افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی مرکزی سالانہ علمی و تربیتی ریلی کا بابرکت انعقاد

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

الحمد للہ، مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کو اپنی مرکزی سالانہ علمی و تربیتی ریلی مورخہ 25 و 26؍ اکتوبر کو فری ٹاؤن کی مرکزی احمدیہ مسجد بیت السبوح میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

چونکہ اس سے قبل تمام ریجنز میں خدام و اطفال کے اجتماعات ریجنل سطح پر ہوچکے تھے اس لیے آنے والے خدام و اطفال میں اکثریت ان کی تھی جنہوں نے اپنے اپنے ریجنز میں ہونے والے اجتماعات اور مقابلہ جات میں اول، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کی تھیں۔

مورخہ 25؍ اکتوبر بروز جمعۃ المبارک کو تمام خدام و اطفال کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست ایم ٹی اے کے ذریعے سنوانے کا انتظام کیا گیا۔

نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد اجتماع کی افتتاحی تقریب کا باقاعدہ انعقاد مکرم منیر ابو بکر یوسف صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم صدر صاحب کی افتتاحی تقریر کے بعد اجتماعی دعا ہوئی جس کے بعد تعلیمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلہ جات میں خدام و اطفال کے الگ الگ درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئےجن میں تلاوت، نظم، اذان، قصیدہ، حفظ قرآن، حفظ قصیدہ، پیغام رسانی اور دینی معلومات وغیرہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔

دوسرے دن نماز تہجد باجماعت کا انتظام کیا گیا جس میں خدام و اطفال کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
دوسرے دن پہلےسیشن کا باقاعدہ آغاز دن 10بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ یہ سیشن تربیتی تھا۔ مقابلہ تلاوت و نظم میں اول آنے والے خدام نے اس سیشن میں تلاوت و نظم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ دوران سیشن درج ذیل عناوین پر انگریزی اور مقامی کریو زبان میں تقاریر پیش کی گئیں۔ بے حیائی کے نقصانات، نظام جماعت کی اطاعت اور سچائی۔

نمایاں کامیابی حاصل کرنےوالے خدام و اطفال کا مکرم امیر صاحب سیرالیون اور مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ سیرالیون کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم سعیدالرحمٰن صاحب، امیر و مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ مکرم عثمان عبداللہ بارے صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں خدام کو اپنی اصلاح اور خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے پوزیشن حاصل کرنے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم فرمائے اور دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد تمام خدام اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے۔

مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے فری ٹاؤن ریجن اول قرار پایا۔ مولوی سلیمان نگورا صاحب بہترین ریجنل قائد، بہترین خادم مصطفی آئی کروما(کینیما ریجن) اور بہترین طفل عبدل آر علی(میامبا ریجن)قرار پائے۔ کل حاضری 697رہی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں ان پروگراموں سے کماحقہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم خلیفۂ وقت کی توقعات پر پورا اترنے والے ہوں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button