ایشیا (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ پاکستان کے زیر اہتمام پہلا آل پاکستان تیراکی ٹورنامنٹ

الحمدللہ کہ شعبہ ذہانت و صحت جسمانی مجلس انصاراللہ پاکستان کے تحت پہلا آل پاکستان تیراکی ٹورنامنٹ مورخہ 20 جولائی2019ء بروز ہفتہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ پاکستان کی ہدایت پر اس ٹورنامنٹ کا پروگرام طے کرنے سے قبل تمام ناظمین اعلیٰ علاقہ و اضلاع کے ذریعہ پروگرام میں انصار کی شرکت کے امکان کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد صدر صاحب مجلس نے اس پروگرام کی منظوری مرحمت فرمائی اور پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی۔
ٹورنامنٹ کے انتظامات کے لیے انتظامیہ کے متعدد اجلاسات ہوئے جبکہ ایک اجلاس صدر صاحب مجلس انصاراللہ پاکستان کی صدارت میں بھی ہوا ۔جس میں آپ نے ٹورنامنٹ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایات دیں۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تمام ناظمین علاقہ جات و اضلاع کو قبل از وقت بذریعہ سرکلر اطلاع کی گئی اور بعد اس کے بذریعہ فون بھی رابطے اور یادہانی کروائی اور اضلاع سے ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کے نام قبل از وقت منگوائے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کل 13 اضلاع سے 53 کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی جس میں21 صف اول اور 32 صف دوم کے کھلاڑی شامل تھے۔

افتتاحی تقریب

مورخہ20جولائی2019ء بروز ہفتہ شام 6 بجے سوئمنگ پول ربوہ پر ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔سوئمنگ پول کے ماحول کو خوبصورت بینرز ، بورڈز ، اور جھنڈوں سے مزین کیا گیا۔افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حفیظ احمد شاہدصاحب مربی سلسلہ نے کی ۔بعد اس کے مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ پاکستان نے کھلاڑیوں سے افتتاحی تقریر کی اور دعا کے ساتھ ٹورنامنٹ کا افتتاح فرمایا۔

افتتاحی تقریب کے فوراً بعد مقابلہ جات شروع ہوئے جن میں پہلے سے طے شدہ مقابلہ جات حسبِ پروگرام کروائے گئے۔

محدود تعداد میں شائقین کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے ٹورنامنٹ کے مشاہدہ کا لطف اٹھایا ۔تمام شائقین کی جُوس اور سکنجبین سے تواضع کی گئی۔مقابلہ جات کے فوراً بعد 8بجے شام سوئمنگ پول سے متصل سبزہ زار میں نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔کھلاڑیوں کے لیے دفاتر انصاراللہ پاکستان سے سوئمنگ پول تک minibusکے ذریعہ ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

اختتامی تقریب

نمازوں کے فوراً بعد تمام کھلاڑی ایوان ناصر دفتر انصاراللہ پاکستان تشریف لے گئے اور ٹھیک9بجے اختتامی تقریب کا آغاز مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر عبد الخالق خالد صاحب صدر مجلس انصاراللہ کی صدارت میں ہوا۔مکرم سلطان محمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی ۔جس کے بعد خاکسار قائد ذہانت و صحت جسمانی نے ٹورنامنٹ کی مختصر رپورٹ پیش کی ۔بعدہٗ صدر صاحب نے پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی خطاب فرمایا ۔آپ نے فرمایا کہ پہلے آل پاکستان تیراکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک تجربہ کے طور پر کیا گیا تھا ۔لیکن پاکستان بھر سے ذوق و شوق کے ساتھ کھلاڑیوں کی شرکت نے اسے کامیاب کیا اور ان شاءاللہ آئندہ اس کو مزید منظم کیا جائے گا۔نیز آپ نے انتظامیہ اور شرکا کو قیمتی ہدایات سے دیں اور تمام کھلاڑیوں ،انتظامیہ اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام کیا۔اس کے بعد تمام کھلاڑیوں ،انتظامیہ اور مدعو مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا ۔

کھلاڑیوں کی رہائش کا انتظام سرائے ناصر کے علاوہ گیسٹ ہاؤس مجلس خدام الاحمدیہ ، گیسٹ ہاؤس وقف ِ جدید اور دارالضیافت میں کیا گیا تھا ۔پول کی فراہمی کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ نے بے لوث تعاون فرمایا۔خاکسار تمام معاون ادارہ جات ،انتظامیہ اور شرکا کا شکر گزار ہے جن کے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی سے ہم کنار ہوااور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے با برکت ثمرات عطا فرمائے۔(آمین)
(رپورٹ:ضیاء اللہ مبشر۔ قائد ذہانت و صحت جسمانی۔ انصاراللہ پاکستان)
٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button