دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (چوتھا روز، ہفتہ 28؍ستمبر2019ء)

آج حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا چوتھا جبکہ انتالیسویں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ ہالینڈ کا دوسرا روز تھا۔ آج کے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ صبح پانچ بجے سے پونے چھے بجے تک احباب انفرادی طور پر نوافل ادا کرتے رہے۔ پونے چھے بجے سے سوا چھے بجے تک مکرم عبدالباسط صاحب(سیکرٹری تبلیغ) کی امامت میں اجتماعی تہجد ادا کی گئ جس میں ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ سوا چھے بجے مکرم نعیم الرشید صاحب نے فجر کی اذان دی۔ ساڑھے چھے بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی ۔ حضور پُر نور کے واپس تشریف لے جانے کے بعد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب (مبلغ انچارج) نے درس القرآن دیا۔

آج ہفتے کے دن خراب موسم ، تیز جھکڑ چلنے اور شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ حتیٰ کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات کو جلسہ گاہ میں خیمے لگانے والی کمپنی کی ٹیم خیموں کی مضبوطی دیکھنے کے لیے آئی اور انشورنس کمپنی کے لیے رپورٹ تیار کی۔ ان کا اصرار تھا کہ چھوٹے خیمہ جات اتار دیے جائیں۔ چونکہ ایسا کرنے سے انتظامات میں دشواری پیش آنی تھی اس لیے کمپنی کو یقین دھانی کروائی گئی کہ خیموں کو سہارا دینے والے ہر بانس کو انفرادی طور پر مضبوط کرنے کا انتظام رکھا جائے گا تاکہ تیز ہوا چلنے کی صورت بانس اور خیمے اکھڑ نہ جائیں۔

اس صورتِ حال کو انتظامیہ نے دعا کی درخواست کے ساتھ حضورِاقدس کی خدمت میں پیش کیا۔ جس پر حضورِ انور نے صدقہ دینے کا ارشاد فرمایا۔ چنانچہ تعمیلِ ارشاد میں فوری طورربوہ میں سات بکرے صدقہ کروانے کا انتظام کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے خلیفہ کی دعاؤں کو قبول کرتے ہوئے دن کے اکثر حصے میں موسم کو ٹھیک کر رکھا اور تیز بارش اور ہوا کے باوجود جلسے کے انتظامات اور پروگرامز میں کوئی خلل پیدا نہ ہوا۔

ہفتہ کے روز صبح کا اجلاس مکرم صداقت احمد صاحب (مبلغ انچارج جرمنی) کی صدارت میں ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جو مکرم حافظ مظفراحمد ظفر نے کی – حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا زرّیں کلام مکرم مسرور احمد نے خوش الحانی سے پیش کیا۔ اجلاس کے پہلے مقرر مکرم سفیر احمد صدیقی (مبلغ ہالینڈ) تھے جنہوں نے ذکرِ حبیب۔سوانح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عنوان پر تقریر کی۔ دوسرے مقرر مکرم سعید احمد جٹ (مبلّغ سلسلہ ہالینڈ) نے خلافت کی برکات کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ جس کے بعد صدر اجلاس مکرم صداقت احمد صاحب نے دونوں مقررین کی تقاریر کو سراہتے ہوے دونوں موضوعات کی اہمیت کے حوالے سے چند نصائح کیں اور بارہ بجے دوپہر جلسہ سالانہ کا دوسرا اختتام پذیر ہوا ۔

اجلاس مستورات: دوسری جانب جلسہ گاہ مستورات میں خواتین کا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا۔ ساڑھے بارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز وہاں رونق افروز ہوئے اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ اس کا تفصیلی تذکرہ دوپہر کے بلیٹن میں کیا جا چکا ہے۔

غیراز جماعت مہمانوں سے خطاب: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج ساڑھے چار بجے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر غیر از جماعت مہمانوں سے انگریزی میں خطاب فرمایا۔ بعد از خطاب مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس کی تفصیلی رپورٹ علیحدہ بلیٹن میں پیش کی جا چکی ہے۔

غیر ملکی مہمانوں کے اجلاس کے بعد جلسہ سالانہ کے پروگرام کے تحت ’تبلیغی نشست‘ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ بھی اس اعتبار سے خصوصی سیشن تھا کہ اس کی کارروائی عربی زبان میں ہوئی۔ اجلاس کے انعقاد کے لیے ھالینڈ اور بیلجیم کے عربی ڈیسک نے خاص محنت کی تھی۔ اجلاس میں عام شرکاء کے علاوہ 85 عرب احمدی مرد و خواتین شامل تھے جن کو سٹیج کے قریب کرسیوں پر بٹھایا گیا تھا۔ ان میں سے60عرب مردوں اور خواتین پر مشتمل وفد بیلجیم سے آیا تھا۔ اجلاس کی صدارت مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب (مبلغ انچارج ہالینڈ) نے کی جبکہ ان کی معاونت کے لئے مکرم احسان سکندرصاحب (مبلغ انچارج بیلجیم) اور مکرم خالد الخرباشی صاحب انچارج عربی ڈیسک ہالينڈ سٹیج پرموجود تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جو مکرم سعید اخلف صاحب نے کی۔ مکرم مصطفٰے شفقی صاحب نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر ایمن فضل عودہ صاحب نے عربی زبان میں “خلافت علی منہاج النبوۃ وقت کی ضرورت ہے” کے موضوع پر تقریر کی پھر مکرم احسان سکندر صاحب کی تقریر بزبان انگریزی ہوئی اور اختتامی تقریر مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب نے (بزبان انگریزی) کی۔ انگریزی تقاریر کا عربی ترجمہ بھی کیا گیا۔ یہ تبلیغی نشست شام سات بج کر دس منٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس کے بعد وقفہ برائے طعام ہوا۔ بعد ازاں رات آٹھ بجے مغرب وعشاء کی نمازیں حضورِ انور کی اقتدا میں جلسہ گاہ میں ادا کی گئیں۔

کل جلسہ سالانہ ہالینڈ کا آخری روز ہے جس کے اختتامی اجلاس سے حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق پونے تین بجے جبکہ لندن وقت کے مطابق پونے دو بجے خطاب فرمائیں گے۔

(عرفان احمد خان: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن برائے دورۂ یورپ ستمبر،اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button