مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضور انور کی مصروفیات کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مورخہ14؍تا 16؍ اکتوبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايّدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امور کي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…14؍ اکتوبر 2019ءبروز سوموار(فرانکفرٹ جرمنی): آج صبح حضور انور نے دفتری امور سرانجام دیے۔ سوا گیارہ سے دوپہر ایک بجے تک جرمنی کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے احبابِ جماعت نے اپنے پیارے امام سے انفرادی وفیملی ملاقاتوں کا شرف پایا۔

٭…آج شام صوبہ ہیسن (Hessen) کے دارالحکومت ویز باڈن (Wiesbaden) میں نئی تعمیر ہونے والی مسجد مبارک کا افتتاح تھا۔ حضورِ انور اس تقریب میں شمولیت کے لیے پانچ بجے کے قریب بیت السبوح سے روانہ ہوئے اور مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ بعد ازاں مسجد کی عمارت کا معائنہ فرمایا اور ترانہ پڑھنے والی بچیوں اور بچوں کو چاکلیٹ سے نوازا۔ حضورِ انور نے مسجد مبارک کے احاطے میں بادام کا ایک درخت بطور یادگار بھی لگایا۔

بعد ازاں حضورِ انور وہاں سے چند کلومیٹر دور شہر کے وسط میں واقع کُورہاؤس (Kurhaus) کی عمارت میں تشریف لے گئے جہاں مسجد مبارک کے افتتاح کی خوشی میں ایک نشست کا اہتمام تھا۔ اس نشست میں 370 مہمانوں سمیت ساڑھے چار سو کے قریب احباب نے شرکت کی۔ (مسجد مبارک کے افتتاح کی تفصیلی رپورٹ اس شمارے کے صفحہ اوّل پر ملاحظہ فرمائیں)

تقریب میں شرکت کے بعد مقامی پریس کے بعض نمائندگان نے حضورِ انور سے ملاقات کی جس کے بعد رات نو بجے کے قریب کُور ہاؤس(Kurhaus) سے قافلہ بیت السبوح کے لیے روانہ ہوا۔

٭…15؍ اکتوبر 2019ءبروز منگل : حضورِ انور دوپہر بارہ بجے فیملی ملاقاتوں کے لیے دفتر میں رونق افروز ہوئے۔بعد ازاں دوپہر ڈیڑھ بجے کے بعد جامعہ احمدیہ جرمنی تشریف لے گئے۔ وہاں پہنچنے پر پہلے نماز ظہر و عصر پڑھانے کے لیے جامعہ احمدیہ سے ملحق مسجد بیت العزیز میں تشریف لے گئے۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور جامعہ تشریف لے آئے۔جامعہ احمدیہ کو برکت بخشنے کے بعد حضورِ انور شام پانچ بجے کے قریب واپس بیت السبوح کے لیے روانہ ہو گئے۔ (حضورِ انور کے دورۂ جامعہ احمدیہ جرمنی پر تفصیلی رپورٹ اس شمارے میں ملاحظہ فرمائیں)

٭…16؍اکتوبر2019ءبروزبدھ: آج جماعت احمدیہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے قاضیانِ سلسلہ کی حضورِ انور سے ملاقات تھی جو گیارہ بجے سے سوا بارہ بجے تک جاری رہی۔ جرمنی میں اس وقت 41 قاضیانِ سلسلہ اعزازی طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر گروپ فوٹو ہوا۔

بعد ازاں سوا بارہ سے سوا دو بجے کے درمیان فیملی اور انفرادی ملاقات کا سیشن ہوا۔ ملاقات سے فارغ ہو کر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالی مسجد کے حصہ مستورات میں تشریف لے گئے اور 35 بچیوں کی تقریبِ آمین کو سرفراز فرمایا۔ تقریب کے اختتام پر حضورِ انور نے دعا کروائی۔ (ان خوش قسمت بچیوں کے کوائف درج ذیل ہیں)

شام چھے بجے ایک مرتبہ پھر فیملی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا جو سوا آٹھ بجے رات تک جاری رہا۔

ازاں بعد حضورِ انور مسجد کے مردانہ ہال میں رونق افروز ہوئے اور قرآنِ کریم کا پہلا دَور ختم کرنے والے 35؍ بچوں کی تقریبِ آمین کو سرفراز فرمایا۔ تقریب کے اختتام پر حضورِ انور نے دعا کروائی۔ (ان خوش قسمت بچوں کے کوائف درج ذیل ہیں)

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

اس عرصہ کے دوران سوموارکو جرمنی کے 29 شہروں، پاکستان اور لائبیریا سے تعلق رکھنے والے 151؍ افراد، منگل کو جرمنی کے 16 شہروں اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے 76 افراد جبکہ بدھ کے روز جرمنی کے 28 شہروں نیز پاکستان، تاجکستان، لاٹویا، بنگلہ دیش اور بعض عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے 222 افراد حضور انورایّدہ اللہ کی ملاقات سے فیض یاب ہوئے۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ
ستمبر، اکتوبر 2019ء)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ہمیشہ حامی وناصر ہو اور روح القدس سے تائیدو نصرت فرماتا رہے ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جس طرح اسلام احمدیت کی ترقی و اشاعت کے لئے دن رات مصروف عمل رہتے ہیں اللہ کرے کہ تمام احمدیوں میں بھی یہ جذبہ ااور لگن پیدا ہوجائے اور ہم سب اپنے پیارے امام کے سلاطین نصیر بن جائیں تاکہ اسلام کا پر امن پیغام جلد جلد دنیا میں پھیل جائے ۔ جس طرح حضور انور اپنے گوناں گوں مصروفیات میں سے وقت نکال کر احباب جماعت سے ملاقات کرتے ہیں ۔مختلف تقریبات میں شامل ہوکر اُن کی حوصلہ افزائی فرماتے ہیں اس سے بھی احباب جماعت کو سبق سیکھنا چاہئے اور آپس پیارو محبت اور یگانگت سے رہنا چاہئے اور نیکی و تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے رہنا چاہئے ۔ اللہ کرے کہ ہمارے اندر ایسی پاک تبدیلیاں پیدا ہوں جنہیں دیکھ کر عرش کا خدا ہم راضی اور خوش ہوجائے ۔ آمین یا رب العالمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button