افریقہ (رپورٹس)

تنزانیہ کے ریجن گئیٹا (Geita)میں ’مسجد محمود‘ کا افتتاح

(شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کو امسال گئیٹا ریجن کے ایک گاؤں Nyamwilolelwa میں مسجد کی تعمیرِ کی توفیق ملی۔ یہ گاؤں گئیٹا شہر سے تقریباً 50کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ اس گاؤں میں جماعت 2سال قبل قائم ہوئی جو اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے 390 نومبائعین پر مشتمل باقاعدہ ایک جماعت ہے۔

اس سال کے آغاز میں یہاں مسجد کی تعمیر کا آغاز ہوا اور نومبائعین مرد و خواتین نے خاص طور پر اس کی تعمیر اور وقارِ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہِ اگست میں مسجد کی عمارت کی تعمیر مکمل ہوئی ۔ اس مسجد میں 200سے زائد افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اس مسجد کا نام ‘مسجد محمود ’عطا فرمایا ہے۔

مورخہ 24؍اکتوبر 2019ء بروز جمعرات اس مسجد کے افتتاح کا پروگرام تھا۔

افتتاح کا پروگرام تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ مکرم یوسف مگلیکا صاحب (نگران ریجن)نے مہمانان کا تعارف کروایا۔ جس کے بعد تشریف لائے ہوئے سرکاری و مذہبی عہدیداران نے مختصرطور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چرچ کے نمائندہ نے کہا کہ میں جماعت کو اس مختصر عرصہ میں مسجد کی تعمیرپر بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ بلاشبہ امن کا پیغام ساری انسانیت کے لیے بہت ضروری پیغام ہےجس میں جماعت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ مقامی حکومتی انتظامیہ کے نمائندہ نے بھی جماعت کے امن کے پیغام کی تعریف کی۔ مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر و مشنری انچارج تنزانیہ )نے افتتاحی تقریر میں مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کی اور اسی طرح غیر از جماعت احباب کے لیے جماعت احمدیہ کا تعارف بھی کروایا نیز بتایا کہ اس مسجد کے دروازے تمام لوگوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

مجموعی طور پر اس پروگرام میں1160 احمدی و غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔ قریبی ریجن موانزہ سے ریجنل عہدیداران اور خدام کے علاوہ دیگر مبلغین کرام بھی اس بابرکت پروگرام میں شریک ہوئے۔ دعا کے بعد مسجد کے باہر تمام احباب کی اجتماعی تصویر بنائی گئی اور تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس جماعت کو ایمان و اخلاص میں مزید ترقی عطا فرمائے اور یہ مسجد ہمیشہ آباد رہے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button