چینل ٹنل کے ذریعے انگلش چینل کو عبور کیا اور فرانس کی بندر گاہ Calais میں گاڑیاں ٹرین سے بخیر و عافیت باہر نکلیں۔ یہاں پر جماعت احمدیہ فرانس کے خدام قافلے کو گائیڈ کرنے اور اسکارٹ کرکے ھوٹل تک لانے کے لئے موجود تھے جہاں پہنچنے پر امیر صاحب فرانس اور امیر صاحب ھالینڈ نے اپنے اپنے وفود کے ساتھ قافلے کا استقبال کیا۔ اس ہوٹل میں کچھ دیر کے لیے قیام ہوا جہاں کھانا کھایا گیا اور نمازیں ادا کی گئیں۔ بعد ازاں ہالینڈ کے لیے روانگی ہوئی۔

ایک لمبے سفر کے بعد حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق آج شام آٹھ بج کرپانچ منٹ پر بخیروعافیت بیت النورنن سپیٹ(Nunspeet) ہالینڈ، جہاں جماعت کا مرکزی مشن ہاؤس بھی ہے پہنچ گئے۔الحمد للہ رب العالمین۔ حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں پھولوں کے نذرانے پیش کیے گئے۔ یہاں قریبا اڑھائی سو احباب و خواتین، بچے اور بچیاں حضورِ انور کے استقبال کے لیے موجود تھے جنہوں نے خیر مقدمی اسلامی گیت پڑھ کر اور اَھْلًا وَّ سَھْلًا وَّمَرْحَبًا کا دھیمی آواز میں وِرد کر کے اپنے پیارے اور محبوب آقا کا استقبال کیا۔ مزید برآں شہر کے لارڈ میئر کی نمائندگی میں ڈپٹی میئر Mr. Geert Van den Berg بھی حضورِ انور کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ حضورِ انور اس دورے کے دوران جماعت احمدیہ ہالینڈ کے انتالیسویں جلسہ سالانہ کو رونق بخشیں گے۔ ان شاء اللہ

اس سے قبل حضورپُر نور اکتوبر 2015ء میں ہالینڈ تشریف لائے تھے اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہالینڈ کی پارلیمانی کمیٹی کی دعوت پر ایک تقریب سے خطاب فرمانے کےعلاوہ حضور پُر نور نے 7؍ اکتوبر کو Almere شہر میں مسجد بیت العافیت کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ اپنے حالیہ دورہ کے دوران حضورِ انور اس مسجد ’بیت العافیت‘ کا افتتاح بھی فرمائیں گے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس نے آخری بار2012ء میں ہالینڈ کے جلسہ سالانہ میں شرکت کی تھی ۔اس لیے امسال 7؍سال کے وقفے کے بعد حضور کی بطور خاص جلسہ سالانہ کے موقع پر آمد سے ہر احمدی مرد و زن بھی سرور حاصل کر رہا تھا جو ان کے چہروں پر نمایاں ہورہا تھا۔

حضورِ انور نے آٹھ بج کر 35؍ منٹ پر نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور پھر نو بجے کے قریب اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔

جماعت احمدیہ ہالینڈ کا انتالیسواں سہ روزہ جلسہ سالانہ 27سے 29 ستمبر بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار نن سپیٹ (Nunspeet) میں منعقد ہو رہا ہے۔ حضورِ انوراس جلسے میں خطبہ جمعہ کے علاوہ مستورات کے اجلاس اور اختتامی اجلاس سے خطاب فرمائیں گے۔ اس مقصد کے لیے بیت النور کے قریب ٹینس کمپاؤنڈ حاصل کیا گیا ہے جس کے 30×36 مربع میٹر کے ایک ہال میں جلسہ سالانہ منعقد ہوگا۔ ٹینس کورٹ کو محفوظ رکھنے کے لیے پورے ہال کے اندر لکڑی کا فرش بچھایا گیا ہے۔ خواتین کے لیے لجنہ ہال،مسجد اور ایک مارکی میں انتظام کیا گیا ہے ۔ مردوں ،خواتین اور انتظامی دفاتر کے لیے خصوصی خیمہ جات لگائے گئے ہیں۔ جلسہ سالانہ کا مرکزی عنوان ’خلافت‘ رکھا گیاہے۔ جلسے کے دوران اس کی رعایت سے خصوصی تقاریر رکھی گئی ہیں ۔ جلسہ گاہ میں بھی موضوع کی مناسبت سے بینرز لگانے کا کام جاری ہے ۔ پروگرام کے مطابق حضورِ انور کے خطبہ جمعہ سے اس جلسہ سالانہ کا آغاز ہو گا۔ (ان شاء اللہ)

احبابِ جماعت حضور پُر نورکی صحت و عافیت اوراس دورے کی کامیابی اور بہترین نتائج کے لیے دعائیں جاری رکھیں۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. اللہ تعالی حضور انور ایداللہ کا ھالینڈ تشریف لانا بہت مبارک کرے اور جماعت ھالینڈ کو آپ ایداللہ کی موجودگی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے اور برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button