از مرکزتازہ ترین

حضرت خلیفۃ المسیح الخامسSaint-Prix (مسجد مبارک فرانس)میں رونق افروز ہو گئے

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

جلسہ سالانہ فرانس کے کامیاب انعقاد کے بعد ’بیت العطاء‘ سے روانگی اور Saint Prix میں ورودِ مسعود

(مسجد مبارک، Saint-Prix فرانس: 07؍ اکتوبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج نماز فجر حضور نے حسب معمول پونے سات بجے صبح بیت العطاء کے ہال میں آ کر پڑھائی اور نماز کے بعد واپس قیام گاہ میں تشریف لے گئے ۔ نماز کے بعد درس القرآن ہوا۔

’بیت العطاء‘ سے روانگی اور Saint-Prix میں ورودِ مسعود: آج حضور نے بیت العطاء فرانس سے جماعت احمدیہ فرانس کے مرکزی مشن ہاؤس اور اس ملحقہ مسجد مبارک واقع Saint-Prix میں منتقل ہونا تھا۔ اس کے لیے قافلے کی تیاری مکمل ہونے پر سوا گیارہ بجے کے بعد حضور پُر نور قیام گاہ سے باہر تشریف لائے۔ روانگی سے قبل حضورِ انور نے اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد قافلہ Saint-Prix کے لیے جو پیرس کے مضافات میں ہے روانہ ہوا۔ بیت العطاء سے مسجد مبارک کا فاصلہ 60 کلو میٹر کے قریب ہے۔ Saint-Prix نامی قصبہ جس میں مرکزی مشن ہاؤس واقع ہے مشہورِ زمانہ ایفل ٹاور(Eiffel Tower) سے کہ جسے شہر کا وسط بھی کہا جا سکتا ہے 27 کلومیٹرہے۔ حضور کا قافلہ قریباً ایک گھنٹے کے بعد سوا بارہ بجے مرکزی مشن ہاؤس کے صدر دروازے سے اندر داخل ہوا تو حضور کی آمد کے منتظر ایک سو کے قریب مردو خواتین نے حضورِ انور ایّدہ اللہ اور حضرت سیدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ مدّ ظلّہا العالی کو خوش آمدید کہا۔ وہاں پر موجود بچیوں کا ایک گروپ اس موقع پر اردو اور پنجابی میں خوش مقدمی گیت اور ترانے گا رہا تھا۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے موٹر سے اترنے پر صدر حلقہ مسجد مبارک محترم ظفر اقبال صاحب اور مبلغ انچارج فرانس محترم نصیر احمد شاہد صاحب نے آگے بڑھ کر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خوش آمدید کہنے کی سعادت پائی۔ عزیزم فرید احمد (واقفِ نو) نے اپنے پیارے آقا اورعزیزہ آشا منصور (واقفۂ نو) نے حضرت سیدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ مدّ ظلّہا العالی کی خدمت میں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ اس دوران بچیوں کا گروپ مسلسل ترانے گاتا رہا۔ حضورپُر نور استقبال کے لیے آنے والے مرد و خواتین اور بچوں کو ’السلام علیکم‘ کی دعا دے کر قیام گاہ میں تشریف لے گئے۔

Saint-Prix یعنی مرکزی مشن ہاؤس میں حضورِ انور کی مصروفیات چند روز تک جاری رہیں گی۔ اس دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز پیرس میں ایک اہم میٹنگ کو بھی سرفراز فرمائیں گے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button