دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (سترہواں روز، جمعۃ المبارک 11؍ اکتوبر2019ء)

مسجد مہدی کا باضابطہ افتتاح، احبابِ جماعت سے ملاقات، دو صحافیوں سے گفتگو

(سٹراس برگ، فرانس، 11؍ اکتوبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا سترہواں جبکہ دورۂ فرانس کا دسواں روز تھا۔ حضورِ انور نے آج نماز فجر صبح ساڑھے چھ بجے مسجد مہدی میں آ کر پڑھائی۔

آج کا دن موسم کے اعتبار سے قدرے بہتر رہا اور کئ روز کے بعد پورا دن سورج نے ساتھ دیا جس سے جمعے کے انتظامات کرنے میں خدام کو سہولت میسر رہی ۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مہدی کا باضابطہ افتتاح فرماتے ہوئے نمازِ جمعہ سے قبل اس کی نقاب کشائی کروائی اور پھر یہاں جمعہ پڑھایا۔ اس کی بابت تفصیلی خبر الگ سے شائع کی جا چکی ہے۔

آج سہہ پر چار بجے دو جرنلسٹ حضورِ انور سے ملنے کے لئے مشن ہاؤس آئے جن کو پہلے امیر جماعت فرانس مکرم اشفاق ربّانی صاحب نے مسجد مہدی اور اس سے ملحقہ کمپلیکس کا دورہ کروایا اور اس کی تفاصیل سے آگاہ کیا۔

سوا چار بجے دونوں جرنلسٹس کی ملاقات حضور انور سے ہوئی ۔ ان میں ایک کا تعلق ریڈیو فرانس بلیو سے تھا جبکہ دوسری خاتون جرنلسٹ Emilie Skarzypczak اخبار Daily DNA کی رپورٹر تھیں۔ یہ ملاقات ساڑھے چار بجے تک جاری رہی۔

شام پونے سات بجے حضور انور عام ملاقاتوں کے لیے ایک بار پھر اپنے دفتر میں تشریف لائے۔ آج 38 فیملیوں کے 96 افراد حضور کی ملاقات سے فیضیاب ہوئے ۔ ملاقات سے فراغت کے بعد حضور انور نے پونے نو بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

کل مسجد مہدی کے افتتاح کی خوشی میں عصرانہ (ریسپشن) ہوگا جس میں ان شاء اللہ حضور انور شرکت فرمایئں گے۔ اس پروگرام کے لیے شہر کی سماجی ثقافتی اور سیاسی شخصیت کو مدعو کیا گیا ہے۔

احباب جماعت امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button