جلسہ سالانہ

34 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ مسلمہ ملائیشیا

پیغام حضور انور کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایمان افروز اور دل نشیں پیغام

محض اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل اور رحم کے ساتھ جماعت احمدیہ مسلم ملائیشیا کو اپنا 34واں سالانہ جلسہ منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔مؤرخہ 14،13اور15ستمبر2019ء بروز جُمعہ، ہفتہ اور اتوارکو منعقد ہونے والے اس جلسہ سالانہ میں 4500سے زائد احباب و خواتین اور بچّوں نے شرکت کرکے جلسہ سالانہ کے روحانی فیوض سے حصّہ پایا۔ الحمدللہ

حضورانور ایَّدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے منظوری آنے کے بعدافسرجلسہ سالانہ محترم جری اللہ صاحب نے جلسہ کے لیے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دے کر اُس کمیٹی کی متعدد میٹنگز منعقد کرکے جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی اور مختلف شعبہ جات کے لیے ناظمین مقرر کرکے ڈیوٹیز اُن کے سپردکی گئیں جنہوں نے بعد ازاں اپنے اپنے حصّہ کے تمام اُمور کو بخیرو خُوبی انجام دیا۔

امسال منعقد ہونے والا یہ سالانہ جلسہ جماعت احمدیہ مسلمہ ملائیشیا کا 34واں جلسہ سالانہ تھا۔ ملائیشیا میں جماعت احمدیہ کا قیام 1935ء میں حضرت مصلح موعودؓ کے حکم پرتشریف لانے والے مبلغ سلسلہ محترم مولانا ملک غلام حسین ایّاز صاحب کے ذریعہ عمل میں آیا تھاجن کی شبانہ روز محنت اور تبلیغ کی بدولت آج ملائیشیا بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام کے جھنڈے تلے ایک ادنیٰ سپاہی کی حیثیت سے خدمت اسلام کافریضہ سرانجام دینے کی توفیق پارہا ہے۔

جلسہ سالانہ کی افتتاحی دُعامکرم شریف الدین صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ مسلمہ ملائیشیا نے لوائے احمدیت کو فضا میں لہرا کر کروائی ۔ بعدازاں حضورانور ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے والوں کے لیے موصولہ محبت بھرا پیغام دو زُبانوں اُردو اور بھاشا ملائیو میں پڑھ کر سُنایا گیا۔(پیغام کا اردو مفہوم ہدیۂ قارئین ہے)

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

پیغام حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع جلسہ سالانہ ملائیشیا2019ء

پیارے احبابِ جماعت ملائیشیا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ 14,13 اور 15 ستمبر 2019ء کو اپنا 34واں سالانہ جلسہ منعقد کر رہے ہیں ۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو انتہائی کامیاب کرے اور شاملین کو روحانی برکات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اچھائی ، نیکی اور پرہیز گاری میں بڑھاتا چلا جائے ۔

جیسا کہ میں نے جرمنی کے جلسہ میں بتایا تھا کہ جوبرکات اور رحمتیں ہم نے حضرت مسیح موعود ؑکے ساتھ وفاداری کا عہد کرتے ہوئے حاصل کی ہیں اُن میں سے ایک جلسہ سالانہ ہے۔ جو کہ ہمیں اپنے آپ کو روحانی ، اخلاقی اور ذہنی صلاحیتوں کو جلابخشنے اور خدا تعالیٰ کے قرب کو حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔

یہ ہمیں ہمارے دلوں کو پاک کرنے میں بھی مدد دیتا ہے تاکہ ہم اس قابل ہو سکیں کہ ہم اپنی ذمہ داریاں جو کہ دوسروں کے لیے ہیںپوری کر سکیں اور اس مقصد کو حاصل کر سکیں جس کے لیے حضرت مسیح موعود ؑنے جلسہ سالانہ قائم کیا ۔

اس لیے ہر کوئی جو کہ اس جلسہ میں حصہ لے رہا ہے اس چیز کو یقینی بنائے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گا ۔ان تین دنوں میں دنیا کی محبت آپ کے دلوں میں جگہ نہ پائے بلکہ آپ کو جلسہ کے مثبت ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اللہ کی یاد میں محو اور مگن رہیں اور اپنی روحانی اور اخلاقی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کریں ۔آپ کو اپنے شکوے اور ایک دوسرے سے بے گانگی کو ہم آہنگی میں بدلنا چاہیے اور فضول اور بے کار باتوں کو چھوڑ دینا چاہیے۔

یاد رکھیں جلسہ میں شامل ہونا بے کار ہے اگر حضرت مسیح موعودؑ سے کیا گیا عہدِ بیعت ،اللہ اور آنحضور ﷺ سے محبت آپ کے دلوں میں دنیا کی محبت سے زیادہ نہ ہو ۔اور آپ اپنی زندگیوں کو اللہ اور رسول ﷺ کی ہدایات اور احکام کے مطابق نہیں گزارتے ۔

