دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (تیسواں روز، جمعرات 24؍ اکتوبر2019ء)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

احبابِ جماعت کی حضورِ انور سے ملاقات، نمازِ جنازہ حاضر کی ادائیگی

(ہامبرگ جرمنی،24؍ اکتوبر2019، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورۂ یورپ کا تیسواں اوردورۂ جرمنی کا بارھواں روزتھا۔ حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزصبح نے سات بجے بیت البصیرمیں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی جس کے بعد درس القرآن ہوا۔

نمازِ ظہر سے قبل حضورِ انور دفتری امور میں مصروف رہے۔ دو بجے دوپہر مسجد سے باہر محترمہ کلثوم اختر صاحبہ زوجہ مکرم بشیر احمد صآحب آف رحیم یارخان کا نمازِ جنازہ حاضر پڑھایا۔ موصوفہ جواپنے بیٹے کے پاس Pinneberg میں مقیم تھیں مورخہ 17؍ اکتوبر کو86؍ سال کی عمر میں وفات پا گئی تھیں۔ انّا للہ وانا الیہ راجعون۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد حضور انور نے نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

آج شام چھے بجے ملاقات کا سیشن شروع ہوا۔ رات 8 بجے تک جاری رہنے والے اس سیشن میں 35 فیملیوں کے 114 افراد جبکہ 11 افراد نے حضورِ انور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ ان ملاقات کرنے والوں میں ربوہ پاکستان سے آنے والے ایک دوست بھی شامل تھے۔

آج شام نمازِ مغرب و عشاء کے بعد حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت موجودگی میں محترم صداقت احمد صاحب (مبلّغ انچارج جماعت احمدیہ جرمنی) نے چار نکاحوں کے اعلان کیے۔ حضورِ انور نے اعلاناتِ نکاح کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی اور فریقین کو شرفِ مصافحہ بخشا۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ کل ان شاء اللہ مسجد بیت البصیر کا افتتاح جمعۃ المبارک سے ہو گا۔ احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔

(رپورٹ:عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button