دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

امام جماعت احمدیہ عالمگیر دورۂ یورپ کے تیسرے مرحلے پر جرمنی کے شہر فرانکفرٹ میں رونق افروز ہو گئے

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

حضورِ انور فرانس کے کامیاب دورے کے بعد دورۂ یورپ کے تیسرے مرحلے پر جرمنی میں تشریف لے آئے

سٹراسبرگ سے روانگی اور ’بیت السبوح‘ جرمنی میں ورود مسعود

سینکڑوں عشاق کی طرف سے فرانس میں اپنے پیارے امام کو الوداع اور جرمنی میں والہانہ استقبال

بیت السبوح فرانکفرٹ میں ورودِ مسعود

(13؍ اکتوبر 2019ء،فرانکفرٹ جرمنی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرانس کے کامیاب دورے کے بعد ’بیت السبوح‘ فرانکفرٹ بخیروعافیت رونق افروز ہو گئے۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد مہدی سٹراس برگ کے احاطے میں پودا لگا رہے ہیں

حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آج ساڑھے گیارہ بجے کے قریب اپنی رہائش گاہ سے مسجد مہدی کے ہال میں رونق افروز ہوئے جہاں حضورِ انور کے دورۂ فرانس کے دوران ڈیوٹی کی سعادت پانے والے خدام ایک گروپ کی صورت میں موجود تھے۔ اس موقع پر ان خدام کی اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو ہوئی۔ بعد ازاں حضورِ انور مسجد کے صحن میں تشریف لائے اور بطور یادگارسیب کا ایک پودا لگایا۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت مبلغ سلسلہ سٹراس برگ سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ اس درخت کو پہلے سال جتنے پھل لگیں گے آپ نے اتنی بیعتیں کروانی ہیں۔

سٹراس برگ فرانس سے روانگی کے وقت اجتماعی دعا

بعد ازاں حضور پُر نور اپنی موٹر کے پاس تشریف لائے جہاں اجتماعی دعا ہوئی اور پونے بارہ بجے کے قریب قافلہ ’بیت السبوح‘ فرانکفرٹ کے لیے روانہ ہو گیا۔ اس موقعے پر فرانس بھر سے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد احمدی مرد و خواتین اور بچے موجود تھے جنہوں نے اشک بار آنکھوں سے اپنے محبوب آقا کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ بچیاں الوداعی ترانہ پڑھ رہی تھیں

جاتے ہو میری جان خدا حافظ و ناصر

حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قافلے کو جماعتِ احمدیہ فرانس کے ایک وفد نے جس میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ فرانس اورمکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فرانس بھی شامل تھے پینتیس کلومیٹر تک escort کیا اور فرانس کے شہر Roeschwoog تک جو موٹروے A30 پر جرمنی کے شہر Baden-Baden کے قریب ہے ساتھ رہے جہاں پر قافلے نے کچھ دیر قیام کیا۔ حضورِ انور کے موٹرسے باہر تشریف لانے پر فرانس کے ممبرانِ وفد نے اپنے پیارے امام سے شرفِ مصافحہ پایا۔ یہاں پرحضورِانور کے قافلے کو خوش آمدید کہنے کے لیے جرمنی سے مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ، مکرم مبلغ انچارج صاحب، مکرم جنرل سیکرٹری صاحب اور مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ و دیگر احباب پرمشتمل ایک وفد موجود تھا جنہوں نے یہاں سے فرانکفرٹ تک حضورِ انور کے قافلے کو escort کیا۔

جرمنی میں ورودِ مسعود اور ’بیت السبوح‘ میں والہانہ استقبال

قریباً سوا تین گھنٹے کا سفر طَے کرنے کے بعد امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ جماعت احمدیہ جرمنی کے مرکز ’بیت السبوح‘ میں مقامی وقت کے مطابق ٹھیک تین بجے پہنچا۔ جس پرمکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب (امیر جماعت احمدیہ جرمنی)، مکرم خواجہ مبشر احمد صاحب (مقامی امیرجماعت) اور مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب (مقامی مبلّغ سلسلہ) نے آگے بڑھ کر حضورِ انور کا استقبال کیا اور سے شرفِ مصافحہ حاصل کیا۔

بیت السبوح فرانکفرٹ میں ورودِ مسعود

بیت السبوح میں اپنے محبوب آقا کے استقبال کے لیے دو ہزار کے قریب احباب و خواتین موجود تھے۔ حضورِ انورکی تشریف آوری پر مرد احباب نے پہلے تین مرتبہ اَھْلاً وَ سَھْلاً وَّ مَرْحَبًا کہا اور پھر اسلامی نعروں سے حضورِ انور کا استقبال کیا۔ اس پُر مسرّت موقعے پراحمدی بچوں اور بچیوں نے الگ الگ گروپس میں ایک منفرد اندازمیں بیک وقت عربی، اردو، جرمن اور پنجابی زبانوں میں خیر مقدمی اور دعائیہ ترانے پڑھ کر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور حضرت سیّدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ حرم محترم حضرت خلیفۃ المسیح الخامس کا استقبال کیا۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی قیام گاہ میں تشریف لے گئے اور پھر ساڑھے تین بجے مسجد بیت السبوح میں تشریف لا کر نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

حضورِ انور کے دورۂ جرمنی کے دوران دیگر مصروفیات کے علاوہ سو مساجد کی تعمیر کے منصوبے کے تحت پایۂ تکمیل کو پہنچنے والی تین مساجد کا ویز بادن(Wiesbaden)، فُلڈا(Fulda) اورمہدی آباد(ہمبرگ) میں افتتاح بھی شامل ہے۔

اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین

[تفصیلی رپورٹس کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے]

(رپورٹ عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء اور منصور احمد مبشر، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button