جب ایک انسان اللہ سے سچی محبت کے ساتھ صحیح تعلق قائم کرتا ہے اور اپنے خالق حقیقی کو کسی بھی حالت میں نہیں بھولتا تو پھر اللہ تعالیٰ بھی اسے نہیں چھوڑتا اور یہی حضرت مسیح موعود ؑ ہم سے توقع رکھتے ہیں ۔ہم میں سے سب کو کوشش اور دعا کرنی چاہیے کہ ہم اس حالت کو پہنچ جائیں ۔جب ہم ایسا کریں گے تو اللہ ہمیں یاد رکھے گا جیسا کہ وہ فرماتا ہے اذکراللّٰہ یذکرکم اللہ کو یاد رکھو وہ بھی تمہیں یاد رکھے گا ۔خوش قسمت ہیں وہ جن کو اللہ یاد رکھتا ہے اور وہ اُن پراپنی بے شمار رحمتیں نازل کرتا ہے ۔کیونکہ وہ انہیں نہیں بھولتے اپنے روز مرہ کے کاموں کے درمیان ۔پس جو بھی مہمان اورڈیوٹی ممبران جلسہ میں شامل ہیں اللہ کے قرب کو پانے کے لیے اپنے آپ کو اللہ کے ذکر میں مصروف رکھیں ۔

میں آپ سے زور دے کر کہتا ہوں کہ اللہ کو یاد کریں اور نمازیں پڑھیں جلسہ کی کارروائی کے دوران ، وقفہ جات میں اور اسی طرح رات کے وقت میں بھی ۔یہ دعا کریں کہ اے اللہ! ہم جلسہ میں شامل ہو رہے ہیںجو کہ تیری خاص مدد ،علم اور نیک ارادے سے قائم ہوا ہے ہم اس جلسہ میں تیری خوشنودی اور تیری یاد کو بڑھانے کے لیے شامل ہو رہے ہیں تاکہ تیرا قرب حاصل ہو۔ہمیں وہ تمام رحمتیں عطا فرماجو کہ تو نے اس جلسہ کو عطا کی ہیں ۔اور ہم میں وہ پاک تبدیلی پیدا فرما جس کی تو خواہش رکھتا ہے ۔جس کے لیے تو نے آنحضور ﷺ کے سچے غلام کو اس دنیا میں بھیجا تاکہ ہم سچے دل سے اس کی بیعت کر سکیں ۔

آخر میں یہ یاد رکھیں کہ ہر احمدی کے چہرہ کے پیچھے احمدیت کا چہرہ ہے ۔حضرت مسیح موعود ؑ کا چہرہ ہے اور اسلام کا چہرہ ہے ۔یہ ہر احمدی کا فرض ہے کہ ان تمام چیزوں کو پسند کرے اور ان کی حفاظت کرے ۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود ؑکی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ کے فضل سے آپ کا جلسہ سالانہ کامیاب ہو اور آپ کو شرائط بیعت کو پورا کرنے کی توفیق دے ۔

اللہ کرے کہ آپ سب خلافت احمدیہ سے سچی وفا کرنے والے ہوںاور اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں سچی تبدیلی لائے تاکہ آپ نیکی ، راست بازی ،اسلام اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوں ۔اللہ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے ۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفۃالمسیح الخامس

جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے والوں کے ازدیاد ایمان کے لیے درج ذیل موضوعات پرعلمی تقاریر کا اہتمام کیا گیا یہ تقاریر اُردو زُبان اور بھاشا ملائیو میں کی گئیں۔

آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم، حب الوطن من الایمان، نظام جماعت اور ہماری ذمّہ داریاں،اسلام،ایک احمدی کا کردار۔

الحمد للہ تمام مقررین نے اپنے اپنے عناوین کے ساتھ بھرپور انصاف کیااور حاضرین کی علمی تشنگی کو دُور کرنے کی بھرپور کوشش کی۔اس موقع پر حاضرین جلسہ نے اپنے زبردست نعروں کے ساتھ مقررین کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس جلسہ سالانہ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی تھی کہ جلسہ کے تینوں دن ملائیشین پولیس کے نمائندگان باقاعدگی کے ساتھ جلسہ سالانہ کی کارروائی میں شامل ہوتے رہے اور جماعت سے متعلق ایک انتہائی اچھا تاثر لے کر گئے۔ اس ضمن میں جلسہ سالانہ کی مناسبت سے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس کے ذریعہ ہمیں خاموش تبلیغ کا ایک بہترین موقع میّسر آیا۔اسی طرح اہلِ تشیع کی طرف سے پانچ افراد ہمارے جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے اور اُنہوں نے بھی اس جلسہ کی برکات سے حصّہ پایا۔

روحانی فیوض کے حامل اس جلسہ سالانہ کا اختتام مؤرخہ 15ستمبر بروز اتوار اجتماعی دُعا سے ہوا جو مکرم ومحترم شریف الدین صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ مسلمہ ملائیشیا نے کروائی۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس جلسہ سالانہ کی روحانی برکات سے ہمیشہ نوازتا چلا جائے ۔آمین

(رپورٹ: فواد احمد ناصر ،مربیّ سلسلہ ،روانگ ملائیشیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button