نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 10؍جولائی 2019ءکونماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک(اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر-1مکرمہ خورشید بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری نصیر احمد صاحب(گھٹیالیاں۔حال یوکے) -2مکرمہ غزالہ رحمٰن صاحبہ اہلیہ مکرم خلیل الرحمٰن صاحب (نارتھ لندن)کی نمازِ جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرمہ خورشید بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری نصیر احمد صاحب(گھٹیالیاں۔حال یوکے)

5جولائی 2019ءکو 82 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَآپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت چوہدری کرم دین کاہلوں صاحب کی پوتی اور حضرت چوہدری غلام احمد صاحب کی بہو تھیں۔صوم وصلوٰۃ کی پابند ، تہجد گزار ، قرآن کریم کی تلاوت میں باقاعدہ ،ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی ایک ہمدرد اورمخلص بزرگ خاتون تھیں۔خلافت سے والہانہ عشق تھا۔چندہ جات کی ادائیگی میں بڑی مستعد اورتمام مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔1986ء میں بیٹے کے اسیر راہ مولیٰ ہونے اور 2000ء میں سانحہ ٔگھٹیالیاں کے دوران شوہر کوگولی لگنے پر بڑی بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کیا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔آپ مکرم کلیم اللہ انجم صاحب (معاون صدر انصار اللہ یوکے )کی والدہ تھیں۔

-2مکرمہ غزالہ رحمٰن صاحبہ اہلیہ مکرم خلیل الرحمٰن صاحب (نارتھ لندن)

8جولائی2019ءکو64سال کی عمر میں وفات پا گئیں پاگئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت شیخ مشتاق حسین صاحب کی پوتی، مکرم شیخ محمد اسلم صاحب کی بیٹی اور مکرم شیخ بشیر احمد صاحب(سابق ا میر جماعت لاہور)کی بھتیجی تھیں۔1991ء میں پاکستان سے یوکے آئیں اور نیوہیم میں رہائش اختیار کی جہاں 19سال تک مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحومہ انتہائی نیک ، صوم و صلوۃ کی پابند ، چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ اور ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ایک نیک اورمخلص خاتون تھیں۔سینکڑوں بچوں کو قرآن کریم ناظرہ پڑھایا۔ ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کیا کرتی تھیں۔ خلافت سے والہانہ عشق اور محبت کا تعلق تھا۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1مکر م مولوی عبد الرشید ضیاء صاحب ابن مکرم غلام احمد شاہ صاحب(مربی سلسلہ۔کشمیر )

18جون 2019ء کو72 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کو 1971ء سے 2018ءتک 47سال خدمت کی توفیق ملی۔اس عرصہ میں مرحوم نے یوپی، بہار ،دہلی ، بھدرواہ اور جموں وکشمیر میں ایک کامیاب مبلغ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ نظارت بیت المال آمد کے تحت جموں وکشمیر میں بطور نگران مالی امور اور آخری سالوں میں بطور موبائل مربی دعوت الی اللہ خدمت بجالاتے رہے ۔ اخبارات ورسائل میں مخالفین کے اعتراضات کے جواب بھی شائع کرواتے تھے۔ 1989ء میں آپ کو صد سالہ جشن تشکر کے موقعہ پر جموں میں ڈوگری زبان میں قرآن کریم کی منتخب آیات، احادیث اور ملفوظات کا ترجمہ کروانے کی بھی توفیق ملی۔ مرحوم خوش خلق ، ملنساراور صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

-2مکر مہ شمیم نصرت احمد صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد صاحب (پورٹ لینڈ۔امریکہ)

20مئی 2019ءکو74سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کو1974ءسے1976ء تک احمدیہ سکول Salaga(گھانا) میں بطور وائس پرنسپل خدمت کی توفیق ملی ۔بعدازاں 8سال نائیجیریا کے پبلک سکول میں اسلامیات کا مضمون پڑھایا۔پاکستان واپس آنے کے بعد 1991ء سے 1994ء تک بطور سیکرٹری واقفات نو حلقہ دارالذکر لاہور خدمت بجالاتی رہیں۔ 1995ء میں آپ امریکہ منتقل ہوگئیں اور وہاں دس سال بطور صدر لجنہ پورٹ لینڈ خدمت کی توفیق پائی ۔آپ کو 2004ء میں اپنے خاوند کے ہمراہ حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی ۔ قرآن کریم کی تلاوت بہت شوق سے کیا کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

-3مکر م ایم اے محمد صاحب (کالیکٹ ۔کیرالہ)

19جون 2019ءکو87 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ 1964ء میں بیعت کرکے سلسلہ عالیہ احمدیہ میں داخل ہوئے تھے ۔مرحوم نے لمبا عرصہ جماعت کے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ 2006ءتک کوڈیا تھور جماعت کے صدر رہے۔ اسی طرح جماعت کالیکٹ میں بطور زونل امیر وامیر جماعت کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی ۔ ضلعی قاضی سلسلہ بھی رہے ۔جماعت اور خلافت سے اخلاص کا گہرا تعلق تھا۔ حضور انور جب 2008ء میں کیرلہ تشریف لے گئے تو کالیکٹ میں انہیں کی کوٹھی میں قیام فرمایا۔مرحوم پنجوقتہ نمازوں کا التزام کرنے کے ساتھ ساتھ تہجد میں باقاعدہ ، غریب پرور، بہت نرم مزاج ، ملنسار اور ہر دلعزیز انسان تھے ۔ مالی حالت بہت اچھی تھی اس لیے کیرالہ میں تعمیر ہونے والی بہت سی مساجد کے لیے بڑھ چڑھ کر مالی قربانی کی توفیق پائی ۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیویاں اورچار بچے شامل ہیں ۔

-4مکر م شیخ عبد الستار صاحب (گلی نمبر 7 ۔محلہ مصطفیٰ آباد ضلع فیصل آباد)

23اپریل 2019ء کو82 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کا مقامی جماعت سے مثالی تعاون تھا۔ ہمیشہ جماعتی کاموں میں پیش پیش رہتے ۔ نماز باجماعت کے پابند، دعا گو ، غریبوں کی خبر گیری کرنے والے ایک مخلص باوفاانسان تھے۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور بڑے نڈر داعی الی اللہ تھے۔

چندہ جات میں باقاعدہ اور ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ حضورانور کا خطبہ باقاعدگی سے سنتے تھے ۔ اپنے بیٹے مکرم عبدا لوحید صاحب کی شہادت کو بہت صبر اور حوصلہ کے ساتھ برداشت کیا ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیںاپنےپیاروںکےقرب میںجگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button