دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (بائیسواں روز، بدھ 16؍اکتوبر2019ء)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

جماعت احمدیہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے قاضیانِ سلسلہ کی حضورِ انور سے ملاقات، خوش نصیب بچیوں اور بچوں کی تقاریبِ آمین، احبابِ جماعت کی ملاقاتیں

(فرانکفرٹ جرمنی، 16؍ اکتوبر 2019، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورۂ یورپ کا بائیسواں اوردورۂ جرمنی کا چوتھا روزتھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزصبح چھے بج کر پچاس منٹ پر مسجد بیت السبوح میں تشریف لائے اور نمازِ فجر پڑھائی۔ اس کے بعد درس القرآن ہوا۔

آج حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے جماعت احمدیہ جرمنی میں اعزازی طور پر خدمت سرانجام دینے والے قاضیانِ سلسلہ کی ملاقات تھی جو 11 بجے سے تقریباً سوا بارہ بجے کے دوران ہوئی۔ جرمنی میں قاضیانِ سلسلہ کی تعداد 41 ہے۔ ملاقات کے اختتام پر گروپ فوٹوہوا۔

بعد ازاں حضور پُر نور کے دفتر میں تشریف لانے پر فیملی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا جو سوا دو بجے تک جاری رہا۔ آج صبح کے سیشن میں 29 فیملیوں کے95 افراد اور14انفرادی افراد نے اپنے آقا سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں جرمنی کے 28 شہروں کے علاوہ پاکستان، تاجکستان، لاٹویا، بنگلہ دیش اور بعض عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی فیملیاں شامل تھیں ۔

قرآنِ کریم کا دَور مکمل کرنے والی بچیوں کی تقریبِ آمین

(تصویربشکریہ شعبہ سمعی بصری جماعت احمدیہ جرمنی)

ملاقات سے فارغ ہو کر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد کے اس حصے میں تشریف لے گئے جہاں خواتین نماز ادا کرتی ہیں اور وہاں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمّل کرنے والی بچیوں کی تقریب آمین میں رونق افروز ہوئے۔ درج ذیل 35 خوش قسمت بچیوں نے حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو قرآن کریم کا کچھ حصہ سنایا جس کے بعد حضور نے دعا کروائی۔

یہاں سے حضور مسجد کے مردانہ حصے میں تشریف لائے اور اڑھائی بجے سے کچھ بعد نماز ظہر و عصر پڑھائیں۔ تین بجے کے قریب حضورِ انور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

فیملی ملاقات کا سلسلہ شام چھے بجے ایک مرتبہ پھر شروع ہوا اورسوا آٹھ بجے تک 34 فیملیوں کے 95 افراد اوران کے علاوہ 18 دوستوں نے انفرادی طور پر حضورِ انور سے ملاقات کی سعادت پائی۔ ان کا تعلق جرمنی کے مختلف شہروں سے تھا۔ علاوہ ازیں ملاقات کی سعادت حاصل کرنے والوں میں سے تین دوستوں کا تعلق عرب ممالک، ایک کا پاکستان اور ایک کا کینڈا سے تھا۔

قرآنِ کریم کا دَور مکمل کرنے والے بچوں کی تقریبِ آمین

(تصویربشکریہ شعبہ سمعی بصری جماعت احمدیہ جرمنی)

ملاقات کے اختتام پر حضورِ انورمسجد میں تشریف لائے۔ اس دوران اذان ہو چکی تھی۔ حضورِ انور کے تشریف لانے پر قرآنِ کریم کا پہلا دَور مکمل کرنے والے بچوں کی تقریبِ آمین شروع ہوئی۔ درج ذیل تفصیل کے مطابق 35 خوش قسمت بچوں نے حضورِ انور کو قرآن کریم کا کچھ حصہ سنانے کی سعادت حاصل کی جس کے آخر پر دعا ہوئی ۔

ساڑھے آٹھ بجے شب حضور نے نماز مغرب و عشاء پڑھائیں اورقیام گاہ پر تشریف لے گئے ۔

آج سارا دن فرانکفرٹ میں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوتی رہی لیکن نمازوں میں حاضری پراثرانداز نہ ہو سکی۔ خدا کے فضل سے نمازوں کے دوران مساجد کے دونوں حصوں کے علاوہ ملحقہ ہال اور بیت السبوح کے احاطہ میں لگے چھوٹے بڑے خیمہ جات نماز ادا کرنے والوں سے پُر تھے۔

[مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے]

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button